۴۶؍ سالہ برازیلی لیجنڈ نے اٹلی کے تیسرے درجے کے کلب ریوینا کی جانب سے پہلا میچ کھیلا، ۴۵ ؍ منٹ میدان میں رہے اور ٹیم کے پہلے گول کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 5:03 PM IST | Rome
۴۶؍ سالہ برازیلی لیجنڈ نے اٹلی کے تیسرے درجے کے کلب ریوینا کی جانب سے پہلا میچ کھیلا، ۴۵ ؍ منٹ میدان میں رہے اور ٹیم کے پہلے گول کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔
برازیل کے عظیم فٹ بالر اور سابق عالمی چیمپئن رونالڈینو نے ۱۱ ؍سال کے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر مسابقتی فٹ بال کے میدان میں واپسی کرتے ہوئے شائقین کو حیران کردیا۔ ۴۶ ؍سالہ رونالڈینو نے اتوار ۱۵ ؍نومبر کو اٹلی کے تیسرے درجے کے فٹ بال کلب ریوینا (Ravenna) کی جانب سے مقامی حریف فورلی (Forli) کے خلاف میچ میں شرکت کی۔ اٹلی کی سیری سی لیگ کے اس مقابلے میں ریوینا نے ۰۔۲؍گول سے کامیابی حاصل کی۔ رونالڈینو نے میچ کا پہلا ہاف کھیلا اور اپنی فنی مہارت، شاندار پاسنگ اور گیند پر گرفت سے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ ان کا فٹ بال سے تعلق آج بھی برقرار ہے۔
Mt feliz em voltar a disputar uma partida oficial... Descansei uns anos, mas agora é hora de voltar kkkkkk brincadeiras a parte, foi mto bonito viver este dia maravilhoso, com meus companheiros e estádio cheio!!! Com toda certeza um momento especial na minha vida... vocês sabem como eu gosto de me desafiar a fazer coisas diferentes que ninguém ou que poucos fizeram. Esta adrenalina, o cheiro do campo e o encontro com a bola é sempre especial…Obrigado ao meus amigos Lorenzo, Ignácio e Giuseppe Cipriani e toda a equipe do Ravenna, por acreditarem neste sonho e vamos continuar trabalhando para ajudar a conquistar a Itália e o mundo!!! Tenho certeza que estamos no caminho certo… Obrigado a todos os fãs por esta noite inesquecível, aos que vieram de longe me prestigiar e ver uma bela partida de futebol, com muito empenho em busca da subida de liga... Nos vemos em breve família
— Ronaldinho (@10Ronaldinho) November 15, 2026
رونالڈینو نے آخری مرتبہ ستمبر ۲۰۱۵ ءمیں برازیل کے کلب فلومینینسی کی جانب سے کسی باضابطہ مسابقتی مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے پیشہ ورانہ فٹ بال سے دوری اختیار کرلی اور ۲۰۱۸ ءمیں باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اب اٹلی کے کلب ریوینا کے ساتھ وابستگی نے انہیں دوبارہ فٹ بال کے میدان میں پہنچا دیا۔ریوینا نے رواں سال جون میں رونالڈینو کے ساتھ معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت وہ نہ صرف کھلاڑی کی حیثیت سے کلب سے وابستہ ہوئے بلکہ کلب میں سرمایہ کاری اور حصص داری بھی حاصل کی۔ ان کی واپسی کو لے کر دنیا بھر کے فٹ بال شائقین میں خاصی دلچسپی پائی جارہی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:امیتابھ بچن کے مشہور بنگلے ’جلسہ‘ پر ملکیت کا تنازع
ریوینا کے ہوم گراؤنڈ اسٹیڈیو برونو بینیلی میں کھیلے گئے اس مقامی ڈربی مقابلے میں رونالڈینو نے اپنی مشہور نمبر ۱۰ ؍کی جرسی پہنی اور ابتدائی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل رہے۔ انہیں ابتدا میں تقریباً ۳۰ ؍منٹ کھیلنے کی توقع تھی، لیکن وہ پورا پہلا ہاف میدان میں موجود رہے۔میچ کے ۳۶؍ویں منٹ میں ریوینا نے برتری حاصل کی۔ رونالڈینو نے حریف کھلاڑی کے دباؤ کے باوجود گیند پر کنٹرول برقرار رکھا اور اسے لیونارڈو لوناردی (Leonardo Lonardi) کے حوالے کیا، جنہوں نے آگے بڑھ کر گیولیو ڈوناٹی (Giulio Donati) کو پاس دیا۔ ڈوناٹی نے شاندار شاٹ کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو۰۔۱؍گول کی برتری دلادی۔اگرچہ اس گول میں رونالڈینو کے نام براہ راست اسسٹ درج نہیں ہوا، لیکن گول کی تیاری میں ان کا کردار اہم رہا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر انہیں میدان سے باہر بلایا گیا تو اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اور ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
رونالڈینو کے میدان سے باہر جانے کے بعد بھی ریوینا نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ میچ کے ۵۸ویں منٹ میں سیمونے رابی نے ٹیم کی جانب سے دوسرا گول کرکے اسکور۰۔۲؍گول کردیا۔ اس طرح ریوینا نے مقامی حریف فورلی کو شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کی۔یہ مقابلہ رونالڈینو کے لیے طویل عرصے بعد مسابقتی فٹ بال میں واپسی کا موقع تھا، جبکہ ریوینا کے لیے بھی ان کی موجودگی عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنے کا سبب بنی۔
یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دھول چٹاکرمسلسل چوتھی مرتبہ رگبی لیگ ورلڈ کپ جیت لیا
میچ کے بعد رونالڈینو نے اپنی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گزارنا اور دوبارہ میدان میں اترنا ان کے لیے بہت خوشگوار تجربہ رہا۔ ان کے مطابق فٹ بال ہمیشہ ان کی زندگی کا سب سے خوبصورت حصہ رہا ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ ریوینا کے لیے ان کا آخری میچ تھا یا وہ دوبارہ بھی میدان میں اتریں گے، تو انہوں نے واضح کیا کہ اگر کلب کے صدر انہیں دوبارہ کھیلنے کے لیے بلائیں گے تو وہ ضرور واپس آئیں گے۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ رونالڈینو نے مستقبل میں مزید مقابلوں میں شرکت کا امکان مکمل طور پر مسترد نہیں کیا ہے۔رونالڈینو کا شمار جدید فٹ بال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ ان کی غیر معمولی ڈرِبلنگ، گیند پر حیرت انگیز کنٹرول، پاس دینے کی صلاحیت اور دلکش کھیل نے انہیں دنیا بھر میں مقبولیت دلائی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران پیرس سینٹ جرمین، بارسلونا اور اے سی میلان جیسے بڑے کلبوں کی نمائندگی کی۔بارسلونا کے ساتھ ان کا دور خاص طور پر یادگار رہا۔ انہوں نے ہسپانوی کلب کی جانب سے ۲۰۷؍ میچوں میں ۹۴ ؍گول اسکور کیے۔ ان کی قیادت اور کارکردگی میں بارسلونا نے دو مرتبہ لا لیگا اور ۲۰۰۶ ءمیں یوئیفا چیمپئنز لیگ کا خطاب جیتا۔ بعد ازاں ۲۰۰۸ ءسے ۲۰۱۱ ءتک وہ اٹلی کے مشہور کلب اے سی میلان سے وابستہ رہے اور اس کے ساتھ سیری اے کا خطاب بھی جیتا۔