لیلاوتی اسپتال کے معالج نےشہری گہماگہمی سے پریشان، سادہ لوح زندگی کےمتمنی اور سادگی پسند عمررسیدہ افراد کی سہولت اور اطمینان کیلئےرتناگیری کے تکھیڈے گاؤں میں ’ ملن اولڈ ایج ہوم‘ تعمیرکروایاہے
EPAPER
Updated: May 13, 2025, 11:14 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
لیلاوتی اسپتال کے معالج نےشہری گہماگہمی سے پریشان، سادہ لوح زندگی کےمتمنی اور سادگی پسند عمررسیدہ افراد کی سہولت اور اطمینان کیلئےرتناگیری کے تکھیڈے گاؤں میں ’ ملن اولڈ ایج ہوم‘ تعمیرکروایاہے
شہری گہماگہمی سے پریشان، سادہ لوح زندگی کےمتمنی اور سادگی پسند عمررسیدہ افراد کی سہولت اور اطمینان کیلئےغیر سرکاری تنظیم ’ہیبیٹیٹ فار ہیومینٹی‘ نے کوکن ، رتناگیری کے منڈن گڑھ تعلقہ کے تکھیڈے گائوںمیں ملن اولڈ ایج ہوم ( عمررسیدہ افرادکی رہائش گاہ) قائم کیاہے،جس کا افتتاح جمعرات ۱۵؍مئی صبح ۱۰؍بجے ریاستی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ہاتھوں کیاجائے گا۔
کوکن میں ۷؍ایکڑاراضی پر تعمیر کیا جانے والا اپنی نوعیت کایہ پہلا اولڈ ایج ہوم ہے جس میں معمر افراد کی ضروریات کے مدنظر تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیاگیاہے۔ یہاں عمر رسیدہ افرادکو مفت قیام وطعام کی سہولیات مہیاکرائی جائیں گی۔ افتتاحی تقریب میںبحیثیت مہمان نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، رکن پارلیمان نارائن رانے، سابق ریاستی وزیر چھگن بھجبل، منسے کے سربراہ راج ٹھاکرے، ریاستی وزیر ایڈوکیٹ آشیش شیلار، اُدئے سامنت، سنجے شرساٹھ، نتیش رانے، یوگیش رام داس کدم، سابق رکن اسمبلی رام داس کدم، بھائی جگتاپ ، امیت دیشمکھ ، سچن اہیراور بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین وغیرہ کی شرکت متوقع ہے۔
مذکورہ ادارہ کے صدر اورلیلاوتی اسپتال ( ممبئی ) کے معروف ڈاکٹر جلیل پرکار نے ملن اولڈ ایج ہوم کے تعلق سے انقلاب کو بتایاکہ ’’ میرا تعلق کوکن کے دیہی علاقے سے ہے۔والدین نے شہری علاقوں سے پڑھالکھاکرہمیں کامیاب بنانےمیں اہم رول اداکیاہے۔ہم نے اپنے والدین کو دیہی سے شہری علاقوںمیں منتقل کر دیا ہے۔ یہاں ساری آسائشیں موجو د ہیں ، وہ مطمئن بھی ہیں لیکن انہیں گائوں میں جو سکون اور اطمینان میسر تھا، وہ تمام سہولیات کے باوجود شہری علاقوں میں ندارد ہے،جس کی وجہ سے ان میں بےچینی پائی جاتی ہے ۔ اس کا احساس ہونے پر ہم نے مذکورہ اولڈ ایج ہوم قائم کرنےکافیصلہ کووڈ۱۹؍ کے دورمیں کیاتھاتاکہ گائوںکی محدود اور پُر سکون زندگی کےمتمنی بزرگوںکو ان کی پسند کی زندگی بسر کرنے کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ ‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نےبتایا کہ ’’ یہاں ۱۴؍کاٹیج ہیں ،ہر ایک کاٹیج کے ۲؍ حصےہیں، ہر کاٹیج میں ۴؍ افراد کی رہائش کاانتظام ہے،علاوہ ازیں ۷۔۸؍ افرادکیلئے ’ڈورمیٹری‘ بنایاگیاہے،تاکہ جو عمررسیدہ افراد تنہا رہنے میں خوف محسوس کرتےہیں وہ گروپ کی شکل میں رہ سکیں۔ مجموعی طورپر۷۵؍عمررسیدہ افراد کے قیام وطعام کی سہولت دستیاب ہے۔تنہاعمررسیدہ افرادکیلئے کئیر ٹیکر کا بھی نظم ہے۔ جن لوگوںکاتعلق متمول گھرانے سے وہ رضاکارانہ طورپرادارہ کی مالی مددکرسکتےہیں ورنہ عمر رسیدہ افرادکیلئےساری سہولیات مفت مہیا ہیں۔ہر کاٹیج میں علاحدہ کچن ،غسل خانہ اور بیت الخلاء کاانتظام ہونےکےساتھ خوبصورت پلنگ، ٹیبل ، بستر ، پنکھا، ٹیلی ویژن ، ائیر کنڈیشن اوردیگر سہولیات مہیا ہیں۔ لان کابھی انتظام ہے جہاںعمررسیدہ افراد گروپ کی شکل میں بیٹھ کر بات چیت کرسکتےہیں۔ پورے احاطہ میں ۷۵۰؍ قسم کے پھول اورپھلوں کےپودے اور درخت لگائے گئے ہیں۔ ‘‘
ڈاکٹر جلیل پرکارکےمطابق ’’ اولڈایج کے قیام میں موجودہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کااہم تعاون رہاہے۔ میںنے اس پروجیکٹ کے تعلق سے مذکورہ گائوںمیں جگہ فراہم کرنےکیلئے ان سے درخواست کی تھی۔مقامی کلکٹر کے معرفت جگہ دلانےمیں انہوںنے بڑی مدد کی ۔ اس کےعلاوہ ممبئی اور مقامی سیاسی لیڈران نے ہر طرح سے ساتھ دیا، ان کے تعاون کےبغیراس پروجیکٹ کا مکمل ہونامشکل تھا، میں ان تمام کامشکور ہوں۔‘‘
ادارہ ھٰذا کے ٹرسٹیان میں ڈاکٹر خلیل پرکار ، ڈاکٹر آصف بھوجانی، ایڈوکیٹ اُلاس نائیک اور ڈائریکٹر آف پروجیکٹ وجاہت خان دیشمکھ شامل ہیں۔