Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار: ایرانی وزیر اقتصادیات

Updated: August 25, 2026, 7:23 PM IST | Tehran

ایران نے کہا کہ وہ امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی اور وسیع پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایرانی وزیر اقتصادیات علی مدنی زادے نے کہا کہ تہران نے ان اقدامات کا پہلے ہی اندازہ لگا لیا تھا اور ان کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے دو سالہ منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔

USA And Iran.Photo:INN
ایران اور امریکہ۔ تصویر:آئی این این

ایران نے منگل کو کہا کہ وہ امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی اور وسیع پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایرانی وزیر اقتصادیات علی مدنی زادے نے کہا کہ تہران نے ان اقدامات کا پہلے ہی اندازہ لگا لیا تھا اور ان کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے دو سالہ منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔ یہ بیان واشنگٹن کی جانب سے ایسے اقدامات کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جن کا مقصد تہران کو عالمی مالیاتی نیٹ ورکس سے کاٹنا، اس کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو محدود کرنا اور شپنگ، ہوا بازی، ٹیکنالوجی، سونے اور ڈجیٹل اثاثوں سمیت اہم شعبوں کو نشانہ بنانا ہے۔مدنی زادے نے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’’حکومت تیار ہے اور پہلے سے تیار تھی، ہمارے پاس ان حالات سے نمٹنے کے لیے دو سالہ منصوبہ موجود ہے۔ ہمارے پاس اپنے ذرائع بھی ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ یہ کھیل کیسے کھیلنا ہے۔ ‘‘ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے  آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ  کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کاروبار جاری رکھنے والے ممالک اور کمپنیوں کو ڈالر پر مبنی مالیاتی نظام سے خارج کیے جانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:روی چندرن اشون، اجنکیا رہانے سمیت کئی بڑے ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے

بیسنٹ نے اس مہم کو اب تک کی سب سے بڑی مالیاتی کارروائی  قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ دنیا بھر میں ایران کے مالیاتی روابط کو نشانہ بنائے گا۔ بیسنٹ نے کہاکہ ایران کو اب ایک بالکل واضح انتخاب کا سامنا ہے، اس کے سامنے صرف دو راستے ہیں: مکمل عالمی تنہائی۔۔۔ یا معمول کی صورتحال کی جانب واپسی اور عالمی معیشت میں دوبارہ شامل ہونے کا موقع۔  امریکی محکمہ خزانہ نے کہا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے پابندیوں سے بچنے اور تیل کی تجارت کے لیے استعمال کیے جانے والے نیٹ ورکس اور مالیاتی ذرائع کی نشاندہی کر لی ہے۔ اقدامات میں پانچ شعبوں، یعنی ڈجیٹل اثاثوں، ٹیکنالوجی، سونے، ہوا بازی اور شپنگ کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ تقریباً ۶۰؍ افراد، اداروں اور بحری جہازوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
بیسنٹ نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور اور وسیع تر ایرانی حکومت کے لیے  آمدنی کے ہر ممکن ذریعے کو بند کرنا اور شکنجہ مزید کسنا  ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ اس کے بڑے تجارتی شراکت دار امریکی دباؤ کے سامنے مزاحمت کریں گے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مدنی زادے نے کہا کہ چین اور روس نے ان اقدامات کو قبول نہیں کیا ہے۔ بیجنگ نے بھی کہا ہے کہ پابندیاں اور دباؤ کی حکمت عملی تنازعات حل نہیں کر سکتی اور وہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے:’’راز‘‘ کے بعد بالی ووڈ چھوڑنے والی مالینی شرما فارمنگ میں مصروف ہیں

تازہ امریکی اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب تنازع نے توانائی کی منڈیوں کو متاثر کیا ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ جاری رہی تو وہ خطے سے تیل کی برآمدات روک سکتا ہے۔ اس نے آبنائے ہرمز سے اجازت کے بغیر گزرنے والے بحری جہازوں کو بھی ایک بار پھر خبردار کیا ہے۔ یہ تنگ آبی گزرگاہ، جہاں سے معمول کے حالات میں دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل اور گیس کی سپلائی گزرتی ہے، تنازع شروع ہونے کے بعد سے عملاً بند ہے، جس سے عالمی توانائی کی قیمتوں پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ امریکہ میں پیٹرول کی قیمتیں۴؍ ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر گئی ہیں، جس سے نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل گھریلو اخراجات اور عوام کی قوتِ خرید پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی معیار کا برینٹ خام تیل پیر کو تقریباً ۹۲؍ڈالرس فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK