Inquilab Logo

انتونیو غطریس نے روہنگیا برادری کے حقوق ِانسانی کیلئے آواز بلند کی

Updated: November 13, 2022, 12:40 AM IST | Phnom Penh

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے آسیان ممالک سے اس معاملے میں پہل کا مطالبہ کیا

United Nations Secretary General Antonio Guterres addressing the media
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو  غطریس نے میانمار کی مسلم  روہنگیا برادری کے انسانی حقوق کی بحالی پر زور دیا۔   غطریس نے ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں سے کہا کہ ’’میں آسیان  خطے میں میانمار میں انسانی حقوق کی خوفناک صورتحال کی مذمت کرتا ہوں اور ملک کے حکام سے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور جمہوری منتقلی کی طرف واپسی کا عمل شروع کرنے کے  اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہوں۔ میں نے اس خطے کے تمام ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ پناہ گزینوں کے تحفظ کے  لئے ایک علاقائی فریم ورک تیار کریں‘‘۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اس سلسلے میں آسیان کے تمام ممالک  کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے اور دنیا اس مقصد کے  لئے آسیان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیا ر ہے۔ 
  انتونیو غطریس نے یوکرین سے اناج کی آزاد گزرگاہ کی ضرورت کے بارے میں بھی بتایا۔  انہوں نے آسیان ممالک کی جانب سے منعقدہ کانفرنس میں خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی پریزنٹیشن میں  نہ صرف خطے کے اہم مسائل پر گفتگو کی بلکہ آب و ہوا کی تبدیلی سے لڑنے کی ضرورت پربھی زور دیا اور کہا کہ سمندری خطے کے بہت سے ممالک آب و ہوا کی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہیں۔انہوں نے عالمی انتباہ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکلات سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی  تعاون پر زور دیا۔ 
 یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل  انتونیو غطریس کمبوڈیاکی راجدھانی  نوم پنہ میں جاری ایشیائی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے  لئے یہاں پہنچے ہیں۔ انہوں نے یہاں کلیدی خطبہ دیتے ہوئے نہ صرف روہنگیا مسلمانوں کی بدحالی کا معاملہ اٹھایا بلکہ واضح طور پر کہا کہ یہ خطہ ان کے مسائل سے آنکھ نہیں موند سکتا۔ یہا ں کے ممالک کو ان کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے۔ ساتھ ہی میانمار پر یہ دبائوبنانا چاہئے کہ وہ  روہنگیا برادری کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لے اور انہیں ان کے حقوق عطا کرے۔ واضح رہے کہ اس کانفرنس میں ہندوستان بھی شریک ہے۔ یہاں   ہندوستانی وفد کی قیادت نائب صدر جگدیپ دھنکڑ کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور دیگر افسران بھی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK