Inquilab Logo

فلم ’میسینجرآف گاڈ‘کی ریلیزروکنے کیلئے رضااکیڈمی کوشاں

Updated: July 02, 2020, 10:17 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ایک وفد نے ڈان سنیما کے سی ای او سے ملاقات کرکے میمورنڈم دیا۔اس وقت ۱۶؍ پولیس اہلکار بھی موجود تھے

Raza Academy - Pic : Inquilab
وفد میں شامل افراد ڈان سنیما کے سی ای او محمود علی کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔

 امام الاولین والآخرین اور آپؐ کے خانوادہ کے حوالے سے بنائی گئی فلم ’میسینجرآف گاڈمحمد‘ کے تعلق سے صدرجمہوریہ ، وزیرداخلہ اور پولیس کمشنر   سے تحریری شکایت اور اس فلم کو کسی قیمت  ریلیز نہ کرنے کا رضا اکیڈمی کی جانب سے مطالبہ کرنے کے بعد بدھ کواس سلسلے میں ڈان سنیماکے بانی  اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) محمودعلی سےان کے دفتر میں ملاقات کی گئی۔ اس  دوران ممبئی سے جانے والے اور ولے پارلے کے۱۶؍  پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں محمد سعید نوری ،عمران دادانی اور ناظم خان نے نصف گھنٹے تک بات چیت کی۔ 
 محمد سعید نوری نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’محمود علی کو ایک میمورنڈم دیاگیا اور ان سے کہا گیا کہ کسی  بھی  قیمت پر یہ فلم نہ دکھائی جائے کیونکہ فلم دکھائے جانے پر مسلمانوں میں زبردست ناراضگی پیدا ہوگی اور کوئی  بھی مسلمان اسے گوارا نہیں کرے گا۔ اس پر محمودعلی نے یہ چونکانے والا انکشاف کیا کہ اب تک۱۳۰؍  افراد  یہ فلم دکھا رہے ہیں۔ اس پر شرکائے وفد نے ان سے کہاکہ یہ بہت غلط ہورہا ہے اور ہمیں اس کا علم نہیں تھالیکن آپ اس فلم کو دکھانےوالوں میں۱۳۱؍ویں کیوں بننا چاہ  رہے ہیں ۔کیا کوئی غلط اور ناپسندیدہ عمل دوسرے کے لئےجواز بن سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’جب پوسٹر میں شائع تصاویر کے بارے میں ان سے پوچھا گیاتو محمودعلی نے بتایا کہ خاتون کی تصویرسے حضورؐ کی والدہ ماجدہ  سیدہ آمنہؓ اور گود میں جو بچہ نظر آرہا  ہے اس سے مراد سرکارِ مدنی ہیں(نعوذ باللہ)ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا کہ بہت سے علماء ان کے ساتھ ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ مسلسل یہ تقاضا کررہے ہیں کہ اس فلم کو جلد ازجلد ریلیز کیجئے۔ اس فلم پر انہوں نے خطیر رقم صرف کی ہے۔
  شرکائے وفد نے ڈان فلم کے ذمہ دار سے یہ بھی کہا کہ یہ معاملہ حضوراکرمؐ کی ذات پاک سے جڑا ہوا  ہے اس لئے مالی نفع ونقصان سے کہیں زیادہ مسلمانوں کے جذبات اور حالات کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے تاکہ نظم ونسق کا مسئلہ نہ پیدا ہو اس لئے اسے ہرگز ریلیز نہ کریں۔ وفد میں محمد سعید نوری .عمران دادانی اور ناظم خان موجود تھے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK