Inquilab Logo

میٹرو ۲؍اے اور۷؍ کی وجہ سے لوکل ٹرینوں اور رکشا کے مسافروں میں کمی

Updated: February 02, 2023, 7:45 AM IST | Mumbai

دہیسر اور اندھیری اسٹیشنوں کے بالترتیب ایک اور ۴؍لاکھ مسافر کم ہوئے ہیں۔ لوگ نجی گاڑیوں کے بجائے میٹرو میں سفر کو ترجیح دے رہے ہیں

Western Express Highway traffic in Magathane area is reduced.
ماگاتھانے علاقے میں ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پرٹریفک کم نظر آرہا ہے۔(تصویر: سمیر مارکنڈے)

 ممبئی میں میٹرو ۲؍ اے اور ۷؍ کی خدمات میں توسیع کی گئی ہے جس کی وجہ سے لوکل ٹرینوں اورآٹو رکشا  کے مسافروں میں بھی کمی آگئی ہے۔ویسٹرن ریلوے کے اعداد و شمار کے مطابق دہیسر اسٹیشن پر ۱۲؍ سے ۱۹؍ جنوری کے درمیان مسافروں کی تعداد ۵؍لاکھ ۱۸؍ ہزار ۵۱۷؍ تھی لیکن  ۲۰؍ جنوری سے ۲۶؍ جنوری کے درمیان اس اسٹیشن پر مسافروں کی تعداد گھٹ کر ۳؍لاکھ ۴۷؍ہزار ۸۳۸؍ ہوگئی جس کا مطلب یہ ہوا کہ دہیسرتک میٹرو لائن شروع ہونے کے بعد ویسٹرن ریلوے کے دہیسر اسٹیشن پر ایک لاکھ ۷۰؍ ہزار ۶۷۹؍ مسافروں کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
 اگرچہ اندھیری سے گھاٹ کوپر کے درمیان کافی عرصہ سے میٹرو ٹرین چلائی جارہی ہے لیکن اس لائن پر میٹرو لائن میں توسیع کے بعد اندھیری ریلوے اسٹیشن پر ۱۲؍ سے ۲۶؍ جنوری کے دوران مسافروں کی تعداد ۱۱؍لاکھ ۹۹؍ہزار ۶۶۶؍ ہوگئی جو میٹرو لائن ۲؍ اے اور ۷؍ شروع ہونے سے قبل ۸؍ دنوں کے دوران ۱۶؍لاکھ ۷۳؍ہزار ۱۱۲؍ تھی یعنی میٹرو لائن میں توسیع کے بعد اندھیری ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی تعداد میں ۴؍لاکھ ۷۳؍ہزار ۴۴۶؍ کی کمی آئی ہے۔
 دوسری طرف میٹرو ۲؍اے لائن کے راستے میں سڑک پر ٹریفک میں قدرے کمی نظر آئی اور رکشا چلانے والوں نے بتایا کہ انہیں اب دوردراز کے مسافر نہیں مل رہے ہیں۔ یہاں میٹرو کی توسیع کی گئی لائن شروع ہونے کے بعد ڈی این نگر میٹرو اسٹیشن کے نیچے ایک آٹو رکشا اسٹینڈ وجود میں آگیا ہے جہاں سے رکشا ڈرائیور مسافروں کو مختلف مقامات پر لے جاتے ہیں۔ یہاں رکشا ڈرائیوروں  کا کہنا ہے کہ میٹرو سروس شروع ہونے سے قبل انہیں اندھیری سے دہیسر کے درمیان لمبی دوری کے مسافر مل جاتے تھے لیکن اب صرف قریب کے علاقوں کے مسافر ملتے ہیں۔ 
 رکشا والوں کو میٹرو شروع ہونے کے بعد تجارتی نقطہ نظر سے صرف ایک ہی مثبت پہلو نظر آرہا ہے اور وہ یہ کہ لنک روڈ پر ٹریفک کم ہونے سے ان کی گاڑی کا ایندھن کم جلتا ہے اور ان کے پیسے بچتے ہیں۔اس لائن پر طویل سفر کیلئے لوگ میٹرو کو ترجیح دے رہے ہیں۔ البتہ میٹرو ۷؍ کی لائن پر دفاتر کھلنے اور بند ہونے کے اوقات میں ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر ٹریفک میں کوئی قابل ذکر کمی نہیں آئی ہے۔لنک روڈ کے ذریعہ اندھیری اور دہیسر کے درمیان سفر کرنے والے افرادکا کہنا ہے کہ اس راستے سے گزرنے میں پہلے ایک گھنٹے سے ۹۰؍ منٹ تک کا وقت درکار ہوتا تھا لیکن اب  ۴۰؍ سے ۵۵؍ منٹ ہی  لگتے ہیں۔ ایسا اندازہ لگایا جارہا ہے کہ بہت سے افراد نجی گاڑیوں کے مقابلے میٹرو سے سفر کوترجیح دے رہے ہیں جس سے سڑک پر گاڑیوں کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK