محض ایک گھنٹے میں جنوبی ممبئی میں ۱۰۴؍ ملی میٹر بارش ،معمولات زندگی بُری طرح متاثر، کیمپس کارنر اور فلورا فائونٹین جیسے علاقوں میں بھی پانی بھر گیا، ٹریفک بری طرح متاثر ہوا، آج بھی ممبئی اوراطراف کے علاقوں میں شدید بارش کا انتباہ
EPAPER
Updated: May 27, 2025, 12:17 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
محض ایک گھنٹے میں جنوبی ممبئی میں ۱۰۴؍ ملی میٹر بارش ،معمولات زندگی بُری طرح متاثر، کیمپس کارنر اور فلورا فائونٹین جیسے علاقوں میں بھی پانی بھر گیا، ٹریفک بری طرح متاثر ہوا، آج بھی ممبئی اوراطراف کے علاقوں میں شدید بارش کا انتباہ
پیر کو ممبئی میں مانسون کی آمد کے ساتھ گزشتہ ۷۵؍ برسوں بعد ملک کی تجارتی راجدھانی میں مئی میں مانسون کےجلد پہنچنے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس دوران جنوبی ممبئی میں صبح کے وقت محض ایک گھنٹہ میں ۱۰۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور معمول کے برخلاف اس سال جنوبی ممبئی کے کیمپس کارنر، بریچ کینڈی اور فلورا فاونٹین جیسے علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئیں جہاں عام طور پر اب تک بارش میں سڑکوں پر پانی نہیں بھرتا تھا۔ اس کے علاوہ لوگوں کے کام پر نکل جانے کے بعد محکمہ موسمیات نے پیر کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا جس سے عوام میں ناراضگی ہے۔ ممبئی کے ساتھ تھانے میں بھی شدید بارش ہوئی ۔دن بھر میں ۱۳۵؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پیر کو دن بھر گھن گرج کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔جنوبی ممبئی میں صبح ۹؍ بجے سے ۱۰؍ بجے کے درمیان محض ایک گھنٹے میں ۱۰۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اگر ایک گھنٹے میں ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو تو تکنیکی طور پر اسے بادل پھٹنا قرار دیا جاتا ہے اور قلابہ میں ایسا ہی ہوا لیکن استفسار کے باوجود محکمہ موسمیات کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی کہ قلب شہر میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے یا نہیں۔
جنوبی ممبئی میں پیر کی صبح ۱۱؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۲۵۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی تھی جو ۱۹؍مئی ۲۰۰۰ء کے بعد مئی میں ایک دن میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ بارش ہے۔محکمہ موسمیات نے پیر کو دوپہر ۱۲؍ بج کر ۳۸؍ منٹ پر موسم سے متعلق وارننگ جاری کی جس میں پیر سے منگل کی صبح ۸؍ بجکر ۳۰؍ منٹ تک کیلئے ممبئی و مضافات، ضلع تھانے اور رائے گڑھ کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا۔ ریڈ الرٹ کا مطلب ہے کہ بہت زیادہ بارش کی پیش گوئی کی گئی۔
تاہم عام طور پر لوگ صبح سویرے ملازمت اور کاروبار کیلئے گھروں سے روانہ ہوجاتے ہیں اس لئے جس وقت الرٹ جاری کیا گیا اس سے پہلے ہی لوگ ٹرینیں بند ہونے، سڑکوں پر پانی بھرجانے کی وجہ سے ٹریفک جام ہونے اورحتیٰ کہ میٹرو ۳؍ کے کئی اسٹیشنوں پر پانی بھرنے سے مشکلوں سے دوچار ہوچکے تھے اور محکمہ موسمیات کے بروقت وارننگ جاری نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کررہے تھے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے بیسٹ نے وڈالا فلائی اوور بریج، ہندماتا، گاندھی مارکیٹ اور سائن روڈ نمبر ۲۴؍ پر بسوں کے روٹ چھوٹے کردیئے تھے۔
کے ای ایم اسپتال میں پانی بھر گیا
اسی دوران پریل کا کے ای ایم اسپتال بھی بارش کے پانی سے محفوظ نہیں رہ سکا۔ کمپائونڈ کےساتھ اسپتال کی عمارت کے گرائونڈ فلور میں پانی بھر جانےسے کئی ڈپارٹمنٹ کا کام کاج متاثرہوا۔ گرائونڈ فلور پر واقع پیڈیاٹرک وارڈ اور بچوں کے انتہائی نگہداشت کی یونٹ میں پانی کےداخل ہونے سے بڑی دقت ہوئی۔ گرائونڈ فلو رکی راہ داری اور لفٹ وغیرہ کے علاقوںکے زیر آب آنے سے مریضوں اور ان کے متعلقین کو آمدورفت میں دشواری ہوئی۔
کیمپس کارنر پر سڑک دھنسی
حیرت انگیز طور پر گزشتہ چند برسوں سے جنوبی ممبئی کے چند علاقوں میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے کے واقعات رونما ہورہے ہیں جبکہ ماضی میں ان علاقوں میں پانی نہیں بھرتا تھا۔ اس سال کیمپس کارنر، نیپنسی روڈ اور فلورا فائونٹین سڑکوں پر پانی بھرنے سے متاثر ہوئے۔ کیمپس کارنر پر ٹوینکل اسٹور کے قریب سڑک دھنس گئی تھی جس کی وجہ سے اس سڑک پر نیپینسی روڈ کی طرف چار پہیہ اور بڑی گاڑیوں کا جانا بند ہوگیا تھا۔ تاہم شہری انتظامیہ نے فوری طور پر اس کی مرمت کردی جس کے بعد اس سڑک پر دھیمی رفتار سے گاڑیوں کا گزرنا شروع ہوگیا تھا۔
ممبئی اور مضافات کے متعدد علاقوں میں اچھی بارش ہوئی۔ صبح ۸؍ بج کر ۳۰ ؍منٹ سے ۱۱؍ بج کر ۳۰؍ منٹ تک قلابہ میں ۲ء۱۰۵؍ ملی میٹر، سانتا کروز میں ۵۵، مہالکشمی میں ۵ء۳۳، سائن ۵ء۵۳، باندرہ ۵ء۶۸، جوہو ایئرپورٹ ۵ء۶۳، ٹاٹا پاور چمبور ۵ء۳۸؍ اور وکھرولی میں ۵ء۳۷؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ البتہ پیر کو صبح سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک قلابہ میں واقع مشاہدہ گاہ پر ۳ء۱۴۴؍ اور سانتاکروز میں ۷۴ء۳؍ ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔