• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس میں دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے جدید تدریس اور پُرجوش تعلیم کا انعقاد

Updated: October 01, 2025, 11:02 PM IST | Mumbai

انجمن اسلام کے کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس (اے آئی کے ٹی سی، نیو پنویل) نے ۱۸؍ تا ۲۰؍ ستمبر ۲۰۲۵ء دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے جدید تدریس اور پُرجوش تعلیم (iCiTeL-2.0) کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔

Teachers, researchers and academics participating in the 2nd International Conference on Innovative Teaching and Enthusiastic Education.
دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے جدید تدریس اور پرجوش تعلیم میں شریک اساتذہ ، محققین اور ماہرین تعلیم۔

 انجمن اسلام کے کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس (اے آئی کے ٹی سی، نیو پنویل) نے ۱۸؍ تا ۲۰؍ ستمبر ۲۰۲۵ء دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے جدید تدریس اور پُرجوش تعلیم (iCiTeL-2.0) کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے اساتذہ، محققین اور ماہرین ِتعلیم نے شرکت کی ۔ افتتاحی پروگرام کی رونق مہمانِ خصوصی ڈاکٹر لوئس پیمبرٹن سے دوبالا ہوئی جو   چارلس اسٹیورٹ یونیورسٹی، آسٹریلیا میں ایکٹنگ سب ڈین (لرننگ اینڈ ٹیچنگ) اور اسوسی ایٹ ہیڈ (لرننگ اینڈ ٹیچنگ) کے عہدے پر فائز ہیں۔  اس اجلاس کو مزید وقار بخشا   انجمن اسلام  کے صدرپدم شری ڈاکٹر ظہیر آئی قاضی کے خطابِ صدارت نے۔
  تین دنوں پر مشتمل اس کانفرنس کیلئے ۱۶۳؍ رجسٹریشن ہوئے، چھ مختلف ممالک اور ۳۵؍ اداروں سے وابستہ اسٹیک ہولڈرس نے حصہ لیا  اور ۱۰۱؍ موصولہ تحقیقی مقالات میں سے ۵۳؍ منتخب مقالات پیش کئے گئے۔ کانفرنس   میں یہ موضوعات شامل تھے:  جدید تعلیمی ماڈلز، تدریسی اختراعات، بین الشعبہ جاتی اندازِ تعلیم اور تعلیم میں جنریٹیو اے آئی کا کردار۔ اختتامی تقریب اور بیسٹ پیپر ایوارڈز کی تقسیم ۲۰؍ ستمبر کو منعقد ہوئی جس میں مہمانِ خصوصی ڈاکٹر کے کے سانگلے (ڈین، اکیڈمک پروگرامز ، رجسٹرار، وی جے ٹی آئی، ممبئی) اور مہمانِ اعزاز ڈاکٹر ستی مسلیانا سریگر (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، یونیورسٹاس محمدیہ سماترا اوتارا، انڈونیشیا) شریک ہوئیں۔ پروگرام کا اختتام بی آئی این ایم ممبئی کے ایگزیکٹیو چیئرمین برہان حارث کے اختتامی کلمات پر ہوا۔
  بیسٹ پیپر ایوارڈز اُن محققین کو پیش کئے گئے جنہوں نے علمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کانفرنس کے کنوینر ڈاکٹر ابو سفیان شیخ (کنٹرولر، آئی سی ٹیل) اور ڈاکٹر روہن داس گپتا (جوائنٹ کنٹرولر، آئی سی ٹیل) تھے جبکہ کانفرنس کے کو چیئرز کی حیثیت سےڈاکٹر رمضان کھاٹک (ڈائریکٹر، اے آئی کے ٹی سی)، ڈاکٹر راجندر مَگَر، ڈاکٹر (شارِق) سید اور پروفیسر راج مہاترے نے بھرپور معاونت کی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے اس تقریب کو علم کے تبادلے اور عالمی اشتراک کا ایک متحرک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے سراہا جسے چارلس اسٹیورٹ یونیورسٹی (آسٹریلیا)، یونیورسٹاس محمدیہ سماترا اوتارا (انڈونیشیا) اور انجمن اسلام کا کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس (ہندوستان) کی حمایت حاصل تھی۔ اس تقریب کی کامیابی نے اے آئی کے ٹی سی  کے اس عزم کو اجاگر کیا کہ وہ نئی تعلیمی پالیسی ۲۰۲۰ء کے تحت تدریس و تعلیم کو از سر نو تشکیل دینے  اور ایجوکیشن 4.0  اور اس سے آگے کے تقاضوں کیلئے  اساتذہ کو تیار کرنے میں سرگرم عمل ہے۔اس کامیابی کے پس پشت ڈاکٹر ظہیر قاضی کا بصیرت افروز وژن ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK