ممبئی اور تھانے کیلئے آج بھی اورینج الرٹ۔ موسلا دھار بارش کے پیش نظر ممبئی کے پولیس کمشنر نےشہریوں سےاحتیاط برتنے کی اپیل کی
EPAPER
Updated: June 20, 2025, 1:54 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ممبئی اور تھانے کیلئے آج بھی اورینج الرٹ۔ موسلا دھار بارش کے پیش نظر ممبئی کے پولیس کمشنر نےشہریوں سےاحتیاط برتنے کی اپیل کی
گزشتہ ۲؍ روز سے ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے جمعرات کی صبح ۶؍ بجے تک ان میں پانی کا ذخیرہ ۱۳ء۱۸؍ فیصد ہوگیا تھا۔ یہ مقدار گزشتہ دو برسوں کے مقابلے تقریباً دوگنی ہے جو ۱۹؍ جون کو ریکارڈ کی گئی تھی۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور تھانے کیلئے ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا تھا۔
جمعرات کی صبح ۶؍ بجے تک ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر ۱۳ء۱۸؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا جبکہ گزشتہ برس ۱۹؍ جون کو ان میں محض ۵ء۳۳؍ فیصد اور ۲۰۲۳ء میں ۷ء۹۸؍ فیصد پانی بچا ہوا تھا۔ اس کے باوجود گزشتہ ۲؍ برس کی طرح امسال بھی بی ایم سی ممبئی کے شہریوں کو ریاستی حکومت کے حصے سے پینے کا پانی سپلائی کررہی ہے کیونکہ ان جھیلوں میں سطح آب کافی کم ہے۔ مزید یہ کہ اَپر ویترنا جھیل سے پانی کی سپلائی ۹؍ جون کو صبح ۱۱؍ بجے سے بند کردی گئی ہے۔
کس جھیل پر کتنی بارش ہوئی؟
ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی رقبہ کے اعتبار سے سب سے بڑی جھیل اَپر ویترنا پر جمعرات کی صبح ۶؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں سب سے کم ۳۳؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔تاہم امسال اس جھیل میںقابل استعمال پانی کی سطح ۱۲ء۲۵؍ فیصد ہے جبکہ گزشتہ ۲؍ برس میں مذکورہ تاریخ پر یہ سطح صفر تھی۔ البتہ دیگر جھیلوں پر خاطر خواہ بارش ہوئی۔ ان ۲۴؍ گھنٹوں میں موڈک ساگر پر ۲۳۵؍ ایم ایم، تانسا جھیل پر ۲۱۸؍ ایم ایم، مڈل ویترنا پر ۱۷۰؍ ایم ایم، ممبئی کو سب سے زیادہ پانی سپلائی کرنے والی بھاتسا جھیل پر ۱۴۱؍ ایم ایم، وہار لیک پر ۵۵؍ ایم ایم اور سب سے چھوٹی تُلسی جھیل پر ۹۶؍ ایم ایم بارش ہوئی۔ واضح رہے کہ تلسی جھیل سے ممبئی کی ضرورت کا محض ایک فیصد پانی سپلائی ہوتا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق تانسا جھیل پر ۲۱۸؍ ایم ایم بارش ہونے کے باوجود اس میں پانی کی سطح انفرادی طور پر دیکھی جائے تو گزشتہ ۲؍ برس کے مقابلے معمولی کم ہے۔ جمعرات کو تانسا جھیل میں ۱۷ء۱۸؍ فیصد پانی دستیاب تھا، حالانکہ گزشتہ برس اسی دن اس میں ۲۱ء۵۹؍ فیصد اور ۲۰۲۳ء میں ۱۸ء۴۲؍ فیصد پانی دستیاب تھا۔ دیگر ۶؍ جھیلوں میں انفرادی طور پر اس سال گزشتہ ۲؍ برس کے مقابلے زیادہ پانی دستیاب ہے۔
۲۴؍ گھنٹوں کیلئے اورینج الرٹ
ممبئی میں محکمہ موسمیات کی سربراہ شبھانگی بھوٹے نے جمعرات کی دوپہر تقریباً ۲؍ بجے اطلاع دی کہ آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے ضلع پال گھر کیلئے ’ریڈ الرٹ‘ اور ممبئی، تھانے اور رائےگڑھ سمیت اطراف کے علاقوں کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریڈ الرٹ کے مطابق پال گھر میں گھن گرج کے ساتھ زبردست بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ اورینج الرٹ والے علاقوں میں بھی مختلف مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قلابہ میں جمعرات کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۴۳؍ ایم ایم، سانتا کروز میں ۶۰؍ ایم ایم اور تھانے میں ۸۶ء۴؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ ان تینوں علاقوں میں اچھی بارش ہونے سے درجہ حرارت میں بھی کمی آئی ہے۔ جمعرات کو پورے مہاراشٹر میں سب سے کم درجہ حرارت مہابلیشور کا ریکارڈ کیا گیا، یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۱۹ء۹؍ ڈگری جبکہ کم سے کم درجہ حرارت ۱۸ء۶؍ ڈگری سیلسیئس تھا۔
پولیس کمشنر کی شہریوں سے اپیل
ممبئی و مضافات اور اطراف کے علاقوں میں موسلادھار بارش کے پیش نظر جمعرات کو ممبئی کے پولیس کمشنر دیوین بھارتی نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ باہر نکلتے وقت احتیاط برتیں۔انہوں نے سوشل میڈیا پر مراٹھی زبان میں پیغام پوسٹ کیا کہ ’’پورے شہر میں بارش کا ماحول ہے اور آپ کی حفاظت ہمارے لئے سب سے زیادہ اہم ہے۔ برائے مہربانی باہر نکلتے وقت احتیاط برتیں، سرکار کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں اور اگر آپ کسی مصیبت میں پھنس جاتے ہیں تو ۱۰۰، ۱۱۲؍ یا ۱۰۳؍ نمبر ہیلپ لائن نمبروں پر فون کریں۔ ہمارا عملہ ۲۴x۷؍ آپ کیلئے ڈیوٹی پر ہے، آپ کی حفاظت کیلئے پُر عزم ہے۔ محتاط رہیں، محفوظ رہیں!‘‘