• Wed, 07 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لکھنؤ میں گیانیش کمار کے خلاف سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے کارکنان کا زبردست احتجاج

Updated: October 07, 2026, 12:20 PM IST | Inquilab News Network | Luckhnow

دہلی میںراہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور اکھلیش یادو کو حراست میں لئے جانے پر دونوں ہی پارٹیوں نے مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی،اس دوران پولیس کے ساتھ دھکا مکی اور نوک جھونک بھی ہوئی۔

Samajwadi Party workers protesting in Lucknow. Photo: INN
لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

دہلی میں کانگریس لیڈرراہل گاندھی ، پرینکا گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سمیت اپوزیشن لیڈران کو حراست میں لئے جانے کے خلاف منگل کو لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی کارکنوں نے حضرت گنج چوراہے پر زبردست مظاہرہ کیا۔ کارکنوں نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان دھکا مکی اور نوک جھونک بھی ہوئی۔پولیس نے سبھی کو حراست میں لے کر ایکو گارڈن بھیج دیا۔ 

سماجوادی پارٹی کارکنا ن کا کہنا تھا کہ دہلی میں انڈیا بلاک کے لیڈرچیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے دفتر کی جانب مارچ کر رہے تھے، اسی دوران پولیس نے کئی لیڈران کو حراست میں لے لیا۔ حضرت گنج میں مظاہرہ کررہے پارٹی کارکنان نےگیانیش کمار پر جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کا استعفیٰ نہیں ہوتا، سڑک سے ایوان تک جدوجہد جاری رہے گی۔مظاہرے میں شامل سماجوادی لیڈرمحمد عظیم نے الزام عائد کیا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے جمہوریت کا قتل کیا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ کروڑوں ووٹوں کی چوری کے ذریعے مختلف ریاستوں اور مرکز میں بی جے پی کی حکومت بنانے میں مدد کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ان کی ہدایت پر پورا الیکشن کمیشن بی جے پی کے لئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے  صدراکھلیش یادو طویل عرصے سے ووٹ چوری کا معاملہ اٹھاتے رہے ہیں اور کئی مرتبہ اس کے ثبوت بھی پیش کئے ، لیکن الیکشن کمیشن نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔ اب ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ سے بھی الیکشن کمیشن کے کام کاج پر سوال اٹھے ہیں۔مظاہرے میں شامل پرویش یادو نے کہا کہ وہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کرنے کے لیے سڑک پر اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لیڈراکھلیش یادو کو حراست میں لیا گیا ہے اور اب کارکن جیل بھرو تحریک چلائیں گے۔ جب تک گیانیش کمار استعفیٰ نہیں دیتے،ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔اس دوران پولیس اور مظاہرین میں جم کر دھکا مکی ہوئی، پولیس سبھی کو زبردستی حراست میں لے کر بسوںکے ذریعہ ایکو گارڈن بھیج دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: یوپی میں ۱۶؍ لاکھ نئے پُراسرار ووٹرس کی شناخت خفیہ کیوں؟

کانگریس کارکنان کی سڑک پر لیٹ کر نعرے بازی

دہلی میں دھرنے پر بیٹھے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی حمایت میں منگل کو لکھنؤ میں این ایس یو آئی کارکنان نے حضرت گنج چوراہے پر مظاہرہ کیا۔ کارکنوں نے سڑک پر لیٹ کر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف نعرے بازی کی اور اپوزیشن لیڈران کو حراست میں لئے جانے کی مخالفت کی۔ مظاہرے کے دوران پولیس اور کارکنوں کےکے مابین دھکا مکی بھی ہوئی۔

این ایس یو آئی کارکنوں نے انتخابی عمل اور الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈران کو حراست میں رکھنا جمہوری حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف نعرے کرتے ہوئے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ساتھ ہی راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی رہائی کابھی مطالبہ کرتے رہے۔ احتجاج کے پیش نظر حضرت گنج میں پولیس فورس تعینات تھی۔  پولیس نے احتجاج کر رہے این ایس یو آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا اورسبھی کو ایکو گارڈن بھیج دیا گیا۔ خیال رہے کہ اس طرح کے مظاہرے کئی ریاستوں میں ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK