Inquilab Logo Happiest Places to Work

کنفرم ٹکٹ کا سنگین مسئلہ اور ہزاروں روپے کا پریمیم تتکال، عام مسافر پریشان

Updated: April 25, 2026, 11:04 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حالات یہ ہیں کہ آج گورکھپور، بنارس اور کولکاتا جانے والی کسی بھی ٹرین میں تھری ٹائر اے سی پریمیم تتکال ٹکٹ کی قیمت ۶؍ہزار سے ۷؍ ہزار روپے ہے۔ مسافروں کا سوال: کیا اسی طرح ریلوے سہولت فراہم کرارہا ہے۔

Despite the railways` claims, passengers from North India are not getting relief from the hassle of going home. Photo: INN
ریلوے کے دعوؤں کے باوجود شمالی ہند کے مسافروں کووطن جانے میں پریشانی سے راحت نہیں مل رہی ہے۔ تصویر: آئی این این

ایک طرف یوپی اور بہار وغیرہ کے مسافر کنفرم ٹکٹ کیلئے پریشان ہیں، کوشش کے باوجود انہیں ٹکٹ نہیں مل رہا ہے، تتکال کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے مگر اس میں بھی کامیابی نہیں مل رہی ہے تو دوسری جانب ریلوے پریمیم تتکال ٹکٹ کے نام پر ہزاروں روپے وصول کررہی ہے۔ سنیچر ۲۵؍ اپریل (آج) کوگورکھپور، بنارس اور کولکاتا وغیرہ جانے والی ٹرینوں میں پریمیم تتکال ٹکٹ کے ۶؍ ہزار سے ۷؍ ہزار روپے وصول کئے جارہے ہیں ۔ اس پر سوال کیا جارہا ہے کہ کیا یہی مسافروں کو فائدہ پہنچانے کا ریلوے کا انداز ہےیا اس طرح مسافروں کی جیب خالی کی جارہی ہے۔ 
روانہ ہونے والی چند ٹرینوں کی پریمیم تتکال کی پوزیشن 
ممبئی گورکھپور اودھ ایکسپریس میں تھری ٹائر اے سی پریمیم تتکال ٹکٹ کی قیمت ۶۱۶۵؍ روپے۔ ایل ٹی ٹی اعظم گڑھ سپرفاسٹ میں بھی ۶۳۸۰؍ روپے۔ پنویل گورکھپور ایکسپریس ۶۴۸۰؍روپے۔ ایل ٹی ٹی وارانسی ایکسپریس ۵۹۰۰؍روپے۔ بنارس سپرفاسٹ ایکسپریس ۵۹۵۰؍ روپے۔ سی ایس ایم ٹی گیتانجلی ایکسپریس ۶۴۶۰؍ روپے۔ گیانیشوری ایکسپریس جو شالیمار (مغربی بنگال جاتی ہے) ۶۸۹۰؍ روپے۔ یہ ان تمام ٹرینوں کے تھری ٹائراے سی کے پریمیم تتکال ٹکٹ کی قیمت ہے۔ 
مسافروں کی برہمی اورریلوے سے سوال 
نیاز علی خان نام کے ایک شخص نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ’’ ان کی بیٹی، نواسی اور نواسے لکھنؤ جانے والے ہیں، نواسی کا امتحان ہے مگر ٹکٹ نہیں مل رہا ہے۔ ایک ایجنٹ سے رابطہ قائم کیا تو اس نےپشپک ایکسپریس کا تھری ٹائر کا ایک ٹکٹ ۵؍ہزار ۲۰۰؍ روپے میں دینے کا وعدہ کیا ہے۔ مجبوراً اس سےکہا ہے کہ قیمت مت دیکھو، کسی صورت ٹکٹ نکالو کیونکہ نواسی کے امتحان کا مسئلہ ہے، انتظار کرنے کے باوجود اگرٹکٹ نہ ملا تو بڑا نقصان ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ’’ موسم گرما کی تعطیلات کا ریلوے انتظامیہ کو علم ہی نہیں ہر ٹرین اور ملک کے ہر حصے میں جانے والوں کی تفصیل موجود ہے، اس کے باوجودمحض جھوٹ بولاجاتا ہے اور مسافروں کی جیب خالی کی جاتی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر:گرین انرجی، آئی ٹی پارک اور زمینی اصلاحات کو منظوری

وارث علی شیخ  نامی شخص نے بتایا کہ ’’ ان کی بھتیجی کی شادی ہے، سب لوگوں کو شرکت کرنی ہے مگر ٹکٹ نہیں مل رہا ہے۔ بھائی کے بچے کسی صورت گئے، ان کا آر اے سی کنفرم ہوا تھا جس پر۳؍ سیٹ پر۶؍ لوگ کسی صورت اس شدید گرمی میں گئے ہیں۔‘‘ان کایہ بھی کہنا ہے کہ’’ ہرمسافر تھری ٹائر، ۲؍ ٹائریا فرسٹ کلاس کا ٹکٹ خریدنے کی حیثیت نہیں رکھتا ہے ورنہ وہ جتنا کماکر گھر لے جائے گا، وہ سب ٹکٹ خریدنے کیلئے ہی دینا پڑے گا۔ سوال یہ ہے کہ ریلوے کی جانب سےکیوں انتظام نہیں کیا جاتا کہ ہر مسافر کو آسانی سے ٹکٹ ملے۔ آخر یوپی اوربہار کے مسافر کب تک اسی طرح پریشان ہوتے رہیں گے۔ ‘‘ 
مسافروں کے پاس کوئی چارہ نہیں ہے
ایک ایجنٹ سے رابطہ قائم کرنے اور ٹرینوں کی پوزیشن سمجھنے پراس نے بتایا کہ’’ جن چند ٹرینوں کاآپ نے نام لیا ہے، ملک میں جانے والی بیشتر ٹرینوں کا یہی حال ہے۔ کسی میں ٹکٹ نہیں مل رہا ہے، مسافر پریشان ہیں، پریمیم تتکال ٹکٹ خریدنے کی ہر مسافر کی حیثیت نہیں ہے مگرمجبوری میں بہت سےمسافر خریدتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ پریمیم تتکال کی سیٹیں بھی بُک ہوجاتی ہیں ۔ ‘‘ 
ریلوے کا جواب اورجواز
ریلوے کے ایک سینئرافسر نے لمبے چوڑے دعوے کرتے ہوئے اعداد وشمار کاچکرویوہ بتانا شروع کیا کہ گرمی کی چھٹی میں اتنی اسپیشل ٹرینیں چلائی جارہی ہیں، وندے بھارت ٹرینیں فل ہیں اور دلالو ں سے مسافروں کو بچانے کیلئے اسپیشل ٹرینوں کا عین وقت پر اعلا ن کیا جاتا ہے، وغیرہ۔ مگر اس افسر کےپاس انقلاب کے اس سوال کا جواب نہیں تھا کہ پھر آخر یوپی، بہار اورمغربی بنگال جانے کےلئے ٹکٹ کی اس قدر مارا ماری کیوں ہے ؟ کیا ہر مسافر پریمیم تتکال ٹکٹ خریدنے کا متحمل ہے؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK