Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۵ء: اہم واقعات جو سرخیوں میں رہے

Updated: June 05, 2025, 11:14 AM IST | Agency | Mumbai

بنگلور کے چمپئن بننے کے ساتھ ہی آئی پی ایل اختتام کو پہنچا جس میں کئی اچھی یادیں، اننگز، اوورس، فیلڈنگ کے لمحات دیکھنے کو ملے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

رائل چیلنجرز بنگلور نے ۱۸؍ سال کا انتظار ختم کرتے ہوئے پنجاب کنگز کو ۶؍ رن سے شکست دے کر انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی آئی پی ایل بھی اپنے اختتام کو پہنچا جس میں کئی اچھی یادیں، اننگز، اوورس، فیلڈنگ کے لمحات دیکھنے کو ملے  تاہم، اس دوران تنازعات نے بھی سرخیاں  حاصل کیں، جن میں ہربھجن سنگھ کے متنازع ریمارکس اور ایڈن گارڈنس میں پچ تنازع جیسے سنگین الزامات جیسے بال ٹیمپرنگ شامل ہیں۔ آئی پی ایل۲۰۲۵ء کے اختتام کے ساتھ، آئیے اس سال ٹی۲۰؍ ٹورنامنٹ سے متعلق تنازعات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
بال ٹیمپرنگ کے الزامات 
 چنئی سپر کنگز(سی ایس کے) بمقابلہ ممبئی انڈینس(ایم آئی)میچ کے دوران ایک وائرل ویڈیو میں سی ایس کے کے کپتان رتوراج گائیکواڑ اور بولر خلیل احمد کو مشکوک حالت میں دکھایا گیا، جہاں احمد کو بولنگ کرنے سے پہلے اپنی جیب میں کچھ ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بال ٹیمپرنگ کی قیاس آرائیوں کو ہوا دی، شائقین اس کھیل کے تعلق سے سوال اٹھا رہے ہیں۔ کوئی سرکاری کارروائی نہیں کی گئی اور مبینہ طور پر ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا۔
گوہاٹی میں شائقین کا تصادم 
 گوہاٹی میں راجستھان رائلزبمقابلہ کولکاتا نائٹ رائیڈرس  کے میچ کے دوران تماشائیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ ایک وائرل ویڈیو میں شائقین کو راجستھان کی اننگز کے دوران ایک تناؤ کے لمحے میں لڑتے ہوئے دیکھا گیا، ممکنہ طور پر ٹیم کی دشمنی کی وجہ سے۔ معاملے کو بڑھنے سے روکنے کیلئے  سیکوریٹی اہلکاروں نے مداخلت کی، لیکن اس واقعہ نے آئی پی ایل کے شائقین کی پرجوش اور بعض اوقات غیر مستحکم نوعیت کو اجاگر کیا۔
 ہربھجن سنگھ کا متنازع تبصرہ
 ممبئی انڈینس بمقابلہ سن رائزرس حیدرآباد میچ کے دوران سابق ہندوستانی اسپنر اور کمنٹیٹر ہربھجن سنگھ کو نسلی طور پر غیر حساس تبصرہ کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ہربھجن نے جوفرا آرچر کی کمزور بولنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا موازنہ `لندن کی تیز چلنے والی بلیک ٹیکسی میٹر سے کیا جسے بہت سے شائقین اور ماہرین نے غیرمناسب قرار دیا۔ اس کی وجہ سے انہیں کمنٹری پینل سے معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
 ایڈن گارڈنس میں پچ تنازع 
 ۲۲؍ مارچ۲۰۲۵ء کو سیزن کے پہلے میچ میں کولکاتا  کے بنگلور سے ہارنے کے بعد، نائٹ رائیڈرس کے کپتان اجنکیا رہانے نے ایڈن گارڈنس میں اسپن کے لئے اچھی  پچ پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی حکمت عملی کے مطابق نہیں تھا۔ پچ کیوریٹر سوجن مکھرجی نے کہا کہ پچوں کا انتظام بی سی سی آئی کرتا ہے اور فرنچائزیز کا حالات پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ کمنٹیٹر سائمن ڈول نے مشورہ دیا کہ اگر کے کے آر مطمئن نہیں ہے تو وہ اپنا ہوم گراؤنڈ تبدیل کر سکتے ہیں جس نے شائقین اور کھلاڑیوں میں گرما گرم بحث چھیڑ دی۔
 میچ فکسنگ کے الزامات  
 راجستھان رائلز کو لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) سے دو رن کی قریبی شکست کے بعد میچ فکسنگ کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔ راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کے جیدیپ بہاری نے اسی طرح کے مسائل کی وجہ سے۲۰۱۶ء اور۲۰۱۷ء میں رائلز پر عائد سابقہ ​​پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔ انتظامیہ نےان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی، لیکن اس تنازع نے فرنچائزی کی تاریخ اور آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کی سالمیت کے بارے میں دوبارہ بحث شروع کر دی۔
 امپائرنگ اور نو بال تنازع 
 ممبئی انڈینس اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ایم آئی  کے ریان رکیلٹن کو ابتدائی طور پر آؤٹ کر دیا گیا تھا لیکن بعد میں حیدرآباد  وکٹ کیپر ہینرک کلاسن کے دستانے اسٹمپ سے تھوڑا آگے ہونے کی وجہ سے نو بال کی وجہ سے باز آ گئے۔ اس واقع  نے سوشل میڈیا پر مداحوں میں بحث چھیڑ دی جس میں ممبئی  اوربنگلور جیسی بڑی فرنچائزیز کی طرف تعصب کا الزام لگایا گیا۔
مانکڈ تنازع  
 لکھنؤ کے دگویش راٹھی کی مانکڈ کی کوشش کی۔ نہوں نے آر سی بی کے جیتیش شرما پر یہ کوشش  کی لیکن  امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا کیونکہ  رشبھ پنت نے اس معاملے میں امپائر سے مداخلت کی  اپیل کی تھی اور امپائر نے فیصلہ بدل دیا  تاہم روی چندرن اشون نے اس پر راٹھی کی حمایت کی اور کہا کہ انہوں نے جو کچھ بھی کیا وہ کرکٹ کے قواعد کےمطابق تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK