Inquilab Logo

امیت شاہ کے ساتھ میٹنگ کے بعد بھی پہلوانوں کا احتجاج جاری رہے گا، افواہوں کی تردید

Updated: June 06, 2023, 9:57 AM IST | New Delhi

ساکشی ملک نے تحریک سے اپنی علاحدگی یا نابالغ شکایت کنندہ کے شکایت واپس لینے سے متعلق دعوؤں کو’’فیک نیوز‘‘قراردیا، انصاف ملنے تک جدوجہد کا عزم

Sakshi, Bajrang and Arunesh talking to the media
ساکشی ، بجرنگ اورونیش میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے

 سنیچر کو دیررات ۱۱؍ بجے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کی ملاقات کی خبر اتوار کو منظر عام پرآئی اوراس کے   منظرعام پر آنے کے بعد سے  پہلے قیاس آرائیوں  کا دور شروع ہوا پھر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا کہ  برج بھوشن کے خلاف شکایت کرنے والی نابالغ پہلوان نے اپنی شکایت واپس لے لی ہے نیز ساکشی ملک نے خود کو احتجاج سے علاحدہ کرلیا ہے۔ پیر کو ساکشی ملک  اور بجرنگ پونیا نے باقاعدہ ٹویٹ کرکے اس کی تردید کی اور واضح  طور پر کہا کہ انصاف کے حصول تک ان کی جدوجہد جاری رہےگی۔ 
 واضح رہے کہ مظاہرہ میں شامل رہنے والی  ساکشی ملک اور  ان کے ساتھی بجرنگ پونیا نے ریلوے میں اپنی ملازمت   جوائن کرلی ہے۔ انہوں نے چونکہ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد پیر سے ملازمت جوائن کی ہے ،اس لئے میڈیا  کے ایک حلقے نے   یہ ’خبر ‘بنا کر پیش کردی کہ پہلوانوں کا احتجاج  اختتام کے قریب ہے کیوں کہ ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا نے سروس جوائن کرلی ہے اور احتجاج سے خود کو الگ کرلیا ہے۔ اس کی تردید کرتے ہوئے ساکشی ملک نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’یہ خبر بالکل غلط ہے۔ انصاف کی لڑائی میں نہ ہم میں سے کوئی پیچھے ہٹا ہے، نہ ہٹے گا۔ ستیہ گرہ کے ساتھ ساتھ ریلوے میں اپنی ذمہ داری کو ساتھ نبھا رہی ہوں۔ انصاف ملنے تک ہماری لڑائی جاری ہے۔ برائے کرم کوئی غلط خبر نہ چلائی جائے۔‘‘ ساکشی نے وزیر داخلہ سے اپنی ملاقات کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ ’’ہم نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی ہے۔ یہ ایک عام بات چیت تھی، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے اور وہ ہے انھیں (برج بھوشن سنگھ) گرفتار کریں۔‘‘  بجرنگ پونیا نے بھی ٹویٹ کرکے تحریک ختم نہ ہونے کی وضاحت کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’تحریک واپس لینے کی خبریں محض افواہ ہیں۔ یہ خبریں ہمیں نقصان پہنچانے کیلئے پھیلائی جا رہی ہیں۔ ہم نہ پیچھے ہٹے ہیں اور نہ ہی ہم نے تحریک واپس لی ہے۔‘‘  نابالغ پہلوان کی ایف آئی آر واپس لینے کی اطلاع کی بھی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ ’’ ایف آئی آر واپس لینے کی خبر بھی جھوٹی ہے۔ انصاف ملنے تک لڑائی جاری رہے گی۔‘‘  واضح رہے کہ امیت شاہ سے ملاقات میں کو ئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوئی کیوں کہ  وزیر داخلہ پہلے جانچ مکمل ہونے کے موقف پر قائم رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK