ادھو ٹھاکرے نے جلگائوں، ہتھ کنگلے اور پال گھر لوک سبھا سیٹوں سے بھی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا، مجموعی طور پر شیوسینا (ادھو)کے ۲۱؍ امیدوار میدان میں
EPAPER
Updated: April 03, 2024, 10:51 PM IST | Mumbai
ادھو ٹھاکرے نے جلگائوں، ہتھ کنگلے اور پال گھر لوک سبھا سیٹوں سے بھی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا، مجموعی طور پر شیوسینا (ادھو)کے ۲۱؍ امیدوار میدان میں
شیوسینا (ادھو) نے پارلیمانی الیکشن کیلئے مزید ۴؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے نے خود ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شیوسینا(ادھو) کی دوسری فہرست جاری کی۔ خاص بات یہ ہے کہ اس میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے رکن پارلیمان بیٹے شری کانت شندے کی سیٹ کلیان کے امیدوار کا بھی نام شامل ہے۔ یہاں سے ویشالی دریکر کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ادھو ٹھاکرے کی پارٹی پہلے ہی ۱۷؍ سیٹوں پر اپنےامیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔ اب اس نے مزید ۴؍ نام جاری کئے ہیں۔ اس طرح مہا وکاس اگھاڑی میں شیوسینا(ادھو) سب سے زیادہ امیدواروں کو میدان میں اتارنے والی پارٹی بن گئی ہے۔ اب تک پارٹی نے دو فہرستیں جاری کی ہیں جن میں کل ۲۱؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس بار ادھو ٹھاکرے نے کلیا، پال گھر، ہتھ کنگلے اور جلگائوں سیٹوں سے اپنے امیدوار ظاہر کئے ہیں۔ کلیان سے ویشالی دریکر کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ جبکہ جلگائوں سے کرن پوار کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پال گھر سیٹ پر بھارتی کامڈی کو امیدواری دی گئی ہے۔ اور کولہاپور ضلع کی اہم سیٹ ہتھ کنگلے پر ستیہ جیت پاٹل کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ۲۰۱۹ء کے الیکشن میں یہ چاروں ہی سیٹیں شیوسینا نے جیتی تھیں لیکن اس وقت شیوسینا منقسم نہیں ہوئی تھی۔ اس بارادھو ٹھاکرے کی پارٹی کو ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔
مہا وکاس اگھاڑی نے اب تک یہ اعلان نہیں کیا ہے کہ شیوسینا(ادھو) کانگریس اور این سی پی (شرد) ان میں سے کون کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑے گا لیکن شیوسینا (ادھو) نے اب تک ۲۱؍ سیٹوں پر اپنے امیدوار اتار دیئے ہیں، کانگریس نے ۷؍ سیٹوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے جبکہ این سی پی (شرد) نے بھی ۵؍ امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’ ہتھ کنگلے سیٹ پر راجو شیٹی کے ساتھ ہماری گفتگو کامیاب نہیں ہو سکی۔ ہتھ کنگلے دراصل شیوسینا کیسیٹ ہے۔ وہاں کی سیاسی مساوات کے پیش نظر ہمارے کارکنان نے اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کی گزارش کی تھی۔ ‘‘ شیو سینا سربراہ کا کہنا تھا’’ ہم نے راجو شیٹی کو تجویز دی تھی کہ ہم ان کی مکمل حمایت کریں گے، وہ مشعل کے نشان پر الیکشن لڑیں لیکن انہوں نے اس پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔ ‘‘ پرکاش امبیڈکر کے تعلق سے سوال پوچھے جانے پر ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ پرکاش امبیڈکر نے ناگپور میں کانگریس کی حمایت کی ہے۔ میں ان کے تعلق سے کوئی بات نہیں کروں گا۔ ہمارے ان سے پرانے تعلقات ہیں۔ اس بار ہماری بات نہیں بنی۔ ادھو ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ ’’ ہمیں امید تھی کہ وہ آمریت کو شکست دینے کیلئے ہمارا ساتھ دیں گے۔ میں نے پوری کوشش کی کہ آئین کو بچانے کی غرض سے وہ ہمارے ساتھ آئیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ادھو ٹھاکے نے بتایا کہ ’’ میں نے اپنے کارکنان سے کہہ رکھا ہے کہ پرکاش امبیڈکر کتنی ہی الزام تراشی کریں ان کے خلاف کچھ کہنا نہیں ہے۔‘‘