اندھیری میں جمعرات کی شام ٹی جنکشن پر میٹرو لائن ۲؍ اے اسٹیشن کے نیچے سڑک کا حصہ دھنس گیا جس کی وجہ سے جنوب کی طرف آنے والی سڑک کو بند کرکے دوسری طرف کی سڑک کو دونوں جانب کی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔
اندھیری مغرب میں میٹرواسٹیشن کے نیچے سڑک دھنسی نظر آرہی ہے۔ تصویر: انقلاب
اندھیری میں جمعرات کی شام ٹی جنکشن پر میٹرو لائن ۲؍ اے اسٹیشن کے نیچے سڑک کا حصہ دھنس گیا جس کی وجہ سے جنوب کی طرف آنے والی سڑک کو بند کرکے دوسری طرف کی سڑک کو دونوں جانب کی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔
اس تعلق سے ’مہا ممبئی میٹرو آپریشن کارپوریشن لمیٹڈ‘ نے وضاحت کی ہے کہ اندھیری (مغرب) میں ڈی این نگر جانے والے راستے پر میٹرو اسٹیشن کے نیچے سڑک کا چھوٹا سا حصہ دھنس گیا ہے۔ سڑک کا یہ حصہ بی ایم سی کے زیر اہتمام آتا ہے اور وہ اور ممبئی ٹریفک پولیس نے حفاظتی نقطہ نظر سے فوری طور پر اس حصہ پر بیریکیڈ لگا کر اس سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا ہے نیز دوسری جانب کی سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔
میٹروریل انتظامیہ کے مطابق میٹرو اسٹیشن اور میٹرو لائن کا ڈھانچہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس پر میٹرو کی خدمات حسب معمول جاری ہے۔ اس دوران بی ایم سی کے انجینئروں نے متعلقہ جگہ کا معائنہ کیا ہے اور جلد ہی اس کی مرمت کردی جائے گی۔