Inquilab Logo

کوٹے میں تخفیف :ٹور آپریٹرز نےسپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا

Updated: February 26, 2023, 10:05 AM IST | saeed Ahmed

پی ٹی او اسوسی ایشن کے مطابق کوٹے میںکمی سے رجسٹرڈ ٹورآپریٹرز کو ۵۰؍ عازمین کے گروپ کا بھی کوٹہ ملنا مشکل

The staff in the office of Federation Hajj PTO of India seem to be busy with their work
فیڈریشن حج پی ٹی اوآف انڈیا کے دفتر میںعملہ کام کاج میں مصروف دکھائی دے رہا ہے

 حکومت  کے ذریعےحج ۲۰۲۳ء کیلئے پرائیویٹ ٹورآپریٹرز (پی ٹی او) کا کوٹہ گھٹا کر۳۰؍ فیصد سے ۲۰؍فیصد کئے جانے کے  فیصلے کے خلاف پی ٹی اوز کی تنظیم آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن اور فیڈریشن حج پی ٹی اوآف انڈیا نے سپریم کورٹ میں عرضداشت داخل کی ہے ۔ عرضداشت میں حکومت کے فیصلے کوچیلنج کرتے ہوئے اسے کھلی نا انصافی قرار دیا گیا ہے۔ 
 داخل کردہ عرضداشت میںیہ بھی کہا گیا ہے کہ حج کمیٹی کو ۷۰؍ فیصد اور پرائیویٹ ٹورآپریٹرز کو۳۰؍ فیصد کوٹہ ۲۰۰۹ء تا ۲۰۲۳ء پنچ سالہ پالیسی کے لئے خود سپریم کورٹ نے ہی طے کیا تھا اس لئے حکومت کوٹہ گھٹاکر عدالت کے فیصلے کی بھی توہین کررہی ہے۔ اس کے علاوہ اگر۲۰؍ فیصد ہی پی ٹی او کو کوٹہ دیا جائے گا تو۷۵۰؍ رجسٹرڈ پی ٹی اوز کو ۵۰؍سے بھی کم عازمین کا گروپ ملے گا اور یہ بڑی ناانصافی ہوگی۔ سپریم کورٹ میں پیر ۲۷؍ فروری کواس معاملے کی شنوائی ہوگی۔
 آل انڈیاحج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عمران علوی نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئےکہاکہ ’’عدالت کا دروازہ تمام ٹورآپریٹرز کے باہمی صلاح ومشورے کےبعد کھٹکھٹایا گیا ہے ۔ عدالت نے جو کچھ طے کیا تھا اسے بھی حکومت نےاپنے فیصلے میں بدلنے کی کوشش کی ہے ۔ دوسرے یہ کہ پرانے ٹورآپریٹرز پہلے سے خدمات انجام دے رہے ہیں، کووڈ کے سبب یہ انڈسٹری بری طرح سے متاثر ہوئی تھی اورکاروبار ٹھپ ہوگیا تھا اس لئے یہ فیصلہ مزید نقصان کا باعث ہوگا ۔ ویسے بھی یہ کاروبار سے زیادہ خدمت ہے ۔ اس کے علاوہ جب ایک چیز طے ہوچکی ہے اورسپریم کورٹ نے کافی غور وخوض کے بعد طے کیاتھا تواب اس میںبھی مزیدتخفیف کی حکومت کو کیوں ضرورت پڑی؟ ہاں اگرکسی ٹورآپریٹرکی کارکردگی خراب ہے یا اس کے خلاف کوئی شکایت ہے تو اس کے خلاف کارروائی کئے جانے پرکوئی معترض نہیںہوگا۔‘‘
 فیڈریشن حج پی ٹی اوآف انڈیاکے چیئرمین عاشق علی نے بتایاکہ ’’فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری عبدالقادر کی جانب سے عرضداشت داخل کی گئی ہے ۔اس سے قبل ہم لوگوںنے وزارت برائے اقلیتی امور میںپریزنٹیشن پیش کیا تھا اور حکومت کے اس فیصلے سے کیا مسائل ہوںگے ، اسےبھی نمایاں کیا تھا اس کےبعد سپریم کورٹ میں عرضداشت داخل کی ہے۔امید ہے کہ ٹور آپریٹرز کو انصاف ملےگا۔‘‘ عاشق علی نےیہ بھی کہاکہ ’’ ٹورآپریٹرز کی تعدادمیںاضافہ ہو رہا ہے ، نئے نئے لوگ اس انڈسٹری سے جڑ رہے ہیں مگر عجیب بات ہے کہ کوٹہ کم کیا جارہا ہے۔اگر مجموعی طور پر۷۵۰؍ رجسٹرڈ  ٹور آپریٹرز میں ۲۰؍فیصد کوٹہ تقسیم کیا جائے تو بمشکل ۵۰؍ عازمین کا گروپ ایک ٹورآپریٹر کوملے گا۔ اس کیساتھ ہی جب سپریم کورٹ نے پہلے ہی تمام چیزیںطے کردی ہیں توحکومت کو اس میںترمیم کی ضرورت کیوں پیش آئی ؟ اسی لئے عرضداشت میں سپریم کورٹ کی ہدایات اور سابقہ فیصلے کوہی بنیاد بنایا گیا ہے۔‘‘

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK