Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام مہلوکین کے اہل خانہ کو ۵۰؍ لاکھ روپے معاوضہ

Updated: April 29, 2025, 11:12 PM IST | Mumbai

کابینہ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ کا بڑا اعلان، مہلوکین کے بچوں کی تعلیم اور روزگار پر بھی حکومت توجہ دے گی۔ سنتوش جگدالے کی بیٹی کو سرکاری ملازمت دی جائے گی ۔

Chief Minister Devendra Fadnavis (file photo)
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس( فائل فوٹو)

منگل کے روز وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کابینہ میٹنگ کے دوران فیصلہ کیا کہ پہلگام حملے میں مارے گئے مہاراشٹر کے باشندوں کو مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ۵۰؍ لاکھ روپے بطور معاوضہ دیا جائے گا جبکہ گھر کے بچوں کی تعلیم اور روزگارپر بھی حکومت توجہ دے گی۔ نیز پونے کےمہلوک  سنتوش جگدالے کی بیٹی کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔    یاد رہے کہ پہلگام حملے میں مہاراشٹر کے ۶؍ باشندے ہلاک ہوئے تھے جن کیلئے پہلے وزیر اعلیٰ نے ۵؍ لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا تھا۔   
  اطلاع کے مطابق  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی صدارت میں منترالیہ میں کابینہ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں پہلگام حملے کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔  اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ۲۲؍ اپریل کو ہوئے پہلگام حملے میں مہاراشٹر کے جو ۶؍ باشندے ہلاک ہوئے ہیں ان کے اہل خانہ کو بطور معاوضہ ۵۰؍ لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی   مہلوکین میں شامل پونے  کے سنتوش جگدالے کی بیٹی آساوری جگدالے کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔  اتنا ہی نہیں وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ان خاندانوں کے بچوں کی تعلیم  اور دیگر افراد کے روزگار پر بھی حکومت توجہ دے گی۔  یاد رہے کہ پہلگام حملے میں مجموعی طور پر ۲۸؍ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ان میں سے ۲۶؍ سیاح تھے جو ملک کے مختلف علاقوں سے سیر کیلئے پہلگام گئے تھے جبکہ ایک نیپالی باشندہ تھا اور ا یک سید عادل حسین شاہ تھا جو ان سیاحوں کو بچانے کی خاطر دہشت گردوں سے بھڑ گیا تھا اور اپنی جان قربان کر دی تھی۔ ۲۶؍  مہلوک سیاحوں میں سے ۶؍ کا تعلق مہاراشٹر سے تھا۔ ان میں پونے کے کوستبھ گن بوٹے اور سنتوش جگدالے کے علاوہ ڈومبیولی کے  سنجے لیلے، اتل مونے اور ہیمنت جوشی شامل ہیں۔ ساتھ ہی پنویل کے رہنے والے دلیپ  بھوسلے کی بھی اس حملے میں موت ہوئی تھی۔ 
  معاوضے کے اعلان کے بعد دیویندر فرنویس نے کہا کہ اس طرح کی مدد کے ذریعے ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم متاثرین کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس دوران مہاراشٹر کے گورنر سی پی بالا کرشنن نے کانگریس لیڈران کے ان بیانات  پر افسوس کا اظہار کیا جن میں انہوں نے پہلگام حملے کے تعلق سے حکومت پر سوال اٹھائے اور اسے مودی حکومت کی ناکامی قرار دیا۔  انہوں نے کہا ’’ یہ افسوس کی بات ہے کہ کچھ اس حملے سے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔‘‘ 
 والد کا خواب پورا ہوگا: آساوری جگدالے 
 وزیر اعلیٰ کی جانب سے سرکاری نوکری دیئے جانے کا اعلان ہونے کے بعدسنتوش جگدالے کی بیٹی آساوری جگدالے نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔  ان کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر حکومت متاثرہ خاندانوں کیلئے جو کچھ کر رہی ہے ، اس کیلئے میں وزیر اعلیٰ اور تمام سرکاری افسران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ ‘‘ آساوری نے کہا ’’ انہوں نے ہم سے کہا تھا کہ ہم آپ کے ساتھ حکومت کا ایک ایک کارندہ آپ کے ساتھ ہے۔ اب متاثرہ خاندانوں کیلئے امداد اور میرے لئے سرکاری نوکری کا اعلان ہوا ہے اس کیلئے میںحکومت اور وزیراعلیٰ کی شکر گزار ہوں۔ ‘‘  انہوں نے کہا کہ ’’ میرے والد  کا خواب تھا کہ میں سرکاری ملازمت حاصل کروں۔ آج وہ نہیں ہیں لیکن اس طرح سے میری سرکاری نوکری کرنے کی تمنا پوری ہو رہی ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK