غطریس کی دردمندانہ اپیل مگر امریکہ نے قراردا کو ویٹو کردینے کا اشارہ دیا، ووٹنگ ملتوی۔
EPAPER
Updated: December 09, 2023, 9:19 AM IST | Agency | New York
غطریس کی دردمندانہ اپیل مگر امریکہ نے قراردا کو ویٹو کردینے کا اشارہ دیا، ووٹنگ ملتوی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عرب ممالک کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی قرار داد پر جمعہ کو بحث شروع ہوگئی۔ جمعہ کی صبح ہی اس پر ووٹنگ ہونی تھی مگر اسے شام(ہندوستانی وقت کے مطابق سنیچر کو علی الصباح) تک کیلئے موخر کردیاگیاہے۔ جمعہ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے آرٹیکل ۹۹؍ کے تحت اقوام عالم کو صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا اورفوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ نصب صدی میں یہ پہلا موقع ہے جب اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے اس آرٹیکل کا استعمال کیا ہے۔اس کی وجہ سے اسرائیل نے جمعہ کو برہمی کااظہار کیا اور ایک بار پھر غطریس کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر دہرے معیار کا الزام عائد کیا۔ اس بیچ امریکہ کی جانب سے یہ اشارے مل رہے ہیں کہ ووٹنگ ہونے کی صورت میں وہ جنگ بندی کی قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ویٹو کردیگا۔ا مریکہ کے مطابق ابھی وہ جنگ بندی کے حق میں نہیں ہےبلکہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے جنگ میں عارضی وقفہ کی تائید کرتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل امریکہ یہ واضح کرچکا ہے کہ اس نے اسرائیل کو غزہ پر بمباری روکنے کیلئے کوئی ڈیڈلائن طے نہیں کی ہے۔ امریکہ کی اسی کھلی چھوٹ کی وجہ سے اسرائیل زائد از ۲؍ ماہ سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کرکے ۱۷؍ ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکاہے۔