شیو سینا (شندے) کے ترجمان نریش مہسکے کا مطالبہ، سنجے راؤت اور اروند ساونت کو پاکستانی ترجمان قرار دیا۔
EPAPER
Updated: May 13, 2025, 5:35 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
شیو سینا (شندے) کے ترجمان نریش مہسکے کا مطالبہ، سنجے راؤت اور اروند ساونت کو پاکستانی ترجمان قرار دیا۔
آپریشن سیندور پر سوالات اٹھانے پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے شیو سینا ( شندے) کے ترجمان اور رکن پارلیمان نریش مہسکے نے مطالبہ کیا ہے کہ شیو سینا (ادھو)کے اراکین پارلیمان سنجے راؤت اور اروند ساونت جو عوام میں’آپریشن سیندور‘ اور ہندوستانی فوج کی صلاحیتوں کے بارے میں شکوک پیدا کر رہے ہیں، کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے اور ان کی جانچ کی جائے کہ کہیں وہ پاکستانی ترجمان تو نہیں ہیں۔
تھانے میں پیر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں نریش مہسکے نے کہا کہ گزشتہ ۲؍ دنوں سے سنجے راؤت اور اروند ساونت ہندوستانی فوج کی کارروائیوں کے حوالے سے مشکوک صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔ ان کے منہ سے پاکستانی فوج اور پاکستانی حکمرانوں کی زبان نکل رہی ہے۔
ایم پی مہسکے نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ الرٹ ہیں اور احکامات کا انتظار کر رہے ہیں۔ ان کے بارے میں یہ کہنا کہ اگر تم گر بھی گئے تو ٹانگ اوپر ان کی توہین ہے۔اروند ساونت کو فوری طور پر اس بیان کی وضاحت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کے حوالے سے راؤت اور ساونت کے بیانات کی ہر شہری کو شدید مذمت کرنی چاہیے۔۱۹۷۱ء میں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دی تھی، اُس وقت پاکستانی اخبارات اعلان کر رہے تھے کہ پاکستان جیت گیا ہے اور پاک فوج بھی یہی دعویٰ کر رہی تھی۔
پریس کانفرنس میں نریش مہسکے نے اس وقت کے اخبار کی کاپی بھی دکھائی۔انہوںنے مزید کہاکہ اس وقت اٹل بہاری واجپئی اور بالا صاحب ٹھاکرے جیسے بڑے اپوزیشن لیڈروں نے وزیر اعظم اندرا گاندھی کے موقف کی کھلے عام حمایت کی تھی۔ آج بھی پاکستانی اخبارات خبر دے رہے ہیں کہ پاکستان جیت گیا ہے۔ تاہم، ہمارے ملک کے اپوزیشن کو۱۹۷۱ءکی طرح آج حکومت پر اعتماد کرنا چاہیے۔
ایم پی مہسکے نے سوال اٹھایا کہ کیا آپ پاک فوج پر اعتماد کریں گے، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ یا ہندوستانی فوج پر؟ ہندوستانی فوج کسی پارٹی کی نہیں بلکہ ملک کی فوج ہے۔ اس لئے آپ کو فوج پر اعتماد کرنا چاہیے۔ لیکن ان کے بارے میں غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں جو کہ فوج کی توہین اور غداری ہے۔