• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیتابھ بچن کے مشہور بنگلے ’جلسہ‘ پر ملکیت کا تنازع

Updated: November 16, 2026, 1:06 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع مشہور رہائشی بنگلے ’جلسہ‘ کی ملکیت کو لے کر بچن خاندان میں قانونی تنازع سامنے آیا ہے۔ امیتابھ بچن کے چھوٹے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ رمولا بچن نے ۱۹۹۳ء میں تیار کی گئی اس گفٹ ڈیڈ (تحفے کے ذریعے جائیداد منتقل کرنے کی دستاویز) کو چیلنج کیا ہے۔

Jalsa.Photo:INN
جلسہ۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع مشہور رہائشی بنگلے ’جلسہ‘ کی ملکیت کو لے کر بچن خاندان میں قانونی تنازع سامنے آیا ہے۔ امیتابھ بچن کے چھوٹے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ رمولا بچن نے ۱۹۹۳ء میں تیار کی گئی اس گفٹ ڈیڈ (تحفے کے ذریعے جائیداد منتقل کرنے کی دستاویز) کو چیلنج کیا ہے، جس کے تحت بنگلے کی ملکیت جیا بچن کے نام منتقل کی گئی تھی۔ رمولا کا دعویٰ ہے کہ یہ منتقلی ان کی معلومات اور رضامندی کے بغیر کی گئی تھی۔ معاملہ اب ممبئی کے اندھیری میں ڈپٹی رجسٹرار آف کوآپریٹیو سوسائٹیز کے سامنے زیرِ سماعت ہے اور متعلقہ فریقین سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رمولا بچن نے گزشتہ تقریباً سات ماہ کے دوران رجسٹریشن اور کوآپریٹیو سوسائٹی سے متعلق مختلف سرکاری حکام کے پاس متعدد شکایات درج کرائی ہیں۔ ان شکایات میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ’جلسہ‘ پہلے ان کے نام پر درج تھا اور بعد میں ایک گفٹ ڈیڈ کے ذریعے اسے جیا بچن کے نام منتقل کردیا گیا۔رمولا نے اس دستاویز کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ گفٹ ڈیڈ سادہ کاغذ پر تیار کی گئی تھی، اس پر اس وقت اسٹامپ ڈیوٹی ادا نہیں کی گئی اور دستاویز پر گواہوں کے دستخط بھی موجود نہیں تھے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں اس مبینہ منتقلی کے بارے میں نہ تو پہلے اطلاع دی گئی اور نہ ہی ان کی رضامندی حاصل کی گئی۔تاہم یہ تمام نکات رمولا کی جانب سے پیش کی گئی شکایات اور الزامات کا حصہ ہیں۔ ابھی تک کسی مجاز اتھارٹی نے ان الزامات کی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی گفٹ ڈیڈ کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
اس تنازع کا ایک اہم پہلو جائیداد کی ملکیت سے متعلق دو مختلف ریکارڈ کا سامنے آنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق جوہو کی کپول ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریکارڈ میں جیا بچن کو ’جلسہ‘ کا مالک بتایا گیا ہے، جبکہ مہاراشٹر حکومت کے پراپرٹی کارڈ    پر اب بھی رمولا بچن کا نام درج ہے۔رمولا نے اسی تضاد کو اپنی شکایات کی بنیاد بنایا ہے۔ ان کا اعتراض ہے کہ اگر جائیداد کی ملکیت قانونی طور پر جیا بچن کو منتقل ہوچکی تھی تو سرکاری پراپرٹی کارڈ میں ان کا نام برقرار کیوں ہے؟ رپورٹس کے مطابق تنازع اس وقت دوبارہ شدت اختیار کرگیا جب سرکاری ریکارڈ سے رمولا کا نام ہٹاکر جیا بچن کا نام درج کرانے کی کوشش کی گئی۔اس معاملے میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے شیئرز اور سرکاری پراپرٹی ریکارڈ کی حیثیت بھی اہم ہوگئی ہے، کیونکہ دونوں دستاویزات میں ملکیت سے متعلق الگ الگ تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے میں ہندوستان کو حریف ممالک کے مقابلے میں ترجیح ملے گی

رمولا بچن نے ۱۹۹۳ء کی مبینہ گفٹ ڈیڈ کو بعد میں رجسٹر کیے جانے اور مہاراشٹر حکومت کی ’ابھی یوجنا‘   کے تحت اسے قانونی طور پر باقاعدہ بنانے کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ دستاویز مبینہ طور پر ۲۰۰۶ء میں رجسٹر کی گئی تھی، یعنی اس کی تیاری کے تقریباً ۱۳؍سال بعد۔ رمولا نے اعتراض کیا ہے کہ سادہ کاغذ پر تیار ہونے والی اور مبینہ طور پر گواہوں کے دستخط سے محروم دستاویز کو اس اسکیم کے تحت کس بنیاد پر رجسٹر اور باقاعدہ کیا گیا۔واضح رہے کہ ابھی یوجنا کا مقصد بعض پرانی دستاویزات پر واجب الادا اسٹامپ ڈیوٹی اور جرمانے کے معاملے میں رعایت فراہم کرنا تھا۔ تاہم کسی دستاویز پر اسٹامپ ڈیوٹی کی ادائیگی یا اسے باقاعدہ رجسٹر کرانا بذاتِ خود اس دستاویز کی صداقت یا ملکیت کی منتقلی کی قانونی حیثیت کا حتمی ثبوت نہیں ہوتا۔جائیداد کی منتقلی سے متعلق ہندوستانی قانون میں ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ ۱۸۸۲ء کی دفعہ ۱۲۳؍اہمیت رکھتی ہے۔ اس دفعہ کے مطابق غیر منقولہ جائیداد کو تحفے کے طور پر منتقل کرنے کے لیے رجسٹرڈ دستاویز ضروری ہوتی ہے، جس پر تحفہ دینے والے یا اس کی جانب سے مجاز شخص کے دستخط ہونے کے ساتھ کم از کم دو گواہوں کی تصدیق بھی لازمی ہے۔اسی قانونی تقاضے کے تناظر میں رمولا نے مبینہ گفٹ ڈیڈ پر گواہوں کے دستخط نہ ہونے اور اس کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر اعتراض کیا ہے۔ تاہم اس مخصوص دستاویز پر قانون کا اطلاق کس طرح ہوگا، اس کا فیصلہ متعلقہ حکام یا مجاز عدالتی فورم ہی کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:جے دیپ اہلاوت، ابھیشیک اور برون سوبتی ’’پشپک ویمان‘‘ ایک ساتھ نظر آئیں گے

رمولا بچن کی شکایت اب اندھیری کے ڈپٹی رجسٹرار آف کوآپریٹیو سوسائٹیز کے دفتر پہنچ چکی ہے، جہاں اس معاملے میں سماعت شروع کردی گئی ہے۔ڈپٹی رجسٹرار فیاض ملانی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ان کے دفتر کو جائیداد کی مبینہ غیر مناسب منتقلی سے متعلق شکایت موصول ہوئی ہے اور سماعت شروع کردی گئی ہے۔ متعلقہ فریقین سے اس معاملے پر اپنا جواب داخل کرنے کو کہا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق رمولا نے رجسٹریشن حکام، کوآپریٹیو سوسائٹیز کے رجسٹرار اور انسپکٹر جنرل آف رجسٹریشن و کنٹرولر آف اسٹامپس کے سامنے بھی اپنی شکایات اور نمائندگی پیش کی ہے۔فی الحال کسی سرکاری اتھاریٹی نے یہ فیصلہ نہیں دیا ہے کہ ۱۹۹۳ء کی گفٹ ڈیڈ درست ہے یا نہیں، اور نہ ہی جائیداد کی ملکیت کے دعوؤں پر کوئی حتمی حکم جاری ہوا ہے۔
رمولا بچن، امیتابھ بچن کے چھوٹے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ ہیں۔ وہ بچن خاندان سے طویل عرصے سے وابستہ ہیں، لیکن عام طور پر فلمی تقریبات اور میڈیا کی سرگرمیوں سے دور رہی ہیں۔رمولا کی شادی اجیتابھ بچن سے ۱۹۷۳ء میں ہوئی تھی۔ ان کے چار بچے ہیں، جن میں تین بیٹیاں نلیمہ، نینا اور نمریتا اور ایک بیٹا بھیم شامل ہیں۔ نینا کی شادی اداکار کنال کپور سے ہوئی ہے۔رمولا نے کلکتہ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور بعد میں فیشن، کاروبار، تقریبات کے انتظام اور مہمان نوازی کے شعبوں میں کام کیا۔ وہ فیشن ڈیزائنر اور کاروباری شخصیت کے طور پر بھی جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے لندن میں ٹیلی ویژن پریزنٹر کے طور پر بھی کام کیا اور بعد میں ہندوستان میں فیشن و ایونٹ مینجمنٹ سے متعلق کاروباری سرگرمیاں شروع کیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK