Inquilab Logo

ساکی ناکہ میں بھیانک آتشزدگی،۲؍ نوجوان ہلاک

Updated: March 28, 2023, 9:46 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

اتوار اور پیر کی درمیانی شب میٹرواسٹیشن کے قریب واقع ایک دکان میں آگ لگی تھی جس پر ۸؍ گھنٹوں بعد قابو پایا جاسکا،لاکھوں کا مال جل کر راکھ

The fire in the hardware shop was brought under control by the fire brigade after 8 hours of effort.
ہارڈ ویئر کی دکان میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ نے ۸؍گھنٹوں کی مشقت کے بعد قابو پایا۔(تصویر:سید سمیر عابدی)

اتوار اور پیر کی درمیانی شب ساکی ناکہ میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ایک الیکٹرک اور ہارڈویئر کی دکان میں بھیانک آگ لگ گئی اور اس دکان میں بنے۲؍ مچان منہدم ہوگئے۔ اس حادثے میں ۲؍ نوجوانوں کی موت ہوگئی ۔ آگ لگنے کی وجہ سے ۲؍افراد کی موت کے علاوہ دکان میں رکھا لاکھوں کا سامان بھی جل کر راکھ ہوگیا۔
 فائربریگیڈ کے مطابق شب تقریباً ۲؍ بج کر ۱۸؍ منٹ پر انہیں ساکی ناکہ میں پیننسُلا ہوٹل کے قریب واقع ’راج شری الیکٹرک اینڈ ہارڈ ویئر‘ نامی دکان میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی ٹیم راحت کاری کے لئے ۵؍ فائر انجن، ایک کیو آر وی، ۷؍ جے ٹی اور ۲؍ اے ڈبلیو ٹی ٹی کیساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔
 یہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ اس دکان میں ۲؍ مچان بنے ہوئے تھے جو آگ لگنے سے منہدم ہو گئے ہیں اور اس کے نیچے چند افراد کے دبے ہونے کا شبہ ہے۔ اس اطلاع پر فائر بریگیڈ عملہ نے فوری طور پر ’جے سی بی‘ گاڑی کا انتظام کرکے دکان کے سامنے کا حصہ منہدم کردیا تاکہ ملبہ میں پھنسے افراد کو نکالا جاسکے۔ تاہم آگ کی وجہ سے دکان میں پھنسے افراد کو تلاش کرنے میں دقت پیش آرہی تھی اس لئے آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری رکھی گئی اور کم و بیش ۸؍ گھنٹوں کی لگاتار مشقت کے بعد صبح تقریباً ۱۰؍ بج کر ۴۷؍ منٹ پر آگ پر قابو پایا جاسکا۔
 آگ پر قابو پانے کے دوران صبح کے وقت ایک شخص شدید جھلسی ہوئی حالت میں ملا جسے گھاٹ کوپر میں واقع راجا واڑی اسپتال پہنچایا گیا لیکن داخلے سے قبل ہی ڈاکٹر وائیکولے نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بعد میں اس کی شناخت ۲۲؍ سالہ راکیش گُپتا کے طور پر ہوئی۔
 آگ پر قابو پانے کے بعد فائربریگیڈ عملہ کو مزید ایک شخص بے ہوش پڑا ملا اور اسے بھی راجا واڑی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹر یوگیتا نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس کی شناخت ۲۳؍ سالہ گنیش سبارم دیواشی کے طور پر ہوئی ہے۔
 فائربریگیڈ کے مطابق اس دکان کے ۴۰؍ سے ۵۰؍ فٹ کے رقبہ میں وائر اور الیکٹرک کی مختلف اشیاء رکھی ہوئی تھیں جن میں آگ لگی ہوئی تھی۔ اسی پر مچان گرنے سے یہاں مزید سامان جمع  ہوگیا جس کی وجہ سے فائراہلکاروں کو دکان میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں دقت پیش آرہی تھی۔ 
 مقامی پولیس نے اس سلسلے میں حادثاتی موت کا کیس درج کرلیا ہے اور انہیں شبہ ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے لیکن فائر بریگیڈ اور پولیس افسر آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

sakinaka Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK