کانگریس کے۹؍ امیدواروں کی فہرست کے جواب میں عام آدمی پارٹی کی۲۰؍ امیدواروں پر مشتمل پہلی لسٹ جاری، اس کے باوجود دونوں میں اتحاد کی امیدیں برقرار۔
EPAPER
Updated: September 10, 2024, 11:06 AM IST | Inquilab News Network | Chandigarh
کانگریس کے۹؍ امیدواروں کی فہرست کے جواب میں عام آدمی پارٹی کی۲۰؍ امیدواروں پر مشتمل پہلی لسٹ جاری، اس کے باوجود دونوں میں اتحاد کی امیدیں برقرار۔
ہریانہ انتخابات کیلئے کانگریس کی جانب سے دوسری فہرست کے جاری ہوتے ہی عام آدمی پارٹی نے بھی ایک فہرست جاری کردی۔ اس کی وجہ سے اتحاد کی قیاس آرائیاںبھلے ہی وقتی طورپرتھم گئی ہوں لیکن ابھی تک دونوں ہی پارٹیوں نے ’اتحاد‘ ختم ہونے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے۔اس کی وجہ سے دونوں پارٹیوں میں ابھی بھی اتحاد کی امیدیں برقرار رہیں۔ عام آدمی پارٹی کی جانب سے فہرست جاری ہونے کے بعد کانگریس لیڈر دپیندر ہڈا اور ’آپ‘ لیڈر سنجے سنگھ نے بیان جاری کیا لیکن دونوں ہی لیڈروں نےایک دوسرے کے خلاف بات کرنے کے بجائے بی جے پی کو شکست دینے کے عزم کااظہار کیا۔ ایسے میں خیال کیا جارہا ہے کہ راہل گاندھی کے امریکہ سے واپس آتے ہی ایک بار پھر اتحاد کی جانب قدم بڑھ سکتا ہے۔ ایسے میں آپ کی طرف سے امیدواروں کے اعلان کو کانگریس پر ’دباؤ‘ کی سیاست قرار دیاجارہا ہے تاکہ اسے زیادہ سے زیاد ہ سیٹیں مل سکیں۔
خیال رہے کہ کانگریس نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کیلئے ۹؍ امیدواروں کی اپنی دوسری فہرست جاری کی ہے۔ اس طرح ۹۰؍ رکنی اسمبلی کیلئےکانگریس کے ۴۱؍ امیدواروں کی فہرست جاری ہو چکی ہے۔ پارٹی نے اس سے قبل۳۲؍ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ اس میں سابق وزیر اعلیٰ بھوپیندر سنگھ ہڈا اور خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کا نام شامل تھا۔ پہلی فہرست میں بیشتر نام وہی تھے جو ۲۰۱۹ء کے الیکشن میں کامیاب ہوئے تھے۔ کانگریس پارٹی کی دوسری فہرست میں جن ۹؍ ناموں کوجگہ ملی ہے، ان میں تھانیسر سے اشوک اروڑہ، گنور سے کلدیپ شرما اور اوچنا کلاں سے برجیندر شرما کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح ٹوہانہ سے پرم ویر سنگھ، ٹوشام سے انیرودھ چودھری اور میہم سے بلرام ڈانگی کو میدان میں اتارا گیا ہے جبکہ نانگل چودھری سے منجو چودھری، بادشاہ پور سے وردھن یادو اور گروگرام سے موہت گروور کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
انتخابی فہرست جاری ہونے کے بعد دپیندر ہڈا نے ایک بیان جاری کیا۔ اس میں انہوں نے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری فہرست بھی جاری کردی گئی ہے۔اس بار موضوع بی جے پی حکومت کی۱۰؍ سالہ غلط حکمرانی کا ہے۔۱۰؍ برسوں میں بی جے پی نے ہریانہ کو ترقی کی پٹری سے اتار دیا ہے۔ آج بے روزگاری کے معاملے میں ہریانہ، ملک میں پہلے نمبر پر ہے، جرائم میں بھی ہریانہ پہلی پوزیشن پر ہے۔نشے کے معاملے میں ہریانہ، پنجاب سے آگے نکل گیا ہے۔صورتحال یہ ہے کہ ہر طبقے کی توہین کرنے میں بھی ہریانہ ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے امیدواربھاری اکثریت سے جیتیں گے۔ لوگوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ انہیں ہریانہ میں تبدیلی لانی ہے۔ ‘‘
اسی طرح عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ’’ ہم نے ہریانہ انتخابات کیلئے اپنے ۲۰؍ امیدواروںکی ایک فہرست جاری کی ہے۔ میں پارٹی کے تمام کارکنوں کی طرف سے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم بی جے پی کی غلط حکمرانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی کوشش کریں گے۔‘‘
دریں اثنا ریواڑی میں کانگریس کے امیدوار چرنجوی کا پر چہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد سابق وزیراعلیٰ بھوپیندر سنگھ ہڈا نے ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ ’’ریاست کے ۳۶؍ برادریوں نے اس بار اپنا ذہن بنالیا ہے کہ آگے آنے والی حکومت کانگریس کی ہوگی۔‘‘ اس عوامی جلسے میں سابق وزیرکیپٹن اجے یادو بھی موجود تھے۔