چاند ۲۹؍ کا ہوگا یا ۳۰؍ کا خواتین کو اس کی فکر رہتی ہے حالانکہ وہ روزانہ چند کام نمٹاتی ہوئی آگے بڑھتی ہیں اور چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی بات کا دھیان رکھتی ہیں۔
EPAPER
Updated: March 19, 2026, 2:55 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
چاند ۲۹؍ کا ہوگا یا ۳۰؍ کا خواتین کو اس کی فکر رہتی ہے حالانکہ وہ روزانہ چند کام نمٹاتی ہوئی آگے بڑھتی ہیں اور چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی بات کا دھیان رکھتی ہیں۔
آج ۲۹؍ واں روزہ ہے۔ مغرب کی اذان کے بعد ہی عید کا چاند دیکھنے کی کوشش ہوگی۔ بلاشبہ چاند نظر آتے ہی خواتین کی فکر میں اضافہ ہوجائے گا۔ خیر عید تک خواتین تیاریوں میں مصروف رہتی ہیں۔ اس تحریر میں عین وقت کی جانے والی تیاریوں کے لئے رہنمائی کی جا رہی ہیں:
گھر کی صفائی اور سجاوٹ
عید سے قبل گھر کی مکمل صفائی اور ازسر نو ترتیب ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ عید سے عین قبل گھر کی تفصیلی صفائی کرلیں۔ اس کام میں گھر والوں کی مدد لیں۔ گھر کو سجانے کیلئے برقی قمقموں کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ آپ چاہیں تو عید مبارک کے اسٹیکر دیواروں پر لگا سکتی ہیں۔ غباروں کا اضافہ کرکے گھر کی دلکشی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عید کے موقع پر پڑوسیوں کا خیال رکھیں
ریڈی میڈ کپڑے
بعض گھرانوں میں آخری وقت میں تنخواہ ملنے کے سبب عید کے عین وقت پر کپڑے خریدے جاتے ہیں۔ ان افراد کے لئے ریڈی میڈ کپڑوں کا آپشن بہترین ثابت ہوتا ہے۔ بازار میں ریڈی میڈ کپڑوں کی بھرمار ہے۔ لیس، موتی اور کڑھائی سے سجے کئی لیڈیز کپڑے مل جائیں گے۔ بچوں کے لئے تو بہت ساری ورائٹی ہے جیسے کہ ریڈی میڈ کرتا یا شیروانی شلوار، تھری پیس سوٹ، جینس شرٹ وغیرہ خریدے جاسکتے ہیں۔
سینڈل/ چپل
عید پر کپڑوں کے ساتھ ساتھ جوتے بھی خاص فیشن کا خیال کرتے ہوئے خریدے جاتے ہیں۔ عید کے موقع پر خواتین اور نوعمر لڑکیاں اونچی ہیل والی کی سینڈل خریدنا پسند کرتی ہیں۔ چاند نظر آتے ہی اکثر بازار میں خواتین کی بیشتر تعداد چپل یا سینڈل خریدتی نظر آتی ہے۔ فلیٹ، فلپ فلاپ، پلیٹ فارم، سلائیڈز، ویجز وغیرہ اقسام کی سینڈلز خواتین اپنی پسند اور کپڑوں کے مطابق انتخاب کرسکتی ہیں۔ نوعمر لڑکیاں جوتیاں بہت زیادہ پسند کرتی ہیں۔ روایتی لباس کے ساتھ رنگ برنگی جوتیاں خوب جچتی ہے۔
جیولری
عید کے لئے لباس اور جوتیوں چپلوں کے ساتھ ساتھ جیولری بھی دیدہ زیب لی جاتی ہے۔ بازار میں نت نئے انداز کے ایئر رنگز دستیاب ہیں۔ نیکلس اور چوکر کی بھی دھوم ہے۔ یہ ہر اسٹائل کے لباس پر پہنا جاسکتا ہے جو نہایت خوبصورت لگتا ہے۔ چوکر لڑکیوں کے ساتھ خواتین کا بھی دیدہ زیب فیشن ہے۔ رِنگ والی بالیاں بھی کافی پسند کی جا رہی ہے۔ کانچ کی یا میٹل کی چوڑیاں آپ کے لُک کو مکمل کرتا ہے، اس لئے چوڑیاں خریدنا نہ بھولیں۔
یہ بھی پڑھئے: عید الفطر.... خوشیوں، شکر گزاری اور محبت کا پیغام
میک اپ
بلاشبہ میک اَپ کے بغیر خواتین کی تمام تیاری پھیکی رہتی ہے کیونکہ اس کے بغیر خواتین کا سجنا، سنورنا ناممکن ہے۔ ایسے میک اپ کا انتخاب کریں جو جلد کے نقوش کو نمایاں کرتا ہو۔ لباس کا رنگ اگر سرخ ہو تو لپ اسٹک شائنی رنگوں کی ہو۔ آنکھوں پر کاجل یا لائنر دلکش دکھائی دیتا ہے۔ آئی شیڈز سافٹ رنگ کے استعمال کرنا مناسب ہوگا۔
ہینڈ بیگز
عید کی مناسبت سے خواتین کی شاپنگ میں اگر ہینڈ بیگ نہ ہو تو سب کچھ ادھورا سا لگتا ہے۔ رنگا رنگ ملبوسات اور دیگر چیزوں کے ساتھ خواتین کیلئے پرس بھی ایک سے ایک سٹائل میں سامنے آئے ہیں۔ ملٹی کلرز کے ہینڈ بیگز کو ہر لباس کے ساتھ آسانی سے میچ کیا جاسکتا ہے۔ آج کل کلچ زیادہ پسند کیا جا رہا ہے اس لئے خواتین اپنے کپڑوں کے حساب سے اس کا انتخاب کریں۔
حسن نکھاریں
عید کی تیاری کے ساتھ ساتھ خواتین اپنے حسن نکھارنے کیلئے بھی کوشاں رہتی ہیں۔ کچھ خواتین چاند رات کو بیوٹی پارلر کا رخ کرتی ہیں جہاں بہت زیادہ بھیڑ ہوتی ہے۔ خواتین اپنا حسن نکھارنے کے لئے گھریلو نسخے بھی آزما سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: چوڑیاں، بالیاں اور عیدالفطر کی تیاریاں
عید کے پکوان
چاند رات کو عید کے پکوانوں کی پیشگی تیاریاں کرلینا بہتر ہوتا ہے۔ ادرک لہسن اور ہری مرچ پیس کر رکھ لینا چاہئے۔ میٹھے پکوانوں کیلئے خشک میوہ خرید کر کاٹ لینا کافی وقت بچا سکتا ہے۔ کھویا لاکر فریج میں رکھنا بہتر ہوتا ہے۔ بریانی، قورمہ، پلاؤ جیسے نمکین پکوانوں کیلئے مسالے تیار کرکے پیکٹ بنا کر فریج میں رکھ لئے جائیں تو عید کے دن پکوانوں کی تیاری میں آسانی ہوتی ہے۔
عید کی خوشی میں عبادت کو نہ بھولیں
گھر کی صفائی ستھرائی، کپڑوں، برتنوں کی دھلائی، ڈسٹنگ، استری وغیرہ کے کام نمٹانے کے ساتھ ساتھ عبادات کے لئے بھی وقت نکالنے کی کوشش کریں۔ ساتھ ہی، اپنے یہاں کام کرنے والی ملازماؤں کا بھی خیال رکھیں۔ آس پاس کے ضرورتمند لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں تاکہ عید کا اصل مقصد پورا ہوسکے۔