• Fri, 27 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارامتی کے باشندوں کا سڑکوں پر اتر کر احتجاج

Updated: February 27, 2026, 10:22 AM IST | Baramati

روہت پوار کی قیادت میں مقامی باشندے پولیس اسٹیشن پہنچے، اجیت پوار کی موت کے معاملے میں فضائی کمپنی پر معاملہ درج کرنے کا مطالبہ۔

Rohit Pawar and Yogendra Pawar on their way to the police station amidst a crowd. Photo: INN
ہجوم کے درمیان روہت پوار اور یوگیندر پوار پولیس اسٹیشن جاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

اجیت پوار کی ناگہانی موت کی جانچ اور لا پروائی برتنے والی فضائی کمپنی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بارامتی کے باشندے رکن اسمبلی روہت پوار کی قیادت میں سڑکوں پر اترے۔ ان کے ساتھ اجیت پوار کے دیگر دو بھتیجے یوگیندر پوار اور راجندر پوار بھی اس احتجاج میں شامل تھے۔ یاد رہے کہ بدھ کی رات روہت پوار نے ممبئی کے میرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں وی ایس آر ایویشن ( فضائی کمپنی) اور محکمہ ہوابازی کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی کوشش کی تھی مگر پولیس نے ایف آئی آر لکھنے سے منع کر دیا تھا جس پر روہت پوار اور پولیس افسران کے درمیان لفظی نوک جھونک بھی ہوئی تھی۔ 
جمعرات کو انہوں نے بارامتی میں وکیلوں کی ایک فوج کے ساتھ پولیس اسٹیشن کا رخ کیا۔ ان کے ساتھ مقامی باشندوں کا مجمع بھی تھا۔ انہوں نے نجی فضائی کمپنی وی ایس آر ایوی ایشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ رکن اسمبلی روہت پوار نے یوگیندر پوار اور راجندر پوار کے ہمراہ بارامتی پولیس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا اور حکام پر زور دیا کہ مذکورہ کمپنی اور فضائی نگران ادارے کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ روہت پوار کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں غفلت اور بے عملی برتی گئی ہے اور جیسا کہ محکمہ ہوا بازی نے خود کہا ہے کہ مذکورہ کمپنی کے کچھ جہاز خراب تھے۔ اسی لئے کمپنی کے ۴؍ جہازوں کو گرائونڈ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ یعنی یہ بات طے ہے کہ کمپنی اس معاملے میں لاپروائی بلکہ غیر ذمہ داری سے کام لیا ہے۔ لہٰذا کمپنی کے خلاف ایف آئی آر ہونی چاہئے۔ چونکہ محکمہ ہوا بازی کو اس بات کا علم تھا اس لئے اس کے خلاف بھی شکایت درج کی جانی چاہئے۔ 
 تاہم پولیس حکام نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا۔ البتہ ان کی تحریری شکایت قبول کر لی گئی ہے اور جائزہ لینے کے بعد آئندہ کارروائی کی یقین دہانی کروائی گئی۔ 
ذرائع کے مطابق شکایت ریاستی فوجداری تفتیشی محکمہ (سی آئی ڈی) کو ارسال کر دی گئی ہے، جو طیارہ حادثے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ایف آئی آر درج نہ کئے جانے پر روہت پوار اور پولیس حکام کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ روہت پوار نے الزام عائد کیا کہ پولیس کو کسی بیرونی دباؤ کا سامنا ہے اور ایک فون کال موصول ہونے کے بعد کارروائی میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ممبئی میں کارروائی نہ ہوئی تو وہ معاملہ بارامتی میں اٹھائیں گے۔ احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے روہت پوار کے بھائی راجندر پوار نے کہا کہ وہ بارامتی کے عام شہریوں اور اجیت پوار کے حامیوں کے جذبات کی نمائندگی کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا اور حکومت کا طرزِ عمل نامناسب ہے۔ راجندر پوار نے کہا کہ حکومت کو اس معاملے میں شفاف جانچ کروانی چاہئے تاکہ معاملے کی حقیقت لوگوں کے سامنے آسکے۔ بارامتی کے علاوہ اسی نوعیت کے مظاہرے پونے شہر میں بھی منعقد ہوئے، جہاں این سی پی(شرد) کے کارکنان نے ضلع کلکٹر کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور وی ایس آر ایوی ایشن اور ڈی جی سی اے کے خلاف فوجداری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے یادداشت پیش کی۔ 
یاد رہے کہ روہت پوار اجیت پوار کے بھتیجے ہیں جبکہ ان کی چاچی اور اجیت پوار کی بیوہ سونیترا پوار اب خود اجیت پوار کی جگہ نائب وزیر اعلیٰ ہیں۔ انہوں نے بھی اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے جس پر اب تک کوئی پیش رفت نظر نہیں آئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK