سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل، عرضی گزار نے گروپ کے خلاف سابقہ جانچ سے متعلق حقائق کو عدالت سے مخفی رکھنے اور کارروائی نہ کرنے کا حوالہ دیا۔
EPAPER
Updated: September 13, 2023, 11:29 AM IST | Agency | New Delhi
سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل، عرضی گزار نے گروپ کے خلاف سابقہ جانچ سے متعلق حقائق کو عدالت سے مخفی رکھنے اور کارروائی نہ کرنے کا حوالہ دیا۔
ہنڈن برگ رپورٹ کی بنیاد پر سپریم کورٹ میں اڈانی گروپ کے خلاف پٹیشن داخل کرنےو الے عرضی گزاروں میں سے ایک نے تازہ انکشافات کےبعد سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرکے اطلاع دی ہے کہ سیبی نے جانچ کے نام پر اصل میں اڈانی گروپ کو بچایا اور اس کی پشت پناہی کی ہے۔ اس نے نہ صرف اڈانی گروپ کے خلاف کارروائی نہیں کی بلکہ اس کے خلاف ہونےو الی سابقہ جانچ کوسپریم کورٹ سے بھی چھپایا ہے۔
یاد رہے کہ ۲۴؍ جنوری کو ہنڈن برگ کی ایک ریسرچ رپورٹ میں گوتم اڈانی گروپ کی کمپنیوں پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ حصص کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کررہی ہیں جس کی وجہ سے ان کے شیئرز میں زبردست فروخت ریکارڈکی گئی۔
اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کرنےو الوں میں سے ایک عرضی گزار نے تازہ حلف نامہ داخل کرکے الزام لگایا ہےکہ گوتم اڈانی گروپ کی تحقیقات کے معاملے میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) نے بہت سے حقائق عدالت سے چھپائے اور گروپ کو فائدہ پہنچانے کیلئے اسٹاک ایکسچینج میں کمپنیوں کی لسٹنگ کے قوانین میں بھی تبدیلی کی۔
۲؍ دن پہلے سپریم کورٹ میں دائر کئے گئے حلف نامہ میں عرضی گزار انامیکا جیسوال نے بتایا ہے کہ تقریباً۱۰؍سال پہلے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس نےبیرون ملک سے درآمد کئے گئے سامان کی قیمت بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے معاملے میں اڈانی گروپ کی تحقیقات کی تھی اور سیبی کو رپورٹ دی تھی مگر اس حقیقت سے کورٹ کو اندھیرے میں رکھاگیا۔