’’اسکول کی سطح سے لے کر ڈگری/ماسٹر کورس تک حکومت کی جانب سے متعدد اسکالرشپ کی اسکیم کے تحت غریب ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ دی جاتی ہے۔
EPAPER
Updated: August 11, 2025, 12:32 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbra
’’اسکول کی سطح سے لے کر ڈگری/ماسٹر کورس تک حکومت کی جانب سے متعدد اسکالرشپ کی اسکیم کے تحت غریب ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ دی جاتی ہے۔
’’اسکول کی سطح سے لے کر ڈگری/ماسٹر کورس تک حکومت کی جانب سے متعدد اسکالرشپ کی اسکیم کے تحت غریب ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ دی جاتی ہے۔ اسکالر شپ ۵؍ ہزار سے لے کر ۱۱؍ لاکھ روپے تک ملتی ہے لیکن طلبہ اور سرپرستوں کو اس کا علم نہ ہونے کی وجہ سے اکثر طلبہ ان سے محروم رہ جاتے ہیں۔‘‘یہ اظہار خیال ماہرین نے ورکشاپ کے دوران کیا ۔یہ یک روزہ ورکشاپ ممبرا میں واقع تنور نگر مسجد کے پہلے منزلہ پر منعقد کیاگیا جس میں ریاست اور بیرون ریاست سے آنے والے کونسلروں کی رہنمائی کی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ وہ کس طرح طلبہ کو اسکالر شپ دلواسکتے ہیں ؟ہمارے زیادہ سے زیادہ طلبہ اسکالر شپ کی اسکیموں سے استفادہ کر سکیں، اسی مقصد سے جماعت اسلامی ہند کی ٹیم اسکالرشپ اور ایجوکیشن اینڈ اپ لفٹمنٹ فورم کی جانب سے اتوار کو ’کل ہند اسکالر شپ کونسلر میٹ (ممبئی)‘کا انعقاد کیا گیا ۔
اس ورکشاپ میں ممبئی،جوگیشوری، بھیونڈی، نالا سوپارہ، مالیگاؤں،چپلون، واپی،سورت، پونے اور دیگر اضلاع و تعلقہ کے کونسلروں نے شرکت کیں۔ اس ورکشاپ کے تعلق سے ٹیم اسکالرشپ کے بانی عامر نُرلے نے بتایا کہ ’’یہ ایک قومی سطح کا پروگرام ہے جس کا مقصد این جی اوز، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کو طلبہ کیلئے زندگی بدل دینے والی اسکالرشپس سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنا ہے۔‘‘
انقلا ب کے اس سوال پر کہ طلبہ کو کم از کم اور زیادہ سے زیادہ کتنی اسکالر شپ مل سکتی ہے؟ عامر نُرلے نے بتایا کہ ’’کورس کی فیس اور طالب علم / طالبہ کے ذریعے کس اسکیم کیلئے درخواست کی جارہی ہے؟ اس پراسکالر شپ منحصر کرتی ہے۔ کم از کم ۵؍ ہزار اور زیادہ سے زیادہ ۱۱؍ لاکھ روپے اسکالرشپ دی جاتی ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہاکہ’’ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اسکالرشپ ملے، اسی مقصد سے اس طرح کا ورکشا پ منعقد کیا جارہا ہے۔ ورکشاپ سے تربیت حاصل کرنے والے کونسلر اپنے اپنے علاقوں اور شہروںمیں کام کریں گے ۔‘‘
ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی اویس مرزا(جنرل منیجر آئی ٹی ،مہاراشٹر اسٹیٹ پاور جنریشن کمپنی )نے بھی اس طرح کے ورکشاپ منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
اسکالر شپ سے متعلق معلومات کیلئے اس نمبر پر رابطہ کریں
اسکالر شپ کے تعلق سے مزید معلومات کیلئے طلبہ یا غیر سرکاری تنظیموں کے رضا کار ’ٹیم اسکالر شپ ‘کے وہاٹس ایپ نمبر:۸۶۵۵۵۵۸۱۸۲؍ پر یا ای میل scholarshipseuf@gmail.comپر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ وہاٹس ایپ یا میل پر موصول ہونے والے سوالات کے جوابات ماہرین کی جانب سے دیئے جاتے ہیں اور رہنمائی بھی کی جاتی ہے۔ آل انڈیا اسکالرشپ کونسلر میٹ کا اگلا سیشن ممبئی یا پونے یا جہاں کے کونسلر وں کی درخواست زیادہ موصول ہوگی وہاں منعقد کیا جائے گا۔
چند اسکالر شپ
۔ مرکزی حکومت کی اسکیمیں: نیشنل اسکالرشپ پورٹل( این ایس پی):ویب پورٹل پر مرکزی اور ریاستی حکومت /یو جی سی/اے آئی سی ای ٹی اسپانسرڈ کی متعدد اسکیموں کی تفصیل دی گئی ہے ۔
۔ مہا ڈی بی ٹی :اس پلیٹ فارم پر حکومت مہاراشٹرکی اقلیتی طبقے اور دیگر طبقوں کیلئے متعدد اسکیموں کی تفصیل دی گئی ہے۔
۔ مائناریٹی اسکالرشپ:سالانہ ۸؍ لاکھ روپے سے کم آمدنی والے اقلیتی طلبہ کو کورس کے اعتبار سے ۵؍ہزار تا ۵۰؍ ہزار اسکالرشپ دی جاتی ہے۔
۔ امیزون فیوچر انجینئرنگ اسکالرشپ اینڈ انٹرن شپ برائے طالبات: بی ای اور بی ٹیک میں زیر تعلیم میں اہل طالبات کو سالانہ ۵۰؍ ہزار روپے اسکالرشپ دی جاتی ہے۔
۔ او این جی سی میری ٹوریئس اسکالرشپ:یہ اسکالرشپ اسکیم جنرل زمرے سماج کے پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے ہے جو انجینئرنگ، ایم بی بی ایس، ایم بی اے یا جیو فزکس/جیالوجی میں ماسٹر میں زیر تعلیم ہیں۔ اس اسکالرشپ میں منتخب۵۰۰؍ طلبہ کو سالانہ بنیادوں پر فی کس ۴۸؍ ہزار روپے کی اسکالرشپ ملے گی تاکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کر سکیں۔لیاقت: ۱۲؍ ویں /گریجویشن میں ۶۰؍ فیصد سے کامیاب اور خاندان کی سالانہ آمدنی ۲؍ لاکھ سے کم ہو۔