Inquilab Logo

ساکی ناکہ : خاتون کی آبروریزی کے بعد درندگی کیخلاف زبردست احتجاج

Updated: September 13, 2021, 11:18 AM IST | Kazim Shaikh | Sakinaka

’بھیم آرمی بھارت ایکتا ‘ اور ’جماعت اسلامی ممبئی ‘کی خواتین ونگ کے وفد نے میمورنڈم دے کرمرکزی اور ریاستی حکومت سے مقتولہ کے ورثا کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ گھاٹکوپر میں کینڈل مارچ نکالا گیا

Picture.Picture: Inquilab ,Sameer Markande
احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر ساکی ناکہ پولیس اسٹیشن کے پاس پولیس کا سخت بندوبست۔تصویر: انقلاب ، سمیرمارکنڈے

 یہاں ایک   ۳۰؍ سالہ  خاتون کی عصمت دری کے  بعد اس کے ساتھ درندگی  کی انتہائی اوربہیمانہ قتل  کے خلاف غیر سرکاری تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں کی  جانب سے  احتجاج شروع ہوگیا ہے۔ واردات کے تیسرے  دن  اتوار کو ساکی ناکہ پولیس اسٹیشن کے باہر جہاں کئی تنظیموں نے احتجاج کیا وہیں مظاہرین نے مجرم کو جلد سے جلد اور سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت سے مقتولہ کے اہل خانہ کو معاوضہ  دینے کی مانگ بھی کی ۔ اس واردات کے بعد پولیس کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
احتجاج کے پیش نظرپولیس کا سخت بندوبست
 ساکی ناکہ میں ۲؍بچوں کا ۳۰؍ سالہ ماں کے ساتھ  دردناک واردات کے بعد جیسے ہی ساکی ناکہ  پولیس  اسٹیشن کے باہر احتجاجی مظاہرے کی خبر  ملی ، ارد گرد کےعلاقے کو پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا  تھا ۔ پولیس اسٹیشن کی  طرف جانے والے راستوں پر رکاوٹیں لگاکر کسی کو بھی اس طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی  ۔ یہاں تک کہ میڈیا کے نمائندوں کو بھی اندر جانے سے روک دیا گیا تھا۔ 
ساکی ناکہ میں بھیم آرمی کا  احتجاج 
 ساکی ناکہ پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کرنے والے ’ بھیم آرمی بھارت مشن ‘   نامی تنظیم کے  علاقائی سربراہ زاہد علی شیخ نے انقلاب کو بتایا کہ ’’واردات کے دوران جان گنوانے والی خاتون کا تعلق نچلی ذات سے تھا ۔ اس لئے پولیس سے ہم نے میمورنڈم او ر احتجاج کے ذریعہ مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار کئے گئے ملزم کےخلاف لگائی گئی  متعدد دفعات کے ساتھ ایٹرو سٹی  ایکٹ بھی لگایا جائے ۔‘‘ انھوں نےمجرم کو جلد سے جلد پھانسی کی سزا  دینے مطالبہ کرتے ہوئے مقتولہ کے اہل خانہ کو معقول معاوضہ دینے کی بھی مانگ کی ہے  ۔ اس احتجاج میں مذکورہ تنظیم کے تقریباً ۲۰۰؍ ممبران شامل تھے۔ 
گھاٹ کوپر میں کینڈل مارچ 
 ساکی ناکہ میں ہونے والی  عصمت دری اور بہیمانہ قتل  کی واردات کے خلاف ’ راشٹریہ اتر بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ وجے شرمانے بتایا کہ انھوں نے اتوار کو گھاٹ کوپر کے ایل بی ایس مارگ پر واقع پاٹن والا کمپاؤنڈ میں پارٹی کے ممبران کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے اس واقعہ کی سخت مذمت کرنے کے علاوہ  مقتولہ کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے ۔ اسی کے ساتھ حکومت مہاراشٹر اور مرکزی حکومت سے ۵۰، ۵۰؍ لاکھ روپے خاتون کے اہل خانہ کو بطور معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ 
جماعت اسلامی ممبئی کی خواتین ونگ کی جانب سے میمورنڈم 
 جماعت اسلامی ممبئی کی ساکی ناکہ خواتین یونٹ کی سربراہ ممتاز نظیر شیخ نے ساکی ناکہ پولیس اسٹیشن  کے علاقے میںایک خاتون کے ساتھ  ہونے والی حیوانیت اور قتل کی واردات کے خلاف  میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فاسٹ ٹریک  عدالت اس کا مقدمہ  چلایا جائے اور مجرم کو  اتنی سخت عبرت ناک سزا عوام کے سامنے دی جائے تاکہ اس  سزا کو سوچ کر  واردات سے  پہلے  درندوںکے رونگٹے کھڑے ہوجائیںاور آئندہ اس طرح کی حرکت کوئی  نہ کرے ۔انھوں نے پولیس سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی واردات کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے کیوں کہ ممبئی شہر کافی محفوظ تسلیم کیا جاتا ہے اور اگر اس طرح کی واردات ہوتی رہی تو لوگوں کا ممبئی پولیس پرسے بھی اعتبار ختم ہوجائے گا اور درندوں کے بھی حوصلے بلند ہوں گے ۔ 
پوائی پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج  
  بھارتیہ جنتا پارٹی  کی مہیلا ونگ کی ممبران نے ممبئی ودھان پریشد کے اپوزیشن لیڈر پروین دریکر کی قیادت میں ساکی ناکہ میں ہونے والی واردات کے خلاف   پوائی پولیس اسٹیشن کے باہر زبردست احتجاج کرتے ہوئے مہاراشٹر کی اگھاڑی سرکار اور کانگریس پارٹی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ بی جے پی مہیلا مورچہ کی مظاہرین نے ’اگھاڑی سرکار نکمی ہے اور ا س سرکار کو بدلنی ہے‘ ۔ جوسرکار نکمی ہے ، ’سونیا گاندھی اس کی ممی ہے ‘  ۔اگھاڑی سرکار ہائے ہائے‘ جیسے کئی نعرے لگائے گئے ۔ اس دوران مظاہرین نے الزام لگایا کہ مہاراشٹر حکومت کی اگھاڑی سرکار لااینڈ آرڈر کے معاملے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ 
 قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈرپروین دریکر نے اس بارے میں نمائندہ سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم نے مہیلامورچہ کی قیادت کرتے ہوئے سب سے پہلے مہاراشٹر میں مہیلا کمیشن آیوگ کی  جگہ جو  ۲؍ سال سے خالی ہے، اس کو ہم نے پُر کرنے کامطالبہ کررہے ہیں لیکن حکومت نے ابھی تک اس پر دھیا ن نہیں دیا ۔ اس کے علاوہ ممبئی پولیس کمشنر نے ساکی ناکہ واردات پر جو بیان دیا ہے، وہ  غیر ذمہ دارانہ ہے ۔ ہم نے پوائی پولیس کو ایک میمورنڈ م کےذریعہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ جرائم پر قابو پائے اور اس طرح کی حرکت کرنے والوں کو سخت سے سخت سزادے ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK