Inquilab Logo

آج شب برأت،شہرومضافات کے قبرستانوں میں سخت حفاظتی بندوبست

Updated: February 25, 2024, 8:53 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

قبرستانوں میں صاف صفائی اور پانی وغیرہ کا خاص انتظام۔ٹرسٹیان کی جانب سے رضاکاروں کی تعیناتی ۔کئی اہم امور پرتوجہ دلائی گئی

مالونی پولیس اسٹیشن کے سینئر افسران نے  چارکوپ قبرستان کا دورہ کیا۔
مالونی پولیس اسٹیشن کے سینئر افسران نے چارکوپ قبرستان کا دورہ کیا۔

 آج شب ِ برأت کے پیش نظرشہر اور مضافات کےتمام قبرستانوں میںمرحومین کے ایصال ثوا ب کے لئے قبرستان آنےوالوں کی کثرت کے پیش نظر تمام انتظامات کئے جارہے ہیں۔انتظامات کے تعلق سے تقریباً تمام ہی قبرستانوں کے ٹرسٹیان کےہمراہ پولیس کی جانب سے میٹنگیںکی گئیں اور حفاظتی انتظامات ، کس طرح سے پختہ تر کئے جاسکتے ہیں ، کن کن چیزوں پر خاص توجہ دی جائے، تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ 
 دوسری جانب قبرستانوں میں صاف صفائی ، پانی کی فراہمی ،دھنسی ہوئی قبروں پرمٹی ڈالنے اور اس طرح کے دیگر انتظامات پربھی خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ اپنے مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی غرض سے آنے والوں کو کوئی دقت نہ ہو ۔
رضا کاروں کی تعیناتی اورنگرانی 
 شبِ برأت میں ٹرسٹیان کی جانب سے رضاکار تعینات کئے جارہے ہیں جو اندرونی حصہ میںنگرانی رکھیںگے جبکہ پولیس کے جوان اورسینئر افسران باہر سے حفاظتی انتظامات پر مامور ہونگے ۔ شبِ برأت میں قبرستانوں کے گیٹ کے قریب پارکنگ نہ کی جائے، بھکاریوں کو دور بیٹھنے کو کہا جائے ، آنے والے اپنے ساتھ سامان وغیرہ نہ لے کرآئیں ، کسی لاوارث شے کی اطلاع ملنے پر  اسے ہاتھ نہ لگاتے ہوئے پولیس کومطلع کیاجائے ، قبرستان کے گیٹ پربھیڑبھاڑ نہ کریں ،اسی طرح اگرکوئی مشتبہ شخص نظرآجائےتو اس کی اطلاع بھی فوراً پولیس کو دی جائے تاکہ پولیس اپنے طور پر اس کے تعلق سے معلومات حاصل کرسکے اور ضرورت محسوس ہونے پرپوچھ تاچھ کرسکے۔
پولیس اورذمہ داران کی میٹنگیں
 نوپاڑ ہ قبرستان میںمقامی ذمہ داران اور ٹرسٹیان نے انتظامات کا جائزہ لیا اورآپس میں گفت وشنید کی کہ کس طرح سے نگرانی کی جائے اور اس کےلئے کیا نظم کیا جائے۔اسی طرح مالونی ، دیونار اوررفیع نگر قبرستان (گوونڈی)میںپولیس کی جانب سے ٹرسٹیان کی میٹنگ بلائی گئی ۔نئے ڈی سی پی بھوئیٹے اورسینئر انسپکٹر چیماجی اڑھاؤ نے خود اویس قرنی قبرستان (چارکوپ)جاکر انتظامات کا جائزہ لیا اوربات چیت کی۔ اس موقع پر مالونی  جامع مسجد کے صدر بھی موجود تھے۔
نوجوان ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے بچیں
  مرین لائنس (بڑا قبرستان) اور ناریل واڑی قبرستان(مجگاؤں)میں انتظامات کے تعلق سے بائیک سواروں کو بغیر لائسنس ، بغیر ہیلمٹ اور  ایک بائیک پر ۳؍ لوگوں کے سوار ہونے سے باز رہنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔بڑا قبرستان میں رضاکاروں کی تعیناتی کیساتھ سی سی ٹی وی کیمرے  بھی نصب کئے جارہے ہیں جبکہ مہارشی کروے روڈ گیٹ نمبر ۱۰؍ اورشمشان بھومی کے قریب قبرستان کی فٹ پاتھ والے حصے کو پارکنگ کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔خاص بات یہ ہے کہ زائرین کی کثرت سے آمدورفت کے پیش نظر پالیکر مارگ ’سی ‘وارڈ میونسپل آفس سے تاڑواڑی تک کے علاقہ کونو پارکنگ زون قراردیا گیاہے۔ 
شبِ برأت میں ۲؍ اسپیشل لوکل ٹرینیں
 حاجی علی درگاہ انتظامیہ کی جانب سے شب ِ برأت میں زائرین کی سہولت کیلئے ۲؍خصوصی لوکل ٹرینیںچلانے کی درخواست منظور کرلی گئی۔آج  ۲۵؍ اور ۲۶؍ فروری کی درمیانی شب میںویرار سے  چرچ گیٹ کیلئے ایک بجکر ۴۲؍منٹ پر روانہ ہونے والی خصوصی ٹرین ۳؍ بجکر ۲۲؍منٹ پر چرچ گیٹ پہنچے گی ۔ اسی طرح چرچ گیٹ سے ویرار کےلئے اسپیشل ٹرین ۲؍بجکر ۳۵؍ منٹ پر روانہ ہوگی اور ۴؍ بجکر ۱۵؍منٹ پرویرار پہنچے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK