Inquilab Logo

ساکی ناکہ: مساجدکے سامنے گندگی اورکیچڑ کے سبب مصلیان اور راہ گیروں کو دشواریاں

Updated: April 21, 2022, 10:29 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

خیرانی روڈ مسجد کے سامنے پائپ لائن پھٹ جانے سے کئی ہفتوں سےلاکھوں لیٹر پانی ضائع ہورہا ہے۔ متعدد مرتبہ شکایات کے باوجود میونسپل کارپوریشن پر لاپروائی اور بے توجہی کا الزام

On the way to the mosque, avoiding mud and dirty water.
راستے پر کیچڑاور گندے پانی سے بچتے ہوئے مصلیان مسجد میں جاتے ہوئے۔ (تصویر: انقلاب)

: پائپ لائن میں رساؤ کی وجہ سے  روزانہ لاکھوں  لیٹر پانی نہ صرف  ضائع ہورہا ہے بلکہ وہاں کی محمدی جامع مسجد  کے سامنے اس سے گندگی ہورہی ہے جس سے مصلیان اور راہ گیروں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ وہاں کی دیگر  مساجد کے سامنے بھی یہی حال ہے۔مقامی افراد کا الزام ہے کہ متعدد مرتبہ شکایتوں کے باوجودمیونسپل کارپوریشن اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے۔
 ساکی ناکہ  کے علاقے خیرانی روڈ پر واقع انعام مارکیٹ نزد زوبیہ اسپتال اور محمد ی جامع مسجد کے درمیان زیرزمین  پائپ  لائن پھٹ جانے سے کئی ہفتوںسے سڑک پر پانی بہہ رہا ہے ۔ اس پائپ لائن سے ہونے والے  رساؤ کی وجہ سے شام کے اوقات میں کیچڑ کی وجہ سے چلنا پھرنا دشوار ہوجاتا ہے ۔ شام میں جب پانی کی سپلائی کا وقت ہوتا ہے تو اس وقت مسجد کے قریب کیچڑ کی وجہ سے مسجد میںپہنچنا مشکل  ہوجاتا ہے ۔ 
 محمدی جامع مسجد کے قریب نیو اسٹار ینگ ویلفیئر اسوسی ایشن کے سربراہ افتخار خان نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی واسیوں کیلئے پینے کا پانی کتنا قیمتی ہے ، اس کا اندازہ اس سے لگایا  جاسکتاہے کہ کرلا کےمتعدد  علاقوں میں پانی نہ ملنے کی وجہ سے مکین ایک ایک قطرہ   پانی کے لئے تر س رہے  ہیں ۔ ممبئی کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں لوگ پانی حاصل کرنے کیلئے راتوں کو اپنی نیند خراب کرتے ہیں اور بڑی مشکل سے انھیں بقدر ِضرورت پانی میسر آتا ہے لیکن اسی کرلا کے  علاقے میں تقریباً ایک عشرے سے  جہاںمکین رمضان المبارک میں ٹینکر کا پانی  خریدنے پرمجبور ہیں  وہیں پائپ لائن میں رساؤ سے پانی ضائع ہورہا ہے اور  مساجد میں بھی  پانی نہیں پہنچ رہا ہے۔  اس سلسلے میںایل وارڈ کو خط لکھ کربتایاگیا ہے کہ کئی دنوں  سے یہاں پائپ لائن  پھٹنے سے روزانہ لاکھوںلیٹر پانی ضائع ہورہا ہے ۔ کئی بارشکایتیں بھی کی گئی  ہیں لیکن ایل وارڈ کے متعلقہ افسران اس جانب توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ 
  خیرانی روڈ پر مقیم عرفان احمد مختار خان نے میونسپل کارپوریشن میں اس تعلق سے کی جانے والی شکایت کی کاپی دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ۱۶؍ اپریل کو ایک بار پھر اس سلسلے میں ایل وارڈ میں تحریری شکایت کی گئی ہے جبکہ اس سے پہلے بھی ہم نے شکایت کی تھی لیکن ابھی تک پانی کے رساؤ کو بند کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیاہے ۔  انھوں نے یہ بھی بتایا کہ جس وقت پانی سپلائی ہوتا ہے ، اس وقت  پانی کے رساؤ کی وجہ سے  سڑک پر  اس قدر کیچڑ ہوتا ہے کہ گندگی کی وجہ سے وہاں سے گزرنا محال ہے  ۔شام ۴؍بجے سے  یادو نگر ، راجو نگر، الوین نگر ، سری نگر اور دیگر  علاقوں کے روزہ دار اسی راستے سے افطار وغیرہ کی خریداری کیلئے آتے جاتے ہیں   ۔ اس کے بعد نماز کے اوقات میں  ہزاروں افراد  رحمت مسجد ، مدینہ مسجد اور اہلحدیث مسجد کے مصلیان کو وہیں سے گزرنا پڑتا ہے  ۔ 
 اس سلسلے میں انقلاب نے علاقے کی  سابق کارپوریٹر   چترا  سانگلے کے شوہر سومناتھ سانگلے سے  بات چیت کی تو انھوں نے جائے وقوع کی تصویریں  منگواتے ہوئے کہا کہ مجھے ابھی تک  اس  کی  شکایت نہیں ملی تھی ۔البتہ بہت جلد پانی کے رساؤ اور  آس  پاس ہونے والے کیچڑ کی صفائی کرائی جائے گی ۔
  اس ضمن میں ایل وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کا چارج سنبھالنے والے مہادیو کولی سے بھی رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی مگر گفتگو نہ ہوسکی ۔  

sakinaka Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK