Inquilab Logo

تکنیکی دشواری کےسبب اسکالر شپ امتحان کا رزلٹ نظرنہیں آرہا ہے

Updated: October 11, 2020, 9:37 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کورونا کے سبب پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکا ہے،مئی کے بجائے اکتوبر کی ۹؍تاریخ کو جاری کئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا، ویب سائٹ کریش ہونے سےاب تک دیکھا نہیں جاسکا

Scholarship - Pic : INN
اسکالرشپ ۔ تصویر : آئی این این

کووڈ۱۹؍ اور لاک ڈائون کے سبب فروری ۲۰۲۰ء میں منعقدہونےوالے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے اسکالر شپ امتحان کاعبوری رزلٹ ۸؍مہینے بعد۹؍اکتوبر کو جاری کرنےکا اعلان کیاگیاتھا مگر تکنیکی دشواریوںکی وجہ سےتقریباً ۲۴؍ گھنٹے گزرجانے کے باوجود ان امتحان کے رزلٹ کیلئے مہاراشٹر اسٹیٹ اگزامنیشن کائونسل( ایم ایس ای سی) کی جانب سے جو لنک دی گئی تھی اس پر رزلٹ نہیں دکھائی دے رہاہے جس سے اساتذہ ، طلبہ اور الدین تذبذ ب میں مبتلاہیں۔ 
 واضح رہے کہ ایم ایس ای سی کی جانب سے ۱۶؍ فروری کویہ امتحان منعقد کیاگیاتھاجس میں ممبئی سمیت ریاست کےمجموعی طورپر ۹؍لاکھ ۷۲؍ہزار ۱۱۵؍طلبہ نے حصہ لیاتھا۔جن میں پانچویں جماعت کے ۵؍لاکھ ۷۴؍ ہزار ۵۸۶؍ اور آٹھویں جماعت کے ۳؍لاکھ ۹۷؍ ہزار ۵۲۹؍طلبہ شامل تھے۔کووڈ اور لاک ڈائون کی وجہ سے اس امتحان کارزلٹ وقت پر جاری نہیںہو سکاتھا۔جس سے اساتذہ، طلبہ اور والدین میں بے چینی تھی۔ اس تعلق سے متعد دسماجی تنظیموں نے ایم ایس ای سی میں شکایتیں کی تھیںجس کےبعد۹؍اکتوبر کی شام ۶؍بجے آن لائن رزلٹ جاری کئے جانےکا اعلان کیاگیاتھامگر تکنیکی دشواریوںکی وجہ سےدئیے گئےلنک پر رزلٹ نہیں دکھائی دیا۔ 
 اس ضمن میں انجمن خیرالاسلام اردوبوائز ہائی اسکول مدنپورہ کےمعلم نعیم شیخ نے انقلاب کوبتایاکہ’’ عموماً مئی میںاس اسکالر شپ امتحان کے رزلٹ جاری کئے جاتے ہیںمگرامسال کوروناوائرس کی وجہ سے ہونےوالی دقتوں کےسبب وقت مقررہ پر رزلٹ جاری نہیں ہوسکاتھا۔ رزلٹ کاطلبہ،اساتذہ اوروالدین کوبے چینی سے انتظار تھا۔۹؍اکتوبرکو رزلٹ جاری کرنےکا اعلان کیاگیا۔ میں نے اپنے طورپرجمعہ کی شام ۶؍بجے سے متواتر کوشش کی لیکن متذکرہ ویب سائٹ پر رزلٹ نہیں دکھائی دیا۔ بعد ازیںسنیچرکو بھی کوشش کی۔ اس کےبعد میں نے ایم ایس ای سی کی ہیلپ لائن نمبرپر رابطہ کیاتو پتہ چلاکہ ویب سائٹ کریش ہوگئی ہے اس لئے رزلٹ نہیں دکھائی دے رہاہے۔اس کی مرمت کا کام جاری ہے۔ دوپہر ۲؍بجے کے بعد رزلٹ دیکھا جاسکتاہے۔۲؍بجے کے بعد بھی ویب سائٹ کی مرمت کا کام نہیں ہوا تھا۔شام ۶؍بجے تک ویب سائٹ کا وہی حال تھا۔‘‘ 
 ہاشمیہ ہائی اسکول مسجد اسٹریٹ کے پرنسپل محمد رضوان خان نےکہاکہ ’’اطلاع کے مطابق اساتذہ اور طلبہ نےمتعلقہ لنک پر رزلٹ دیکھنےکی کوشش کی لیکن رزلٹ نہیں دکھائی دیا۔ ایک تو ۸؍مہینے بعد رزلٹ جاری کیا گیا ہے۔اس کےباوجود رزلٹ نہیں دکھائی دیا۔اس سے انتظامیہ کی تساہلی کا احساس ہوتاہے ۔‘‘
 اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کے ساجد نثارنے بتایا کہ’’اسکالرشپ امتحان کا رزلٹ جاری نہ کئے جانے کی متعددشکایتیں موصول ہورہی تھیں۔اساتذہ، طلبہ اور والدین کی متواتر شکایت پرکئی تعلیمی تنظیموں نے ایم ایس ای سی کے کمشنر تکارام سوپے کو اس تعلق سے شکایت کی تھی جس کےجواب میں انہوںنے مجھے ایک تفصیلی مکتوب روانہ کیاتھاجس میں رزلٹ کی تیاری میں ہونےوالی تاخیر کی وجوہات پیش کی تھیں۔ساتھ ہی جلد ازجلد رزلٹ جاری کئےجانےکا یقین دلایاتھا۔ ‘‘
 انہوںنےمزید کہاکہ ’’ ۹؍اکتوبرکو رزلٹ جاری کئے جانےکی اطلاع سے طلبہ میں خوشی کا ماحول تھالیکن مذکورہ لنک کے کام نہ کرنےسے طلبہ کی مایوسی بڑھ گئی ہے ۔ ایم ایس ای سی کو چاہئے کہ وہ جلد ازجلد ویب سائٹ کی مرمت کرکے رزلٹ جاری کرے۔‘‘ ساجدنثارکےمطابق ’’یہ عبوری رزلٹ ہے۔اس رزلٹ یامارکس وغیرہ سے متعلق آن لائن شکایت در ج کرائی جاسکتی ہے۔۹؍تا ۲۰؍اکتوبرکے درمیان طلبہ آن لائن شکایت درج کراسکتےہیں۔ان شکایتوں کا ازالہ ہونےکےبعد فائنل رزلٹ جاری کیاجائے گا۔‘‘ ایم ایس ای سی کےکمشنر تکارام سوپے سے استفسار کرنےکیلئے انقلاب نے متعدد مرتبہ موبائل فون پر رابطہ کرنےکی کوشش کی لیکن انہوںنے فون ریسیو نہیں کیا۔ ساتھ ہی وہاٹس ایپ کے میسیج کابھی جواب نہیں دیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK