جموں کشمیر کے گیندباز عاقب نبی کی تباہ کن گیندبازی، کرناٹک کیلئے مینک اگروال کی جد و جہد جاری۔
EPAPER
Updated: February 27, 2026, 11:14 AM IST
جموں کشمیر کے گیندباز عاقب نبی کی تباہ کن گیندبازی، کرناٹک کیلئے مینک اگروال کی جد و جہد جاری۔
جموں کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی کی شاندار بولنگ نے رنجی ٹرافی کے فائنل میں کرناٹک کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ جمعرات کو میچ کے تیسرے دن میزبان کرناٹک نے پہلی اننگز میں ۵؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۲۰؍رن بنا لئے ہیں لیکن جموں کشمیر پہلی بار خطاب جیتنے کی مضبوط پوزیشن میں نظر آرہا ہے۔ تاہم، افتتاحی بلے باز مینک اگروال کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت کرناٹک نے میچ میں واپسی کی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ کرناٹک اب بھی جموں کشمیر کے پہاڑ جیسے اسکور سے ۳۶۴؍ رن پیچھے ہے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید ۱۶۵؍رنوں کی ضرورت ہے۔
جموں کشمیر کے اسٹار گیندباز عاقب نبی نے اپنی دھار دار بولنگ سے ہندوستانی کرکٹ کے بڑے ناموں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے محض ۳۲؍ رن دے کر ۳؍اہم وکٹیں حاصل کیں۔ عاقب نے پہلا بڑا جھٹکا کے ایل راہل(۱۳) کو آؤٹ کر کے دیا۔ اس کے بعد انہوں نے ۲؍ گیندوں پر ۲؍ وکٹیں لے کر سنسنی پھیلا دی۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسٹار کرون نائر کو کلین بولڈ کیا اور اگلی ہی گیند پر فارم میں چل رہے اسمرن روی چندرن کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دونوں بلے باز کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ کپتان دیودت پڈیکل بھی صرف ۱۱؍ رن بنا کر چلتے بنے۔ ایک وقت پر کرناٹک صرف ۵۷؍ رنوں پر ۴؍ وکٹیں گنوا کر شدید دباؤ میں تھی۔ ایسے نازک وقت پر مینک اگروال نے ایک اینڈ سنبھال لیا۔ انہوں نے شریس گوپال (۲۷) کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کیلئے ۱۰۵؍ رنوں کی قیمتی شراکت داری قائم کی۔ دن کے اختتام پر مینک اگروال۲۰۷؍گیندوں پر ۱۷؍چوکوں کی مدد سے ۱۳۰؍رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔ کارتک کرشنا ۲۷؍ رن بنا کر مینک کا ساتھ دے رہے ہیں۔ چوتھے دن کا کھیل کرناٹک کے لئے انتہائی اہم ہوگا کیونکہ انہیں فالو آن سے بچنے کے لئے ابھی مزید ۱۶۵؍ رن درکار ہیں۔
اس سے پہلےجموں کشمیر نے جمعرات کو اپنی پہلی اننگز ۶؍ وکٹ پر ۵۲۷؍ رنوں سے آگے بڑھائی۔ کرناٹک کے تیز گیندباز پرسدھ کرشنا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے جموں کشمیر کے لوور آرڈر بلے بازوں کو جلد ٹھکانے لگا دیا۔ ساحل نے ۷۲؍رنوں کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور ۵۸۴؍ تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کرناٹک کی جانب سے پرسدھ کرشنا نے ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔