کامبیکر اسٹریٹ، جے بی شاہ مارگ ،میمن محلہ ،زکریا مسجد اسٹریٹ اور اطراف کے دیگر محلوں کی گزشتہ ۲۔۳؍دنو ں سے بجلی سپلائی متاثر، محکمہ بجلی پر تساہل برتنے کاالزام
EPAPER
Updated: May 27, 2025, 11:07 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
کامبیکر اسٹریٹ، جے بی شاہ مارگ ،میمن محلہ ،زکریا مسجد اسٹریٹ اور اطراف کے دیگر محلوں کی گزشتہ ۲۔۳؍دنو ں سے بجلی سپلائی متاثر، محکمہ بجلی پر تساہل برتنے کاالزام
جنوبی ممبئی کے محمدعلی روڈ کےمتعد دعلاقوں، کامبیکر اسٹریٹ، جے بی شاہ مارگ ،میمن محلہ، زکریا مسجد اسٹریٹ اور اطراف کے دیگر محلوں کی عمارتوں اور دکانوں کی گزشتہ ۲۔۳؍دنو ں سے بجلی سپلائی متاثرہونے سےان علاقوںکےمکینوںاور دکانداروںکوشدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ان علاقوں کے علاوہ نور باغ ،کرافورڈ مارکیٹ ،کھیت واڑی اور مدنپورہ کے کچھ علاقوںمیں بھی بجلی سپلائی منقطع ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کامبیکر اسٹریٹ کی کچھ عمارتوں میں پیر سے بجلی غائب ہے،متعدد مرتبہ شکایت کرنے کےباوجود خبرلکھے جانے تک(رات ۸؍بجے ) بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے۔مقامی بی ای ایس ٹی آفس میں متعدد شکایتیں کرنےکےباوجودمسئلہ حل نہیںہوسکاہے۔
مقامی افراد نے کیا کہا؟
۱۲۴؍کامبیکراسٹریٹ پر واقع جیوانی بلڈنگ کی فوزیہ شیخ نے انقلا ب کوبتایاکہ ’’ویسے تو جمعہ سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہےلیکن پیرکو فجرکی نمازکےبعد سے بجلی غائب ہے۔ ابھی تک بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے ۔بجلی نہ ہونے سے بالخصوص عمررسیدہ افراد اوربچےبری طرح پریشان ہیں،علاوہ ازیں بجلی سپلائی بند ہونےسے پانی کی موٹر نہیں چلائی جاسکی جس کی وجہ سے سنیچر کو جوپانی بھرا تھا،اسی کواحتیاط کے ساتھ استعمال کیاجارہاہے۔ ‘‘
ایک سوال کےجواب میںانہوںنے بتایاکہ ’’ دراصل ہماری بلڈنگ میں ۳؍فیزہے جن میں سے ایک کام نہیں کررہاہے جس کی وجہ سے ہمارے بلڈنگ کے ۵؍گھروںکی بجلی سپلائی بندہے۔ بی ای ایس ٹی میں جاکر شکایت کرنےباوجود ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہواہے جس سے بڑی پریشانی ہورہی ہے۔‘‘
پیر کی شام بجلی بحال ہوئی اور منگل کو علی الصباح پھر گل
کامبیکر اسٹریٹ ،دادانی ہائوس کی ماہ ِنور شیخ کےمطابق ’’پیرکی صبح ۵؍بجے ہماری بلڈنگ کی لائٹ گئی تھی ،جس کی بی ای ایس ٹی میں متعددمرتبہ شکایت کی گئی ۔ شام ۵؍بجے بجلی بحال ہوئی اور منگل کی صبح ۵؍بجے دوبارہ گل ہوگئی۔ کئی بار بی ای ایس ٹی میں شکایت کی گئی لیکن بجلی بحال نہیں ہوئی، جس سے مکینوںکو بڑی دقت ہورہی ہے۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایاکہ ’’ ہماری بلڈنگ میں ایک عمررسیدہ خاتون کا آپریشن ہواہے ۔ بجلی نہ ہونے سے گھرمیں اندھیرا اور پنکھاوغیرہ بندہے ،گرمی سے لوگ پریشان ہوکر راہداری میں وقت گزار رہےہیں۔ بی ای ایس ٹی میں متعد دمرتبہ شکایت کرنےکےباوجود کوئی حل نہیں نکل سکاہے۔ ‘‘
مقامی سماجی کارکن سعدیہ مرچنٹ نے بتایاکہ ’’ گزشتہ ۳۔۴؍دنوں سے جنوبی ممبئی کےمتعدد علاقوںمیں بجلی سپلائی کےمتاثرہونے سے عوام کومشکل کا سامنا ہے۔ محکمہ بجلی کی تساہلی سے مقامی لوگ مایوس ہیں۔ مذکورہ علاقوںکےمتاثرین نے اس بارےمیں مجھ سے شکایت کی ، میں انہیں وفدکی شکل میںلے کر مقامی بی ای ایس ٹی آفس بھی گئی لیکن وہاں موجودہ اہلکاروںنے تعاون کرنےکے بجائے ٹال مٹول والی باتیں کیں۔ ان کاکہناتھاہمارے پاس آپ کی شکایت ہے ،ہماراعملہ جلد ہی ضروری کارروائی کرےگا۔ ‘‘
شکایت کیلئے فون کیا گیا لیکن ....
مذکورہ علاقوںکےدیگر شکایت کنندگان کاکہناہےکہ بی ای ایس ٹی والوںکو شکایت کرنےکیلئے ان کےنمبروںپر متعدد کال کئے گئے لیکن انہوں نےجب ہمارا کال ریسیونہیں کیاتوہم ان کی آفس پہنچے۔ آفس کےسامنے سےبھی کال کیا،ہمارے سامنے کال بجتی رہی لیکن ان لوگو ںنے فون نہیں لیا،جس سے ان کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کااظہارہوتاہے۔
دریں اثناء پیر کوہونےوالے موسلادھار بار ش سے مدنپورہ کے کچھ علاقوںمیں بھی بجلی سپلائی منقطع رہی ،جس کی شکایت کرنےپرشام تک بجلی بحال ہوئی۔