بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے اس حملے کا جائزہ لینے کا مطالبہ،روس کے مطابق امریکہ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کو خطرہ بتا کرفوجی کارروائی کا جواز پیش کررہا ہے۔
EPAPER
Updated: July 21, 2026, 10:22 AM IST | Moscow
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے اس حملے کا جائزہ لینے کا مطالبہ،روس کے مطابق امریکہ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کو خطرہ بتا کرفوجی کارروائی کا جواز پیش کررہا ہے۔
روس نے ایران کے دارخوین جوہری پاور پلانٹ پر مبینہ امریکی حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔روس نے اتوار کو ایران کے زیر تعمیر دارخوین جوہری بجلی گھر پر رات کے وقت مبینہ حملے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) سے اس واقعے کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا کہ ماسکو نے اس مبینہ حملے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کا نوٹس لیا ہے جو ان کے بقول آئی اے ای اے کی نگرانی میں موجود اس جوہری تنصیب کے تحفظ اور ایران کے گرد ابھرتی ہوئی مجموعی سیکوریٹی صورت حال کے حوالے سے تشویش کا باعث ہیں۔
وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں زخارووا نے کہا کہ ہم نے میڈیا میں آنے والی ان اطلاعات کا نوٹس لیا ہے ۔ یہ رپورٹس اس تنصیب کی جوہری سلامتی کے حوالے سے جو آئی اے ای اے کی نگرانی میں ہے اور ایران کے گرد تیزی سے تشویش ناک ہوتی صورت حال کے تناظر میں شدید خدشات پیدا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوہری تنصیبات پر حملے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور آئی اے ای اے کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور ان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہئے۔ زخارووا نے کہا کہ روس توقع رکھتا ہے کہ آئی اے ای اے کی قیادت اس مبینہ واقعے کا غیر جانبدارانہ جائزہ پیش کرے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کو خطرہ قرار دے کرفوجی کارروائی کا جواز بنانےکیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول ایران کے پُرامن جوہری پروگرام سے متعلق مبینہ خطرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی تمام کوششیں دراصل ایران میں ایک اور خوں ریزی کی ناقابلِ قبول منصوبہ بندی پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہیں۔زخارووا نے مزید کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت ایران سمیت غیر جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستوں کو پُرامن مقاصد کیلئے جوہری توانائی کی ترقی اور استعمال کا حق حاصل ہے، اور اس حق پر نہ تو سوال اٹھایا جانا چاہیے اور نہ ہی اسے بیرونی حملوں کا نشانہ بنایا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: کیئر اسٹارمر مستعفی، اینڈی برنہم برطانیہ کے نئے وزیرِ اعظم مقرر
اس سے قبل ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم نے کہا تھا کہ امریکی حملوں میں ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں زیر تعمیر دارخوین جوہری بجلی گھر کو نشانہ بنایا گیا۔