• Fri, 27 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو ۹؍وکٹوں سے روند ڈالا

Updated: February 27, 2026, 11:10 AM IST | New Delhi

گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم جنوبی افریقہ نے اپنا ناقابل شکست سفر جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو ویسٹ انڈیز کو ۹؍ وکٹوں سے روند ڈالا۔

Aiden Markram showed aggressive batting against West Indies. Photo: INN
ویسٹ انڈیز کے خلاف ایڈن مارکرم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم جنوبی افریقہ نے اپنا ناقابل شکست سفر جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو ویسٹ انڈیز کو ۹؍ وکٹوں سے روند ڈالا۔ اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءکے سیمی فائنل کے لئے اپنا دعویٰ مزید مضبوط کر لیا ہے۔ 
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سپر۔ ۸؍مرحلے کے اس اہم مقابلے میں ۱۷۷؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے ۸۲؍ رنوں کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف محض ۱۶ء۱؍اوور میں حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کی۔ اس شکست سے ویسٹ انڈیز کے نیٹ رن ریٹ کو نقصان پہنچا ہے جس نے سیمی فائنل کی دوڑ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سری لنکا کی ناکامی کی وجہ منفی ماحول اور ناقص فٹنیس ہے

ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے تیزگیندبازوں نے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن اپ کو ہلا کر رکھ دیا۔ لو نگی انگیدی (۳۰؍رن پر ۳؍وکٹ) اور کاگیسو ربادا (۲۲؍رن پر ۲؍وکٹ) کی گیندوں نے ابتدائی جھٹکے دئیے، جس کی وجہ سے کیریبیئن ٹیم محض ۸۳؍رنوں پر ۷؍ وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔ اس مشکل وقت میں جیسن ہولڈر (۴۹) اور روماریو شیفرڈ (۵۲؍ناٹ آؤٹ)نے آٹھویں وکٹ کے لئے۸۹؍ رنوں کی ریکارڈ شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور ۱۷۷؍رنوں تک پہنچا دیا۔ 
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے انتہائی جارحانہ انداز اپنایا۔ پاور پلے کے ۶؍ اوور میں ۶۹؍ رن بنا کر ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں کا حوصلہ پست کر دیا۔ افتتاحی بلے باز کوئنٹن ڈی کاک (۴۷) اور کپتان مارکرم نے پہلی وکٹ کے لئے ۹۵؍ رن جوڑے۔ ڈی کاک کے آؤٹ ہونے کے بعد ریان ریکلٹن (۴۵) نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان ۸۲؍ رنوں کی شراکت ہوئی۔ مارکرم نے جیسن ہولڈر کی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK