۱۸؍ سال میں رائل چیلنجرز بنگلور کی تا پہلی فتح سے سرشار بھیڑ نے گیٹ توڑ کر اسٹیڈیم میں گھسنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے حالات بے قابو ہوگئے
EPAPER
Updated: June 05, 2025, 4:59 AM IST | Bangalore
۱۸؍ سال میں رائل چیلنجرز بنگلور کی تا پہلی فتح سے سرشار بھیڑ نے گیٹ توڑ کر اسٹیڈیم میں گھسنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے حالات بے قابو ہوگئے
رائل چیلنجرز بنگلور کی تاریخی اور پہلی آئی پی ایل جیت کا جشن بدھ کے روز ایک المناک حادثے اور ماتم میں تبدیل ہو گیا ۔خبر لکھے جانے تک شہر کے ایم چیناسوامی اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑمچنے سے۱۱؍ افراد ہلاک اور ۳۳؍ زخمی ہو گئے۔مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ وزیر اعلیٰ سدادرمیا نے مہلوکین کی تعداد کی تصدیق کرتےہوئے حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے جبکہ نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ آر سی بی کی فتح سے سرشار شائقین کرکٹ نے چنا سوامی اسٹیڈیم کا گیٹ توڑ کر جشن میں شرکت کی کوشش کی جس کی وجہ سے حالات بے قابو ہوگئے۔
وزیراعلیٰ نے متاثرین کے خاندانوں کیلئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے اور حادثے کی جانچ کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی فتح کی پریڈ کو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا۔ اس حادثے نے جشن کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ مداحوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور سوشل میڈیا پر متاثرین کیلئے دعائیں اور تعزیت پیش کی ہیں۔
یہ واقعہ شہر کے مرکزی کاروباری ضلع کے وسط میں واقع اسٹیڈیم کے ایک گیٹ پر پیش آیا، جہاں ہزاروں پرجوش پرستار صبح سے ہی اپنی فاتح ٹیم اور آئی پی ایل ٹرافی کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب تھے۔کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار کی طرف سے ودھان سودھ میں اعزاز سے نوازے جانے کے بعد آر سی بی ٹیم کی طے شدہ موجودگی سے پہلے دوپہر تک ہجوم تیزی سے بڑھ گیا۔ پولیس کے مطابق صورتحال اس وقت قابو سے باہر ہو گئی جب بڑھتی ہوئی بھیڑ کے باوجود اسٹیڈیم کے گیٹ بند رہے، جس سے ایک داخلی دروازے کو شائقین نے توڑ دیا اور اندر داخل ہونے کی کوشش میں بھگدڑ مچ گئی۔ میٹرو اسٹیشن اور قریبی سڑکیں حامیوں کے بھاری ہجوم سے بھر جانے کی وجہ سے اسٹیڈیم کے اندر اور آس پاس گاڑیوں کی آمدورفت بھی رُک گئی تھی۔