Inquilab Logo

بدلاپور اسٹیشن کےنئے پلیٹ فارم کی تعمیر کے کام میں رکشا اسٹینڈحائل

Updated: July 02, 2022, 9:20 AM IST | Mumbai

مسافروں کو تکلیف دیئے بغیرریلوے انتظامیہ رکشا اسٹینڈ کو قریب کی جگہ منتقل کرنا چاہتا ہے جس کی وجہ سے نئے پلیٹ فارم کا کام ۶؍ مہینے تک شروع ہونے کا امکان نہیں ہے۔ زمین حاصل کرنے کی کارروائی بھی جاری

The rickshaw stand adjacent to Badlapur station is visible due to which the construction work of the platform is stalled.
بدلاپور اسٹیشن سے متصل رکشا اسٹینڈنظر آرہا ہے جس کی وجہ سے پلیٹ فارم کی تعمیر کا کام رکا ہوا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

 یہاںریلوے اسٹیشن پر ایک نیا پلیٹ فارم شامل کرکے اسے اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ آٹو اسٹینڈ کی بدولت  رک گیا ہے۔ سینٹرل ریلوے کےاس  اسٹیشن پر بھیڑ بھاڑ میں اضافے کے باوجود حصول اراضی کے چیلنجوں کی وجہ سے  اس پروجیکٹ میں رکاوٹ آئی ہے۔ ریلوے حکام  کے مطابق آٹو اسٹینڈ ایک عوامی سہولت ہونے کی وجہ سے مسافروں کو تکلیف دیئے بغیر قریب کی جگہ پر اسےمنتقل کرنا ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مزید ۶؍ ماہ تک  نئے پلیٹ فارم کا کام شروع نہیں ہوسکےگا۔
 کچھ سال پہلے ممبئی  کے ریلوے اسٹیشنوں کے جامع آڈٹ کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ ریلوے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ دیگرریلوے اسٹیشنوں پر کام شروع ہوچکا  تھا لیکن جگہ کی تنگی کی وجہ سے بدلاپورریلوے اسٹیشن پر اس کام میں تاخیر ہورہی تھی۔
 بدلاپورریلوے اسٹیشن کے مغربی جانب ایک نیا پلیٹ فارم بنانے کا منصوبہ ہے تاکہ موجودہ پلیٹ فارم نمبرایک کرلا اور پریل کی طرح ’ڈبل ڈسچارج‘ پلیٹ فارم بن جائے جہاں دونوں طرف مسافر اتر سکیں۔ اس سے موجودہ پلیٹ فارم پر بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ممبئی ریل وکاس کارپوریشن (ایم آر وی سی) کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ نئے پلیٹ فارم پر پل بھی ہوگا۔
 ایک ریلوے افسر نے بتایا کہ ’’بدلاپور ریلوے اسٹیشن پر ایک نیا  پلیٹ فارم بنایا جا رہا ہے۔اس پلیٹ فارم کی معیاری لمبائی ۲۷۰؍ میٹر ہے جس میں تقریباً  ۹۰؍میٹر زمین ریلوے کی ہے اور ۹۵؍میٹر زمین مقامی  انتظامیہ اور پرائیویٹ پارٹیوں کی ہے۔ پرائیویٹ پارٹی کی زمین بھی حاصل کر لی گئی ہے لیکن بقیہ۸۵؍ میٹر زمین جہاں آٹو سٹینڈ ہے، ابھی حاصل کرنا باقی ہے۔‘‘
 انہوں نے مزید کہا کہ’’ ۱۸۵؍ میٹرپر کام جاری ہے جہاں زمین دستیاب ہے اور باقی۸۵؍ میٹر لمبائی پر کام کل گاؤں بدلاپور میونسپل کارپوریشن سے تعلق رکھنے والی سرکاری زمین کے حصول کے فوراً بعد شروع کیا جائے گا۔ اس زمین پر آٹوا سٹینڈ واقع ہے جسے پلیٹ فارم کی تعمیر کیلئے منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس زمین کو ریلوے کے حوالے کرنے کے بعد ۴؍ماہ میں کام مکمل ہو سکتا ہے۔‘‘
 بدلاپور کے میونسپل افسران نے کہا کہ حصول اراضی کیلئے کاغذی کارروائی شروع ہو چکی ہے اور اسے جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔ تاہم اس کام کیلئے کتنا وقت لگے ، یہ بتانے سے وہ قاصر ہیں۔

badlapur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK