Inquilab Logo Happiest Places to Work

مخالفت کے باوجود ہومیوپیتھ ڈاکٹروں کے رجسٹریشن کاعمل جاری

Updated: August 08, 2026, 10:57 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کل۹؍ہزار۹۷۲؍ ہومیوپیتھ ڈاکٹروںنے ایلوپیتھ پریکٹس کیلئے سی سی ایم پی مکمل کیا،ساڑھے ۴؍ہزار نےرجسٹریشن کی درخواست دی۔

Allopathic doctors protested by going on strike for 3 consecutive days. Photo: INN
ایلوپیتھ ڈاکٹروں نے لگاتار ۳؍ دن ہڑتال کرکے احتجاج کیا۔ تصویر: آئی این این

ہومیوپیتھ  ڈاکٹروں کو ایلوپیتھ کی پریکٹس کی اجازت دینے کے خلاف انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن( آئی ایم اے) اور مہاراشٹر ایسوسی ایشن آف ریسیڈنٹ ڈاکٹرز (مارڈ) کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا اور ہڑتال بھی کی گئی۔ اس کے باوجود اب تک ساڑھے ۴؍ہزار سے زیادہ ہومیوپیتھ اُمیدواروں نے مہاراشٹر میڈیکل ایسوسی ایشن ( ایم ایم سی ) کےرجسٹریشن کیلئے درخواست دے دی ہے۔

واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہومیوپیتھ ڈاکٹروں کو ایلوپیتھ کی پریکٹس کیلئے ایم ایم سی سے رجسٹریشن کی اجازت دینے کےبعد آئی ایم اے اور مارڈ نے احتجاج کیا تھا ۔ ریاست میں ۹؍ہزار ۹۷۲؍ ہومیوپیتھک ڈاکٹروں نے ایلوپیتھ پریکٹس کیلئے درکار سرٹیفکیٹ کورس ان ماڈرن فارماکولوجی (سی سی ایم پی) کورس مکمل کیا ہے، جن میں سے ۴؍ہزار ۵۰۰؍ اُمیدواروں  نے  ایم ایم سی میں رجسٹریشن کی درخواست بھی دے دی ہے۔ حکومت سے ملنے والی اجازت سے ان ڈاکٹروں کیلئے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا راستہ بھی صاف ہو گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھئے: بلڈانہ میں قبائلی خاتون نے ایک ساتھ۴؍ بچوں کو جنم دیا

ہومیوپیتھک ڈاکٹروں کو ایلوپیتھی پریکٹس کرنے کی اجازت دینے کیلئے ۲۰۱۴ء میں قانون میں ترمیم کر کے سی سی ایم پی  شروع کیا گیا تھا ۔ اس کے مطابق اب تک ریاست بھر سے ۹؍ہزار ۹۷۲؍ہومیوپیتھک ڈاکٹروں نے یہ کورس مکمل کیا ہے ۔ یہ کورس ریاست کے کئی سرکاری اور نجی میڈیکل کالجوں میں کروا یا جاتاہے ۔ ان کالجوں میں صرف ۵۰؍ سی سی ایم پی سیٹیں ہیں۔ ممبئی میں یہ کورس صرف جے جےاسپتال اینڈ گرانٹ میڈیکل کالج میں کروایا جاتا ہے ۔

  چونکہ یہ کورس ریاست کے صرف ۲۲؍ میڈیکل کالجوں میں پڑھایا جاتا ہے، اس لئے پچھلے ۱۲؍ سال میں صرف۹؍ ہزار ۹۷۲؍ ہومیو پیتھک ڈاکٹر اس کورس کو مکمل کر پائے ہیں۔ ریاست کے دیہی علاقوں میں صحت کے مراکز میں ابھی بھی ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ نہ صرف دیہی علاقوں بلکہ ممبئی جیسے شہروں کی کچی آبادیوں میں بھی صحت کی خدمات ہومیوپیتھک اور آیورویدک ڈاکٹروں پر منحصر ہیں۔ اس کمی کو پورا کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے ہومیوپیتھک ڈاکٹروں کو سی سی ایم پی کرنے کی اجازت دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ناسک ٹی سی ایس معاملے میں ایم آئی ایم کارپوریٹر متین پٹیل کی گرفتاری

ہومیو پیتھی ڈاکٹروں کو ایلوپیتھی کے تربیت یافتہ پروفیسر تربیت دیتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ان ڈاکٹروں کو رجسٹر کرنے کی ہدایات دی تھیں۔ اسی مناسبت سے ایم ایم سی نے ان ڈاکٹروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اب تک ۴؍ہزار ۵۰۰؍ ہومیوپیتھی ڈاکٹروں نے ایم ایم سی میں رجسٹریشن کیلئے درخواست دی ہے لیکن ڈاکٹروں کی مختلف تنظیموں جیسے آئی ایم اے اور مارڈکی طرف سے اس رجسٹریشن کی شدید مخالفت کی جا رہی ہے ۔ان اداروںکی مخالفت کی وجہ سے ایم ایم سی میں ہومیو پیتھی ڈاکٹروں کی رجسٹریشن میں تاخیر ہورہی ہے،گزشتہ ۱۲؍سال میں ایک بھی رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں ہو سکا ،لیکن ۴؍دن پہلے ایم ایم سی کے تحت ہومیوپیتھی ڈاکٹر نیہا پوار کے پہلے رجسٹریشن کے ساتھ، اس عمل میں تیزی آنے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ ایلو پیتھ ڈاکٹروں نے اس معاملےمیں ہڑتال بھی کی تھی جسے عدالت کی ہدایت پر ختم کر دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK