• Fri, 20 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

طیارہ حادثے پر روہت پوار کے سخت سوالات

Updated: February 19, 2026, 9:17 AM IST | Mumbai

شبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی سے بارامتی کے مختصر سفر کیلئے تقریباً۳۵۰۰؍ لیٹر ایندھن کیوں بھرا گیا، جبکہ اتنی بڑی مقدار کی ضرورت نہیں تھی

Rohit Pawar continues to express doubts and raise questions regarding the Baramati plane crash.
بارامتی طیارہ حادثے کے متعلق روہت پوار مسلسل شبہات کا اظہار کررہے ہیں اور سوالات قائم کررہے ہیں

محکمہ ہوابازی کی اس اطلاع کے بعد کہ  سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوارکی جس طیارے کے گرنے سے حادثاتی موت ہوئی تھی، اس طیارے کا بلیک باکس جل کر تباہ گیا ہے،   این سی پی (شرد ) کے رکنِ اسمبلی روہت پوار نے بدھ کے روز پریس کانفرنس منعقد کرکے کئی سوالات قائم کئے اور اس حادثے کے پس پشت کسی سازش کے ہونے کا شبہ ظاہر کیا۔ یاد رہے کہ روہت پوار آنجہانی اجیت پوار کے بھتیجے ہیں اور انہوں نے ایک روز قبل بھی حکومت سے کئی طرح کے سوالات کئے تھے۔ 
  بدھ کو روہت پوار نے آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو لے جانے والے طیارے کے حادثے کو دانستہ طورپر انجام دیئے گئے  واقعے سے تعبیر کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پائلٹ نے طیارہ جان بوجھ کر گرایا۔ انہوں نے اپنے اس مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ ایک منصوبہ بند تخریب کاری تھی۔  بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روہت پوار نے مبینہ سازش کے سیاسی پس منظر پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی سے اڑان کے وقت حدِ نگاہ کم تھی، اس کے باوجود پرواز کی اجازت دی گئی۔ اسی طرح بارامتی میں لینڈنگ کے وقت حدِ نگاہ تقریباً۳۵۰۰؍ میٹر بتائی گئی، جب کہ لینڈنگ کے لیے کم از کم۵؍ہزار میٹر حدِ نگاہ درکار ہوتی ہے۔ اس کے باوجود طیارے کو اترنے کی اجازت دی گئی، جس پر انہوں نے سوال اٹھایا۔ 
 روہت پوار نے مزید دعویٰ کیا کہ مبینہ منصوبے میں تصادم کے بعد شدید دھماکے اور آگ کو یقینی بنانا بھی شامل تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ممبئی سے بارامتی کے مختصر سفر کیلئے تقریباً۳۵۰۰؍ لیٹر ایندھن کیوں بھرا گیا، جب کہ ان کے مطابق اتنی بڑی مقدار کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ اضافی ایندھن طیارے کے لیویٹری کے باہر رکھا گیا تھا۔  انہوں نے پائلٹ سمیت کپور اور نجی ایوی ایشن کمپنی وی آر ایس پر بھی سنگین الزامات عائد کیے۔ روہت پوار کے مطابق کمپنی کا ایک منیجر، جس کی شناخت گوپی کے نام سے کی گئی اور جو ممبئی میں آپریشنز کی نگرانی اور فلائٹ پلاننگ کا ذمہ دار ہے، ممکنہ طور پر اجیت پوار کے طیارے سے متعلق پرواز کے انتظامات میں تبدیلی کا ذمہ دار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ انکوائری جاری ہونے کے باوجود کمپنی دستاویزات جمع کرانے میں تاخیر کر رہی ہے، تاکہ ممکنہ طور پر شواہد میں رد و بدل کیا جا سکے۔ 
 مبینہ سازش کے سیاسی محرک کی وضاحت کرتے ہوئے روہت پوار نے کہا کہ این سی پی کے دونوں دھڑوں کو دوبارہ متحد کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔ ان کے مطابق اگر اتحاد ہو جاتا تو یا تو پارٹی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس میں شامل ہو کر اقتدار میں شراکت دار بن سکتی تھی، جس کی بعض گروہ مخالفت کر رہے تھے، یا پھر اجیت پوار این ڈی اے سے علاحدہ  ہو کر عوام کے مسائل کے لیے سڑکوں پر آ سکتے تھے، جو بعض مفادات کے لیے قابلِ قبول نہ ہوتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہی سیاسی پس منظر اجیت پوار کی موت کے پیچھے مبینہ سازش سے جڑا ہو سکتا ہے۔ 

ajit pawar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK