• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلا ’’آر کے لکشمن ایوارڈ فار ایکسیلنس‘‘ عامر خان کو تفویض کیا جائے گا

Updated: November 01, 2025, 9:11 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے تینوں خان، شاہ رخ، سلمان اور عامر ہمیشہ ایوارڈز اور باکس آفس کی کامیابیوں میں سرِفہرست رہے ہیں، مگر اس بار عامر خان ایک منفرد اعزاز حاصل کرنے جا رہے ہیں جو کسی فلم یا کردار سے نہیں بلکہ ہندوستان کے معروف کارٹونسٹ آنجہانی آر کے لکشمن سے جڑا ہے۔

Aamir Khan. Picture: INN
عامر خان۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو پہلا ’’آر کے لکشمن ایوارڈ فار ایکسیلنس‘‘ دیا جائے گا۔ یہ اعزاز ۲۳؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو پونے کے ایم سی اے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک خصوصی تقریب کے دوران پیش کیا جائے گا، جو آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان کے لائیو کنسرٹ کے ساتھ منسلک ہوگی۔ یہ تقریب شام ۵؍ بجے شروع ہوگی، جس میں موسیقی، یادوں اور فن کے امتزاج کے ذریعے آر کے لکشمن کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، وہی عظیم کارٹونسٹ جنہوں نے ہندوستان کے مقبول کردار ’’دی کامن مین‘‘ کو تخلیق کیا۔

یہ بھی پڑھئے:ہما قریشی کی ’’سنگل سلمیٰ‘‘ تھیٹروں میں، بھائی ثاقب سلیم کا جذباتی پیغام

آر کے لکشمن ایوارڈ کی تفصیل
یہ ایوارڈ پہلی بار آر کے لکشمن خاندان کی جانب سے متعارف کروایا جا رہا ہے۔ آنجہانی کارٹونسٹ کی بہو اوشا لکشمن نے آئی اے این ایس سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ’’آر کے لکشمن خاندان نے ۲۳؍ نومبر کو اے آر رحمان کے لائیو میوزک کنسرٹ کے دوران آر کے لکشمن ایوارڈ فار ایکسیلنس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہم ان کی فنکارانہ میراث کو خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’عامر خان اس ایوارڈ کے پہلے وصول کنندہ ہوں گے، اور یہ ہمارے خاندان کی جانب سے لکشمن کو دیا جانے والا سب سے بڑا خراج ہے۔‘‘

عامر خان کیوں؟
عامر خان کو ان کی تخلیقی سوچ، بامعنی فلموں کے انتخاب، اور فلم سازی میں غیر روایتی نقطۂ نظر کی وجہ سے اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ’لگان‘، ’تارے زمین پر‘، ’دنگل‘ جیسی فلموں نے انہیں نہ صرف شائقین بلکہ ناقدین کے درمیان بھی ممتاز بنایا۔ آر کے لکشمن کی طرح، عامر بھی اپنی تخلیقات کے ذریعے ناظرین کو سوچنے، محسوس کرنے اور تبدیلی پر غور کرنے پر مجبور کرتے ہیں، یہی پہلو انہیں اس اعزاز کیلئے موزوں بناتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ نے سینا کو ’راک اسٹار‘ کہا، جان سینا نے شاہ رخ کو ’’انسپیریشن‘‘

آر کے لکشمن کی میراث
آنجہانی آر کے لکشمن ہندوستان کے مقبول اور سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے کارٹونسٹ مانے جاتے ہیں۔ ان کی مشہور کارٹون لائن ’’یو سیڈ اِٹ‘‘ اور ان کی تخلیق ’’دی کامن مین‘‘ نے عام ہندوستانیوں کی روزمرہ زندگی، ان کے دکھ، ستم ظریفی اور مزاح کو منفرد انداز میں پیش کیا۔ وہ ٹی وی سیریز ’’مالگوڈی ڈیز‘‘ کے خاکہ نگار بھی تھے، جو ان کے بھائی آر کے نارائن کی کہانیوں پر مبنی تھی۔ اپنی زندگی میں لکشمن کو پدم بھوشن، پدم وبھوشن اور میسور یونیورسٹی کی اعزازی ڈاکٹریٹ جیسے متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:الیانا ڈی کروز چنچل اور سنجیدہ اداکاری میں مہارت رکھتی ہیں

ثقافتی شام کی جھلک
آر کے لکشمن کی وراثت، اے آر رحمان کی موسیقی، اور عامر خان کی موجودگی، تینوں کو یکجا کرنے والی یہ شام سال کی یادگار ثقافتی تقریبات میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ عامر خان کا ریکارڈ ہے کہ وہ ایوارڈ قبول نہیں کرتے۔ تاہم، متذکرہ ایوارڈ قبول کرنے اور نہ کرنے کے بارے میں ان کی یا ان کی ٹیم کی جانب سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK