Inquilab Logo

اگنی پتھ اسکیم کیخلاف کانگریس کی ستیہ گرہ، نوجوانوں کو مکمل حمایت

Updated: June 20, 2022, 11:06 AM IST | Agency | New Delhi

مگر تشدد سے گریز کی اپیل، پرینکا گاندھی نےنقلی دیش بھکتوںکو پہچاننے اور اقتدار سے بے دخل کرنے کی ضرورت پر زور دیا

Priyanka Gandhi attended Satyagraha barefoot..Picture:INN
پرینکا گاندھی نے ستیہ گرہ میں ننگے پیر شرکت کی۔ تصویر: پی ٹی آئی

 اگنی پتھ اسکیم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس  نے اتوار کو جنتر منتر پر ستیہ گرہ کی جس میں  پرینکا گاندھی، سچن پائلٹ ، کے سی وینو گوپال، سچن پائلٹ اور دیپیندر ہڈا سمیت پارٹی کے متعدد سینئر لیڈروں  نے شرکت کی۔اس دوران پرینکا گاندھی نے   نوجوانوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور انہیں’’نقلی دیش بھکتوں‘‘سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کہ وہ  ملک میں ایسی حکومت کے قیام کو یقینی بنائیں جو  ’’حقیقی محبِّ وطن‘‘ ہو۔  انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی فوج بھرتی کی نئی اسکیم ’’اگنی پتھ‘‘  فوج اور نوجوانوں کیلئے تباہ کن ہوگی۔  ستیہ گرہ میں لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ادھیر رنجن چودھری، ہریش راوت،کمیونی کیشن محکمہ کے سربراہ جے رام رمیش، سلمان خورشید اور اجے ماکن   بھی موجود تھے۔ ان  لیڈروں نے ’اگنی پتھ‘ کے خلاف نعرے لکھی ہوئیں تختیاں اٹھا رکھی تھیں جن میں   اسکیم کو واپس لینے کے مطالبہ کا نعرہ بھی درج تھا۔ جنتر منتر پر ستیہ گرہ کے دوران اپنے خطاب میں پرینکا گاندھی نےکہا کہ ’’میں نوجوانوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ آپ اس ملک کا مستقبل ہو۔ اس ملک میں آپ سے بڑا محب وطن کوئی  نہیں ۔ میں نے آپ جیسے سیکڑوں بچوں سے بات کی۔ ہم آپ کا درد سمجھتے ہیں۔ پورا ملک سمجھ رہا ہے لیکن آپ کو یہ نہیں بھولنا ہے کہ یہ ملک آپ کا ہے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے نوجوانوں کو تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سے روکتے ہوئے کہا کہ ’’اس ملک کی املاک آپ کی  ہیں، انہیں محفوظ رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہاں ستیہ گرہ پر بیٹھے ہیں کیونکہ ستیہ گرہ سچائی کی لڑائی ہے  جو عدم تشدد پر مبنی ہے۔ اسی لڑائی کے دم پر اس ملک کو آزاد کرایا گیا تھا اور اس ملک کو آپ کے ہاتھ میں سونپا گیا تھا تاکہ آپ کا مستقل تابناک رہے۔‘‘ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا ’’میں آپ سے گزارش کرتی ہوں کہ حالات کو سمجھئے۔  آس پاس کیا ہو رہا ہے، حکومت کیسے چل رہی ہے، اس کو گہرائی سے سمجھئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK