کلیان کے اس بریج کو مرمت کیلئے بند کئے جانے سےشہریوں کو زبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے
خستہ حال فلائی اوور کی مرمت کےلئے اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این
کلیان شہر کے مشرق اور مغرب کو جوڑنے والا سب سے مصروف ترین راستہ والدھونی فلائی اوور مرمت کیلئے سنیچر سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئےبند کر دیا گیا ہے۔ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی )کے زیر اہتمام شروع ہونے والا مرمتی کام آئندہ ۱۰؍ جنوری ۲۰۲۶ تک جاری رہے گا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹریفک پولیس کے ڈپٹی کمشنر پنکج شرساٹ نے ایک اعلامیہ جاری کیا۔اس کے تحت والدھونی فلائی اوور کے مختلف حصوں کو جوڑنے والے کلیمپس کی تبدیلی اور سڑک پر نئی ڈامبرکی سڑک بچھانا اشد ضروری ہو چکا تھا۔ کام کی پیچیدگی کے باعث بریج پر سے گاڑیوں کا گزرنا خطرناک ثابت ہو سکتا تھا اسی لئے شاہ انجینئرز کمپنی کو کام سونپ کر ٹریفک مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مسافروں کے لئے متبادل راستے
ٹریفک جام کو روکنے کے لئے انتظامیہ نے شہر کا نیا ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔
۱)مشرقی کلیان سے آنے والی گاڑیاں اب سمراٹ چوک سے دائیں جانب مڑ کر شانتی نگر اور الہاس نگر کے طویل راستے سے گزریں گی۔
۲)الہاس نگر سے آنے والوں کو سمراٹ چوک پر ہی روک کر انہیں آنند دیگھے فلائی اوور کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
۳)مغربی کلیان کے مسافروں کو اب سبھاش چوک ،کرنک روڈ اور پریم آٹو سے ہوتے ہوئے شہاد فلائی اوور کا سہارا لینا پڑے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فلائی اوور کو ایک ایسے وقت میں بند کیا جارہا ہے جب گزشتہ ماہ ہی شہاد فلائی اوور بند رہنے کی وجہ سے لوگ پریشان تھے۔ اب میونسپل انتخابات کی آمد آمد ہے ایسے میں بریج بند رہنے سے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منصوبہ بندی کے فقدان کی سزا عام آدمی کو بھگتنا پڑ رہی ہے جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوگا بلکہ پیٹرول پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا۔