دادر اورماہم کے سماجی کارکنا ن نے وزیر اعلیٰ کو مکتوب روانہ کرکے بنکاک کے طرز پر دکانداروں پر ہی کوڑا کرکٹ صاف کرنے کی ذمہ داری عائد کرنے کا مطابلہ کیا
EPAPER
Updated: April 21, 2025, 11:01 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
دادر اورماہم کے سماجی کارکنا ن نے وزیر اعلیٰ کو مکتوب روانہ کرکے بنکاک کے طرز پر دکانداروں پر ہی کوڑا کرکٹ صاف کرنے کی ذمہ داری عائد کرنے کا مطابلہ کیا
دادر ریلوے اسٹیشن کے اطراف لگنے والی سبزی مارکیٹ کے سبب پیدا ہونے والے کوڑے کے ڈھیر سے نہ صرف دادر،ماٹونگا بلکہ ماہم میں رہنے والے مکینوں کو بھی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے علاوہ ٹرین سے آمد رفت کرنے کیلئے دادر اسٹیشن آنے جانے والےمسافروں اور راہگیروں کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس علاقہ سے گاڑیوںمیں سفر کرنے والے مسافروں کوبھی بازار میں لگنے والی بھیڑ اور کوڑے کے سبب پیدا ہونے والے ٹریفک جام سے پریشانی اٹھانی پڑتی ہے ۔ اس پریشانی سے مکینوں ، راہگیروں اور مسافروں کو راحت دلانے کے مقصد سے دادر اور ماہم میں رہنے والے مکینوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ اور شہری انتظامیہ کے کمشنر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بنکاک کے طرز پر قواعد نافذ کرنے کی اپیل کی ہے ۔
مکینو ںنے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی کو بھیجے گئے مکتوب کے ذریعہ بتایا کہ بنکاک میں بھی دادر کے طرز پر سبزی منڈی لگتی ہے لیکن اس کی وجہ سے نہ تو وہاں ٹریفک جام ہوتا ہے اور نہ ہی گندگی ہوتی ہے ۔ انہوںنے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی شہری انتظامیہ نے سبزی فروشوں کو ہی کوڑا صاف کرنے کی ذمہ داری دی ہے اسی لئے وہاں بازار میں بھیڑ ہونے کے باوجود ایسا نظم ہے جس سے ٹریفک کا مسئلہ بھی پیدا نہیں ہوتا ۔
اس سلسلہ میں ماہم کے مکین و سماجی رضا کار عارف موتی والا نے بتایا کہ ’’ بنکاک میں لگنے والی مارکیٹ میں نہ تو گندگی ہوتی ہے اور نہ ہی ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے ۔اس کی ایک اہم وجہ یہ ہے کہ وہاں کی شہری انتظامیہ نے سبزی فروش کو ہی اپنا کوڑا کرکٹ صاف کرنے کی ذمہ داری دی ہے اور جو اس پر عمل نہیں کرتا اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔‘‘
اس ضمن میں دادر میں مقیم سنتوش ڈومبرے کا کہنا تھا کہ ’’بی ایم سی کے سالڈ ویسٹ ڈپارٹمنٹ سے جب دادر ریلوے اسٹیشن کے باہر لگنے والی سبزی منڈی سے پیدا ہونے والے کوڑے کو صاف کرنے اور غیر قانونی ٹھیلہ والوں کو ہٹانے کی اپیل کی جاتی ہے تو وہ اکثر افرادی قوت کے کم ہونے کا جواز پیش کرتے ہیں ۔ شہری انتظامیہ کے اس جواز کو قبول بھی کیاجاسکتا ہے کیونکہ دادر مارکیٹ میں صرف سبزی فروش ہی نہیں بلکہ پھل اور پھولوں کی بہت بڑی منڈی لگتی ہے جس کی وجہ سے روزانہ سیکڑوں ٹن کوڑا نکلتا ہے ۔‘‘
انہوںنے مزید کہا کہ اسٹیشن کے باہر لگنے والے بازار اور کوڑے کے سبب نہ صرف گندگی کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے بلکہ خریداروں اور مال بردار گاڑیوں کی وجہ سے گاڑیوں اور ٹرینوں سے آمد و رفت کرنے والوں کوچلنے اور گاڑیاں چلانے میں دشواری پیش آتی ہے۔
اس مسئلہ پر ماہم کے رہنے والے عبدالستار کا کہنا تھا کہ دادر اور ماہم کے اطراف رہنے والوں کو ہی نہیں بلکہ گاڑیوں کے ذریعہ دور دراز سفر کرنےوالوںکو اس علاقے میںٹریفک جام کے سبب انتہائی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔یہی نہیں یہاں لگنے واے بازار سےپیدا ہونے والے کوڑے اور خریداروں اور مسافروں کی بھیڑ کے سبب ہونے والے ٹریفک جام سے فضائی آلودگی کے مسئلہ سے بھی مکینوں ، راہگیروں اور مسافروں کو دوچار ہونا پڑتا ہے۔
اس سلسلہ میں دادر اور ماہم کے مکینوں نے دادر پولیس اور ٹریفک پولیس کے علاوہ بی ایم سی کمشنر اور وزیر اعلیٰ کو مکتوب روانہ کرکے بنکاک کے طرز پر مارکیٹ میں قواعد نافذ کرنے اور ٹریفک کی آمد و رفت کو جاری رکھنے کی اپیل کی ہے ۔