Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہندی اب ممبئی کی بولی بن گئی ہے، یہ مراٹھی کی لاڈلی بہن ہے‘‘

Updated: June 02, 2025, 10:57 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

میرا بھائندر میں ایک تقریب کے دوران پرتاپ سرنائک کا بیان ۔ سنجے راؤت نے تنقید کی۔

Pratap Sarnaik. Photo: INN
پرتاپ سرنائک۔ تصویر: آئی این این

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے بھیا جی جوشی نے گھاٹ کوپر میں ایک پروگرام میں کہا تھا کہ مراٹھی سیکھنا ضروری نہیں ہےجس کے بعد کافی تنازع ہوا تھا اب مہا یوتی سرکار میں وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ہندی اب ممبئی کی بولی بن گئی ہے اور یہ مراٹھی کی لاڈلی بہن ہے۔ میرا بھائندر میں منعقدہ ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بیان دیا۔ سرنائک کے اس بیان سے ریاست کی سیاست میں مراٹھی/ہندی زبانوں کا تنازع ایک بار پھر عروج پانے کا اندیشہ ظاہر کیاجارہا ہے اور اس کی شروعات ہو چکی ہے۔ شیو سینا (ادھو) کے ترجمان رکن پارلیمان سنجے راؤت نے پرتاپ سرنایک کےاس بیان پر تنقید کی ہے۔ 
 پرتاپ سرنائیک نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندی اب ممبئی میں بولی جانے والی بھاشا بن گئی ہے۔ مراٹھی ہماری مادری زبان ہے اور ہندی ممبئی کی بولی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ تھانے اور میرا بھائندر میں میرا اسمبلی حلقہ پھیلا ہوا ہے۔ مَیں جب تھانے میں ہوتا ہوں تو عوام سے خالص مراٹھی میں بات کرتا ہوں ا ورجب میرا بھائندر جاتا ہوں تو میرے منہ سے خود بخود ہندی نکلنے لگتی ہے۔ آج کل ہم لوگ ایسا بولتے ہیں کہ مراٹھی میری مادری زبان ہے، ہماری ماں ہے مگر ہندی ہماری لاڈلی بہن ہے۔ ہماری پیاری بہنوں کی وجہ سے، ہم آج۲۳۷؍پا ر کر کے اقتدر میں آئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:جھوپڑپٹیوں کی بازآبادکاری کیلئے نئے بلڈروں کو موقع دینے کا فیصلہ

پرتاپ سرنائیک کے اس بیان پر سوشل میڈیا اور مراٹھی عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ اپوزیشن نے ان کے خلاف تنقید کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ شیو سینا (ادھو )خیمے کے ترجمان رکن پارلیمان سنجے راؤت نے پرتاپ سرنائیک کے اس بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ `مراٹھیوں کی فلاح و بہبود اور مراٹھی کے وقار کو برقرار رکھنے کیلئےبالا صاحب ٹھاکرے نے شیوسینا کی بنیاد رکھی تھی۔ اس وقت لاڈلی بہن، آپنی بہن وغیرہ نہیں تھیں۔ یہی لوگ کہتے ہیں کہ ہم بالا صاحب ٹھاکرے کے وارث ہیں، ان کے لیڈر سے پوچھیں کہ کیا مراٹھی کے حوالے سے آپ کا نظریہ ہے ؟ 
 سنجے راؤت کے بقول یہ ہندی کے تعلق سےجو بیان دیاجا رہا ہے وہ بی جے پی اورامیت شاہ کی سوچ ہے۔ مَیں بار بار کہتا ہوں کہ ان کے پارٹی لیڈر اور سربراہ امیت شاہ ہیں۔ ‘‘
  ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ممبئی پر پہلا حق مراٹھیوں کا ہے اور رہے گا۔ 
 اس ضمن میں بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکلے نے کہا کہ ’’مہایوتی اور این ڈی اے کی حکومت نے مراٹھی کو بین الاقوامی زبان کا درجہ دیا ہے اور اس لئے یہ کہنا غلط ہے مہا یوتی کےایک وزیر مراٹھی کے مخالف ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK