• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار میں ریکارڈ پولنگ، زعفرانی اتحاد کی واپسی کی پیش گوئی مگر ’انڈیا‘کوکامیابی کا یقین

Updated: November 12, 2025, 10:15 AM IST | Patna

شام ۵؍ بجے تک ۶۸ء۷۹؍ فیصد ووٹ ڈالے گئے،۲؍ ہزار بوتھ کے اعدادوشمار ظاہر نہیں کئے گئے، دونوں مرحلوں میں مجموعی طور پر ۶۶ء۹۰؍ فیصد پولنگ

On Tuesday too, excitement was seen among the voters since morning.
منگل کو بھی ووٹرس میں  صبح سے ہی جوش وخروش دیکھا گیا۔

بہار اسمبلی الیکشن  میں  ریکارڈ ووٹنگ  کے بعد ایگزٹ پول میں ایک بار پھر این ڈی اے کی واپسی کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ’انڈیا‘اتحاد   نے ایگزٹ پول کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے اپنی کامیابی کا یقین ظاہر کیا ہے۔  بہرحال حتمی نتائج ۱۴؍ نومبر کو ظاہر ہوجائیں گے۔ البتہ ووٹنگ فیصد کے لحاظ سے موجودہ الیکشن  نے تاریخ رقم کردی ہے۔  
  بہار الیکٹورل افسر ونود سنگھ گنجیال نے منگل کو رات سوا آٹھ بجے کی گئی پریس کانفرنس میں بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ۱۲۲؍اسمبلی حلقوں میں ۴۵۳۹۹؍بوتھوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ ان   میں سے دو ہزار بوتھوں کو چھوڑ کر( جن کے اعداد وشمار پریس کانفرنس کے انعقاد تک نہیں آئے تھے)  کل ۶۸ء۷۹؍فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں مرحلوں میں اب تک مجموعی طور پر ۶۶ء۹۰؍فیصد ووٹنگ ہوئی ۔ بہار کی انتخابی تاریخ میں اتنی پولنگ کبھی نہیں ہوئی تھی۔ 
 ووٹر صبح سے ہی جوش وخروش میں نظر آئے۔خاص طور سے خواتین اور نوجوان ووٹروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔  پورنیہ ضلع ۷؍ اسمبلی حلقوں پورنیہ صدر، امور، بائسی، قصبہ، دھمداہا، روپولی اور بنمنکھی میں ووٹنگ کا عمل صبح ۷؍بجے سے شام ۶؍ بجے تک جاری رہا۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینیں سخت حفاظتی نگرانی میں اسٹرانگ روم تک پہنچا دی گئی ہیں۔ادھر کشن گنج ضلع میں چار اسمبلی حلقوںکشن گنج، ٹھاکر گنج، کوچا دھامن اور بہادر گنج میں پر امن طریقے سے ووٹنگ مکمل ہوئی۔

منگل کو ووٹنگ مکمل ہوتے ہی ایگزٹ پول کے نتائج کی بھرمار ہوگئی۔ کم از کم ۹؍ ایگزٹ پول نے جے ڈی یو اور بی جےپی اتحاد (این ڈی اے) کی آسان فتح کی پیش گوئی کی ہے۔ انہوں نے زعفرانی اتحاد کو ۱۳۰؍ سے زیادہ سیٹیں ملنے کی  پیش گوئی کی ہے جو اکثریت سے کہیں زیادہ ہے۔  چند ایگزٹ پولس میں جنس کی بنیاد پر ووٹرس کی درجہ بندی کرتے ہوئے دعویٰ کیاگیاہے کہ  این ڈی اے کو ۶۰؍ فیصد خواتین اور ۴۰؍ فیصد مرد ووٹرس کے ووٹ ملے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ انتخابات سے عین قبل اور انتخابی مہم کے دوران ریاست کی جے ڈی یو حکومت نے خواتین کے کھاتوں میں ۱۰-۱۰؍ ہزار روپے منتقل کئے ہیں جس کا حکمراں محاذ کو فائدہ ملنے کی امید ہے۔  انتخابی سرویز میں پرشانت کشور کی پارٹی جن سوراج کے۵؍ سے ۶؍  سیٹوں  تک محدود رہنے کا امکان ظاہر کیاگیاہے۔ ایگزٹ پول کے نتائج سے جہاں زعفرانی خیمے میں خوشی کی لہر ہے ہیں  مہا گٹھ بندھن   نے اسے مسترد کرتے ہوئے اپنی فتح کا یقین ظاہر کی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمان طارق انور نے ایگزٹ پول کے نتائج کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ ایگزٹ پولس درست نہیں ہیں۔ یہ محض قیاس آرائیاں ہیں۔  ان سے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کیا ہوسکتاہے۔ یہ سوچنا یہ کہ درست ہیں، ٹھیک نہیں ہوگا۔‘‘

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK