امراض جلد کے ماہرین نے دھوپ میں باہر نہ نکلنے، سوتی کپڑے پہننے، روزانہ غسل کرنے، ڈاکٹر سے صلاح لینے اور زیادہ سےزیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا۔
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 12:26 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
امراض جلد کے ماہرین نے دھوپ میں باہر نہ نکلنے، سوتی کپڑے پہننے، روزانہ غسل کرنے، ڈاکٹر سے صلاح لینے اور زیادہ سےزیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا۔
بڑھتےہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے جلد کی بیماریوں میں مبتلاہونےوالوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔ فنگل انفیکشن، الرجی اور جلدپر سوجن (ڈرماٹائٹیز) کی شکایتوں میں مبتلا افرادکی تعداد بڑھ رہی ہے۔ بالخصوص دھوپ میں کام کرنےوالے مزدور، سائیکل اور موٹرسائیکل سے سفر کرنےوالےافرادان بیماریوں میں مبتلا ہو رہےہیں۔ امراض جلد کے ماہرین نے دھوپ میں باہر نہ نکلنے، سوتی کپڑے پہننے، روزانہ غسل کرنے، ڈاکٹر سے صلاح لینے اور زیادہ سےزیادہ پانی پینے کا مشورہ دیاہے۔
شدید گرمی کے سبب مختلف جلد کی بیماریاں درجہ حرارت اور نمی کے مشترکہ اثر سے تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ فنگل انفیکشن، پسینہ آنا، الرجی، ریشز، آفتابی جلن (سن بر ن) جیسی شکایات کے ساتھ کلینک آنے والے مریضوں کی تعداد میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے۔ امراض جلد کے ماہر ڈاکٹروں نےعوام سے جلد کے امراض کو نظر انداز نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
اس تعلق سے ماہر امراضِ جلدڈاکٹر پرفل واگھاڈے کےمطابق ’’گرمیوں میں جلد کی بیماریاں عام ہیں، اگر اسے نظرانداز کیا جائے تو یہ سنگین صورت اختیار کرسکتی ہے۔ پسینے سے ہونے والا فنگل انفیکشن عام شکایت ہے، لیکن اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ انفیکشن پھیل کر دوسروں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
ڈاکٹر نذیر احمد شیخ کے بقول ‘‘ اکثر جلدی بیماریاں موسمی ہوتی ہیں اور بدلتے موسم کے ساتھ وہ ٹھیک بھی ہوجاتی ہیں۔ موسمی بیماریاں اکثر جسم کے کھلے حصوں مثلاً چہرہ، ہاتھوں اورپیروں کے پنجوں اور سر پر ہوتی ہیں۔ یہ بیماریاں موسم کے ساتھ ختم ہوجاتی ہیں لیکن موسم کی تبدیلی کے باوجود اگر یہ بیماریاں دور نہیں ہوتی ہیں تو ایسی صور ت میں فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کرناچاہئے۔ گرمی اور سورج کی تپش سے ہونےوالی جلدی بیماریوں کو ہم ڈرماٹائٹیز سےمنسوب کرتےہیں۔ اگر موسم کی تبدیلی کے ساتھ یہ بیماریاں ٹھیک نہیں ہوتی ہیں تو احتیاط، علاج اورطبی جانچ کرواناضروری ہے۔ ‘‘
جلد کی بیماریوں کی اہم علامات:جلد کی خارش، فنگل انفیکشن، جلن کا احساس اورالرجی کی وجہ سے جلد کی سوجن یا خارش۔
احتیاطی تدابیر : ڈاکٹروں اور ماہر امراض جلد کے مشورے کے مطابق عوام کو گرمیوں میں جلد کی بیماریوں سےمحفوظ رہنےکیلئے ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرناچاہئے۔ دھوپ میں جانے سے گریز کریں، اگر ممکن ہو تو دوپہر ۱۲؍ سے ۳؍بجے کے درمیان باہر نہ نکلیں۔ سوتی اور ڈھیلے کپڑے استعمال کریں، جسم کو سانس لینے کیلئے ہلکے، سفید کپڑے کا استعمال مفید ہے۔ روزانہ غسل کریں، حفظان صحت کا سختی سے خیال رکھیں اور جسم کو مکمل طور پر خشک کریں۔ متاثرہ جلد پر خود کوئی دوا یا کریم استعمال کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ بچوں کی خصوصی دیکھ بھال پر توجہ دیں۔ اگر انہیں کھیلتے ہوئے پسینہ آتا ہے تو فوراً ان کے کپڑے تبدیل کریں اور انہیں دھوپ سے بچائیں۔ وافر مقدار میں پانی پئیں، غذا میں پھل شامل کریں تاکہ جلد اندر سے صحت مند رہےاور سن اسکرین کا استعمال کریں۔