Inquilab Logo

پانی سپلائی کرنے والی پائپ لائنوں کی حفاظت کیلئے سیکوریٹی گارڈز تعینات ہوں گے!

Updated: October 04, 2023, 9:52 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

پانی کی بڑی لائنوں کو شرانگیزوں سے بچانے کیلئے شہری انتظامیہ نجی سیکوریٹی گارڈ کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ٹینڈر نکالے گا۔

It has been decided to monitor water supply pipelines.
پانی سپلائی کرنے والی پائپ لائنوں کی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی پائپ لائنوں کو شر انگیزوں کے ذریعہ نقصان پہنچانے کا خطرہ ہوتا ہے۔ اسی کے پیش نظر بی ایم سی نے ملنڈ سے ساکی ناکہ کے درمیان ۱۵؍ کلو میٹر طویل پائپ لائن کو نجی سیکوریٹی گارڈز کی مدد سے محفوظ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی اس کے لئے ٹینڈر نکالا جائے گا۔
یاد رہے کہ شہر و مضافات میں پانی سپلائی کرنے والی پائپ لائن کی حفاظت کے پیش نظر داخل کی گئی مفاد عامہ کی ایک عرضداشت پر سماعت کے بعد بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے پر جھیلوں سے پانی پہنچانے والی پائپ لائن کے دونوں طرف ۱۰؍ میٹر تک کے رقبہ سے تمام جھوپڑوں اور غیرقانونی آبادیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ 
اس کے بعد خالی جگہوں پر بی ایم سی نے ’گرین وہیلس الانگ بلو لائنس‘ پروجیکٹ کے تحت ان پائپ لائنوں کے قریب جاگنگ کرنے والوں کیلئے راستے، سائیکل کے ٹریک اور باغات بنانے کا منصوبہ بنایا تھا جس کا کافی کام ۲۰۲۲ء میں مکمل ہوسکا۔ اس کے علاوہ کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے لگائے گئے اور چند خصوصی خدمات کے راستے بھی بنائے گئے ہیں۔ بی ایم سی کے مطابق ان راستوں سے آنے جانے والوں کی حفاظت کیلئے بھی نجی سیکوریٹی گارڈزکو جوابدہ بنایا جائے گا۔
مذکورہ سہولیات ملنڈ سے سہار، گھاٹ کوپر سے سائن اور پوائی سے ساکی ناکہ کے درمیان ۱۵؍ کلو میٹر کے راستے پر فراہم کی گئی ہیں۔ اتنے طویل راستے پر فراہم کی گئی سہولیات اور یہاں آنے والوں کی حفاظت کیلئے کتنے سیکوریٹی گارڈز درکار ہوں گے اس کا جائزہ لینے کے بعد تجویز تیار کی گئی ہے۔اس تجویز کو منظوری کیلئے بی ایم سی کمشنر اور دیگر سینئر افسران کے پاس بھیجا جائے گا اور دیگر ضروری کارروائی بھی مکمل کرنے کی ضرورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق یہاں تقریباً ۵۰؍ سیکوریٹی گارڈز تعینات کرنےاور ان کے گشت کرنے کیلئے انہیں الیکٹرک اسکوٹر فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیکوریٹی گارڈ وں کو ۲؍ شفٹ میں کام کی ذمہ داری دی جائے گی۔
اس سے قبل بھی یہاں سیکوریٹی انتظامات کا ٹھیکہ ایک نجی کمپنی کو دیا گیا تھا جس کی ایک سال کی مدت ختم ہوگئی ہے۔ اسی  وجہ سے اب نئے سرے سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور تقریباً پونے ۴؍ کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK