• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوم ِآئین اور ہماری ذمہ داری

Updated: November 26, 2026, 3:41 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

موجودہ حکومت کے جن اچھے کاموں کی تعریف کی جاسکتی ہے اُن میں سے ایک ہے یوم آئین منانے کی روایت جو مودی حکومت نے ڈالی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

موجودہ حکومت کے جن اچھے کاموں کی تعریف کی جاسکتی ہے اُن میں سے ایک ہے یوم آئین منانے کی روایت جو مودی حکومت نے ڈالی۔ یہ دن منانے کا سلسلہ ۲۰۱۵ء سے شروع ہوا اور اس اعتبار سے آج ہم ۱۲؍ ویں یوم آئین منا رہے ہیں جبکہ اگر ۲۶؍ نومبر ۱۹۴۹ء سے جوڑا جائے جب آئین  کوباقاعدہ تسلیم کیا گیا تھا تو یہ ۷۷؍ واں یوم ہے۔ مودی حکومت نے اسے ’’سمویدھان دِوس‘‘ کا نام دیا ہے جس کے تحت آج ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائینگی۔ لطف کی بات یہ ہے کہ جس حکومت پر آئین کی روح کو کمزور کرنے کا الزام ہے، جس پر آئین کے تحت جاری جمہوری اداروں کو بے اثر کرنے کا الزام ہے اور جس کے دورِ اقتدار پر بہت تیزی سے جمہوری قدروں کے تلف ہونے کا الزام ہے، اُسی نے اس کا یعنی آئین  کا دن منانے کی روایت ڈالی جس کا فائدہ یہ ہوا کہ اس ایک دن اہل وطن، لازماً اور خصوصاً، ملک کے آئین کے تئیں اپنی وفاداری کے عزم کو تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ یہ احساس کرتے ہیں کہ جس آئین نے ہمیں مذہبی و  سماجی و معاشی آزادی اور مساوات کا تحفہ دیا، تعلیم حاصل کرنے، تعلیمی ادارے قائم کرنے، ترقی کرنے، پُروقار زندگی گزارنے، اپنی پسند کے اُمیدوار اور بالواسطہ طور پر اپنی پسند کی حکومت منتخب کرنے، کسی موضوع یا مقصد کیلئے پُرامن طور پر یکجا ہونے اور احتجاج کرنے کا حق دیا ہے اُسے سلامت رکھنے کی کوشش بھی کی جانی چاہئے۔خوشی کی بات ہے کہ عوام میں آئین  کا شعور ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کیا صنعتکاروں کے پاس کہنے کیلئے کچھ نہیں؟

نہ ہوتا تو ایس آئی آر کے دوران ووٹروں کے نام حذف ہونے پر نہ تو ناراضگی ظاہر کی جاتی نہ ہی اظہار ِ ناراضگی کیلئے احتجاجی مظاہرے ہوتے۔ اسے آئینی شعور ہی کہا جائے گا کہ اب سے ڈیڑھ دو دہائی پہلے تک ووٹنگ فیصد بہت کم ہوا کرتا تھا مگر کچھ اُس وقت کے الیکشن کمشنروں کی وجہ سے اور کچھ سماجی و سیاسی تنظیموں کی وجہ سے عوام میں ووٹنگ کے تئیں ذمہ داری کا احساس جاگا اور آج عالم یہ ہے کہ ایس آئی آر کی وجہ سے نام کٹ جانے پر شدید برہمی پائی جارہی ہے۔ عوام میں یہ احساس بیدار ہوچکا ہے کہ آئین  ہے تو ملک کی جمہوریت ہے، جمہوریت ہے تو ہم بہتر زندگی کے اپنے حق کا مطالبہ کرسکتے ہیں اور اگر حق نہ ملتا ہو تو اپنے حکمرانوں کو جوابدہ ٹھہرا سکتے ہیں۔ یوم آئین  پر ہمیں ملک کے آئین  پر فخر کے اپنے احساس کو تقویت دینی چاہئے، آئین  کی پاسداری کے جذبے کو مستحکم کرنا چاہئے اور اس عزم کو نئی طاقت دینی چاہئے کہ آئین  کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، اس سے چشم پوشی کی گئی، اسے پس پشت ڈالنے کی حماقت کی گئی یا بدلنے کی سازش کی گئی تو ایسا کوئی بھی عمل  ناقابل قبول ہوگا۔ آئین  پر منڈلانے والے کسی بھی خطرہ کا حقیقی مقابلہ وہی لوگ کرسکتے ہیں جو آئین  پر سو فیصد یقین رکھتے ہیں اور اس کے تحت نہ صرف اپنے حقوق حاصل کرتے ہیں بلکہ اپنے فرائض بھی انجام دیتے ہیں۔ ملک کا بہتر شہری وہی ہے جو فرائض کو بھی اُتنی ہی اہمیت دے جتنی حقوق کو دیتا ہے۔ جو لوگ صرف حقوق کی بات کرتے ہیں اور فرائض میں کوتاہی کرتے ہیں وہ ملک کے اچھے شہری نہیں ہو سکتے۔ اچھا شہری یعنی آئین  کا سپاہی یعنی  آئین کے تئیں ذمہ دار ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK