Inquilab Logo

روم : زیر تعمیر ہوٹل کے باغ کے نیچے ۲؍ ہزار سال پرانا تھیٹر دریافت

Updated: July 28, 2023, 6:45 PM IST | Rome

یہ تھیٹر رومی بادشاہ نیرو کے زمانے میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کا ذکر قدیم رومی دستاویزات میں موجود ہے۔ تاہم، اسے ۲؍ہزار سال بعد دریافت کیا جاسکا ہے۔ اس ہوٹل کا افتتاح ۲۰۲۵ء میں ویٹیکن سٹی کی ۲۰۲۵؍ ویں جوبلی کے موقع پر کیا جائے گا۔

Theater of the Roman Emperor Nero. Photo: PTI
رومی بادشاہ نیرو کا تھیٹر۔ تصویر: پی ٹی آئی

اٹلی کے دارالحکومت روم میں ۲؍ ہزار سال پرانا شاہی تھیٹر حادثاتی طور پر ایک زیرتعمیر ہوٹل کے باغ کے نیچے دریافت ہواہے۔ماہرین آثار قدیمہ ۲۰۲۰ء سے ’’پلازو دیلا روویر‘‘ کے باغ میں کھدائی کر رہے تھے۔ اس کا مقصد ایک تاریخی عمارت کی تزئین کاری کرکے اسے مستقبل قریب میں بننے والے ہوٹل کا حصہ بنانا تھا۔کھدائی کے دوران رومی شہنشاہ نیرو کے عہد کا تھیٹر دریافت ہوا جس کا حوالہ قدیمی رومی دستاویزات میں موجود ہے مگر اسے پہلے کبھی دریافت نہیں کیا جا سکا تھا۔حکام نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تھیٹر کی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسے ایک ایسے باغ کے نیچے دریافت کیا گیا ہے جو تعمیر کے مرحلے میں ہے۔خیال رہے کہ اس ہوٹل کا افتتاح ۲۰۲۵ء میں ویٹیکن سٹی کی۲۰۲۵؍ ویں جوبلی پر ہوگا۔
حکام نے بتایا کہ یہ دریافت حیرت انگیز ہے کیونکہ اس سے رومی تاریخ کے اس عہد کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا جس کے بارے میں زیادہ تفصیلات موجود نہیں ہیں۔اس جگہ سے ۱۰؍ ویں صدی کے نوادرات بھی دریافت ہوئے ہیں اور ماہرین نے اسے غیرمعمولی قرار دیا ہے۔ماہرین کی ٹیم کی سربراہی کرنے والی مارزیا دی مینتو نے بتایا کہ اس عہد کے اب تک صرف ۷؍ گلاس دریافت ہوئے تھے اور اس جگہ کی کھدائی کے دوران مزید ۷؍ نوادرات ملے ہیں۔
ماہرین نے کھدائی کے دوران سنگ مر مر کے ستون اور سونے کے پتوں سے سجے پلاستر کو دریافت کیا تھا اور اس سے انہیں شہنشاہ نیرو کے تھیٹر تک پہنچنے میں مدد ملی۔اس تھیٹر کا حوالہ قدیم رومی فلسفی ’’پلینی دی ایلڈر‘‘ کی دستاویز میں موجود ہے۔حکام کے مطابق کچھ نوادرات کو میوزیم منتقل کیا جائے گا جبکہ تھیٹر کے کھنڈرات کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک ماہرین کی تحقیق مکمل نہیں ہو جاتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK