• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میانمار کے خلاف نسل کشی کے فیصلے سے اسرائیل میں تشویش، غزہ کیس پر اثرات کا خدشہ

Updated: November 20, 2026, 10:02 PM IST | Tel Aviv

روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے معاملے میں عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے نے اسرائیل کی تشویش بڑھا دی ہے۔ اسرائیلی عہدیداروں نے اسے جنوبی افریقہ کی جانب سے غزہ میں نسل کشی کے الزام پر دائر مقدمے کے لیے خطرناک نظیر قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نسل کشی ثابت کرنے کے عدالتی طریقۂ کار پر بھی اثر پڑسکتا ہے۔

Benjamin Netanyahu. Photo: INN
بنجامن نیتن یاہو۔ تصویر: آئی این این

نسل کشی کے الزام میں میانمار کو ذمہ دار ٹھہرانے کے عالمی عدالتِ انصاف (ICJ) کے فیصلے نے اسرائیل میں تشویش پیدا کردی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف غزہ میں نسل کشی کا مقدمہ پہلے ہی عالمی عدالتِ انصاف میں زیرِ سماعت ہے۔ ایسے میں میانمار کے خلاف آنے والے فیصلے کو اسرائیل کے لیے ایک خطرناک نظیر قرار دیا جارہا ہے۔ اسرائیلی نیوز ویب سائٹ ’وائی نیٹ‘ (Ynet) نے سینئر اسرائیلی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ میانمار کے خلاف فیصلہ اسرائیل کے لیے ’’ایک خطرناک نظیر‘‘ ثابت ہوسکتا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے میں ایسے اصول اور معیارات طے کیے گئے ہیں جن کا براہِ راست اطلاق ضروری نہیں کہ اسرائیل پر بھی ہو، لیکن اس سے اسرائیل کے خلاف مقدمے میں نئے امکانات کا راستہ ضرور کھلتا ہے۔ ان عہدیداروں کے مطابق اس فیصلے سے پہلی بار یہ اصول مضبوط ہوا ہے کہ کسی ملک کو نسل کشی کا براہِ راست ذمہ دار ٹھہرایا جاسکتا ہے اور اس کے ارادے کو بھی شواہد کی بنیاد پر ثابت کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: وزیر اعظم کی مدت کو۸؍ سال تک محدود کرنے کا بل کنیسٹ میں پیش

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالتی تنظیم عالمی عدالتِ انصاف نے جمعرات کو فیصلہ سنایا کہ میانمار نے ۲۰۱۷ء میں ریاست رخائن کے شمالی علاقوں میں فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی تھی۔ عدالت نے میانمار کو متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے اور مستقبل میں اس طرح کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا۔ اس فیصلے کو عالمی عدالتِ انصاف کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ریاست کو براہِ راست نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینے والا فیصلہ بتایا جارہا ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب جنوبی افریقہ، اسرائیل کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں نسل کشی کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔ جنوبی افریقہ نے ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں ۱۹۴۸ء کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔ اسرائیل کے انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل سیکوریٹی اسٹڈیز سے وابستہ وکیل تمی کینر نے کہا کہ میانمار سے متعلق فیصلہ اسرائیل کے خلاف جاری عدالتی کارروائی پر اہم اثرات مرتب کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق میانمار کے معاملے میں آنے والا فیصلہ ایک اہم نظیر ہے، جس کے اثرات اسرائیل کے خلاف مقدمے میں بھی سامنے آسکتے ہیں۔ یروشلم کی عبرانی یونیورسٹی کے پروفیسر یووال شانی نے بھی کہا کہ میانمار کے خلاف فیصلے سے اسرائیل کو تشویش ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق اس فیصلے میں نسل کشی ثابت کرنے کے طریقۂ کار میں تبدیلی نظر آتی ہے۔ اب تمام حالات و واقعات کا مجموعی جائزہ لے کر یہ دیکھا جائے گا کہ ان سے کون سا واحد معقول نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جوہری تنصیبات پر بمباری کے بعد ایران سے ان تک رسائی کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر ۲۰۲۳ء سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک ۷۴؍ ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کے تقریباً ۹۰؍ فیصد بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اکتوبر ۲۰۲۵ء میں جنگ بندی کا معاہدہ نافذ ہونے کے باوجود اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقوں پر حملے جاری رکھے ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ سے جمعرات تک اسرائیلی حملوں میں مزید ایک ہزار ۶۶۲؍ فلسطینی جاں بحق اور ۶؍ ہزار ۷؍ زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK