شیوسینا (ادھو) کے رکن پارلیمان نے سوال اٹھایا کہ ’’بیک وقت جہاز کے دونوں انجن کیسے فیل ہو گئے ؟‘‘
EPAPER
Updated: June 14, 2025, 11:59 PM IST | Mumbai
شیوسینا (ادھو) کے رکن پارلیمان نے سوال اٹھایا کہ ’’بیک وقت جہاز کے دونوں انجن کیسے فیل ہو گئے ؟‘‘
رہ رہ کر مودی حکومت پر تنقید کرنے والے شیوسینا (ادھو) کے رکن پارلیمان سنجے رائوت نے اب احمد آباد طیارہ حادثے کے تعلق سے سوال اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ واقعی ایک حادثہ تھا یا پھر کسی دشمن ملک کا سائبر حملہ؟ یا درہے کہ گزشتہ جمعرات کو گجرات کے احمد آباد شہر میں ایئر انڈیا کے ایک طیارہ پرواز کرتے ہی گر پڑا تھا جس میں ۲۴۱؍ مسافروں سمیت تقریباً ۲۷۰؍ افراد ہلاک ہو گئے۔ سنجے رائوت نے سوال کیا ہے کہ اس حادثہ کو قتل قرار دیا جا ئے یا آتشزدگی؟
شیوسینا (ادھو) کے رکن پارلیمان سنجے رائوت نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ سائبر حملہ تھا ۔سنجے راوت نے کہا، ’’لوگوں کے دلوں میں جو شکوک ہیں، ملک اور بیرون ملک کی ایجنسیاں اس کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ یہ طیارہ یو پی اے کے دور میں خریدا گیا تھا ۔ اس وقت پرفل پٹیل وزیر برائے ہوا بازی تھے۔ اس وقت بی جے پی نے اس جہاز کی خریداری پر اعتراض ظاہر کیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ یہ جہاز تکنیکی طور پر درست نہیں ہے۔ اب بی جے پی کے دور میں یہ طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہے۔
انہوں نے کہا ’’ یہ سول ایوی ایشن سیکٹر کیلئے ایک معمہ ہے کہ یہ سب صرف ۳۰؍ سیکنڈ میں کیسے ہوا؟ ایک ہی وقت میں دو انجن کیسے بند ہو گئے؟ اس حوالے سے بہت سے سوالات پیدا ہوتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ ہمارے دلوں میں کئی سوالات ہیں۔ ہمارے ملک پر جو سائبر حملے ہو رہے ہیں، وہ بہت سنگین ہیں۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ یہ بھی کسی دشمن ملک کا سائبر حملہ تھا؟ ‘‘ بدقسمتی سے اس حادثے میں ۳۰۰؍ سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔‘‘سنجے راوت نےکہا کہ ’’ احمد آباد ایئر پورٹ کی سیکوریٹی کی ذمہ داری کس کے پاس ہے؟ وہاں کی دیکھ ریکھ کی ذمہ داری کس کے پاس ہے؟ ہمارے ذہن میں کئی سوالات ہیں لیکن فی الحال یہ سوال پوچھ کر تنازع کھڑا کرنا مناسب نہیں ہے کیونکہ معاملے کی جانچ چل رہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے ایک اور جانب اشارہ کیا کہ ایئر پورٹ پر ضروری افرادی قوت کے مقابلے ۵۶؍ فیصد کم افراد تعینات ہیں ۔ اس کا ذمہ دار کون ہے ؟ ایسا کیوں ہے؟ یاد رہے کہ رائوت نے اشاروں اشاروں میں مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔